افغانستان 2023 ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2022
افغانستان  2023  ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی
افغانستان 2023 ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی

 

 

کابل: افغانستان نے 2023 میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرلیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغانستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ بارش کے منسوخ ہونے کے بعد افغانستان نے 2023 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ سری لنکا اور افغانستان کے مابین اتوار کے روز پالیکلے میں کھیلا جانے والا ون ڈے میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ون ڈے سپر لیگ کے پانچ اہم پوائنٹ ملے جس کے بعد افغانستان ون ڈے سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر آگیا

انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا بطور میزبان پہلے سے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔ انڈیا کے علاوہ مزید سات ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں جن میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان شامل ہیں۔

سپر لیگ کے ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر آنے کے لیے ویسٹ انڈیز، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلہ ہے۔ ان چار ٹیموں میں سے جو ٹیم 31 مئی 2023 تک آٹھویں نمبر آئے گی، وہ ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرجائے گی جبکہ بقیہ رہ جانے والی ٹیمیں آئی سی سی کی پانچ ایسوسی ایٹ ٹیموں کے ساتھ کوالیفائینگ مرحلہ کھیلیں گی۔

دوسری جانب سری لنکا اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز میں افغانستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ بدھ کے روز کھیلا جائے جو کہ سری لنکا کی ورلڈ کپ میں رسائی کے لیے بہت اہم ہے۔ خیال رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں انڈیا میں کھیلا جائے گا۔