بنگلہ دیش : آل راؤنڈر شکیب الحسن کی ٹی20 میں بطور کپتان واپسی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
بنگلہ دیش : آل راؤنڈر شکیب الحسن کی ٹی20 میں بطور کپتان واپسی
بنگلہ دیش : آل راؤنڈر شکیب الحسن کی ٹی20 میں بطور کپتان واپسی

 

 

ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو بنگلہ دیش کی ٹی 20 ٹیم میں کپتان کے طور پر نامزد کیا گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شکیب الحسن کی نامزدگی سنیچر کو ان کے آن لائن جوئے کی ایک سائٹ سے معائدہ ختم کرنے کے بعد ممکن ہوئی۔

شکیب الحسن کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ اور آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی قیادت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کرکٹ آپریشنز کے سربراہ جلال یونس نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا ’شکیب کو اپنی غلطی کا احساس ہوا ہے۔

وہ ہمارے لیے بہت اہم کھلاڑی ہیں۔‘ واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں شکیب الحسن نے بیٹ وِنر نیوز کے ساتھ شراکت کا اعلان کیا تھا جو کہ کوراکاؤ میں واقع ایک جوئے کی فرم کے ذریعے چلایا جانے والا پورٹل ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر لکھا تھا کہ یہ کھیلوں کی خبروں کا واحد ذریعہ ہے۔ بنگلہ دیش میں جوا کھیلنا غیر قانونی ہے اور بی سی بی کے صدر نظم الحسن کی جانب سے انہیں قومی ٹیم اور بیٹ وِنر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا جس کے بعد وہ معاہدہ منسوخ کرنے پر مجبور ہوئے۔

شکیب الحسن کی کپتانی میں ہونے والے 21 ٹی 20 میچوں میں سے سات میں بنگلہ دیش کو فتح جبکہ 14 میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ بعدازاں ان پر دو برس کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ شکیب الحسن کی جولائی میں ٹیسٹ کپتان کے طور پر واپسی ہوئی تھی۔ انہیں وکٹ کیپر بیٹر نور الحسن کی جگہ بنگلہ دیش کا ٹی20 کپتان مقرر کیا گیا ہے