ممبئی: ایشیئن کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ سری لنکا کی میزبانی میں امارات کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں 28 اگست کو آمنے سامنے ہوں گی۔ ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرچکی ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات، کویت، ہانگ کانگ اور سنگاپور کی ٹیمیں 20 اگست سے کوالیفائنگ روڈ کھیلیں گی جس میں سے ایک ٹیم ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ گروپ اے میں شامل ہوگی۔ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں سپر فور مرحلے تک رسائی کی صورت میں 4 ستمبر کو ایک بار پھر دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں روایتی حریفوں کے ایشیا کپ کے فائنل میں بھی مقابلے کے امکانات ہیں۔
ایشیا کپ ٹی20 کا آغاز 27 اگست کو دبئی میں میزبان سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہوگا۔ 28 اگست کو دبئی میں ہی پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیمیں زور آزمائی کریں گے۔ 30 اگست کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں میچ کھیلا جائے گا جبکہ 31 اگست کو انڈیا اور کوالیفائنگ راؤنڈ سے مین راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
یکم ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی جبکہ پاکستان اپنا دوسرا میچ دو ستمبر کو شارجہ کے میدان میں کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیاب ہونے والی ٹیم کے ساتھ کھیلے گا۔
دونوں گروپس میں سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ 3 ستمبر سے 9 ستمبر تک ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے مقابلے ہوں گے۔ سپر فور مرحلے کے 5 میچز دبئی جبکہ ایک میچ شارجہ میں شیڈول کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ کا فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔
تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایشیا کپ میں ہندوستان سب سے زیاد مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ انڈیا 7، سری لنکا 5 جبکہ پاکستان 2 مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔