ابوظہبی: اسٹیڈیم کے پچ کیوریٹر کی پراسرار موت، تحقیقات جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-11-2021
ابوظہبی: اسٹیڈیم کے پچ کیوریٹر کی پراسرار موت، تحقیقات جاری
ابوظہبی: اسٹیڈیم کے پچ کیوریٹر کی پراسرار موت، تحقیقات جاری

 

 

 ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران اتوار (سات نومبر) کو ابو ظہبی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم کے پچ کیوریٹر موہن سنگھ کی موت کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان اتوار کو اہم میچ سے کچھ گھنٹوں قبل ہی موہن سنگھ پراسرار طور پر اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور ابو ظہبی پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

انٹرنشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک بیان میں موہن سنگھ کی موت پر دکھ کا اظہار کیا، جبکہ ابو ظہبی کرکٹ نے بھی ان کی خدمات کو سراہتے ہوتے کہا کہ آنے والے دنوں میں ان کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ موہن سنگھ 15 سال سے ابو ظہبی کرکٹ سے منسلک تھے۔ کرکٹ تجزیہ کار سید حیدر کے مطابق موہن سنگھ کا تعلق بھارتی پنجاب کے شہر موہالی سے تھا اور وہ بھارت کے مشہور کیوریٹر دلجیت سنگھ کے اسسٹنٹ تھے۔

وہ 2004 میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوئے جہاں وہ ای سی بی سے منسلک تھے اور مختلف گراؤنڈز کی پچ بنانے کا کام کرتے رہے۔ ابوظہبی میں جب انٹرنیشنل سٹیڈیم تعمیر ہوا تو وہ اس سے منسلک ہوگئے۔ انہوں نے موجودہ ورلڈ کپ میں ابوظہبی میں ہونے والے تمام میچوں کی پچ بنائی تھی جبکہ اتوار کو ہونے والے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے لیے پچ کی تیاری بھی انہوں نے ہی کی تھی۔

خیال کیا جارہا ہے کہ ان کی موت جس انداز سے ہوئی ہے، اس میں خودکشی کا شک ہے، تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ ورلڈکپ میں کسی کرکٹ آفیشل کی یہ دوسری موت ہے۔ اس سے قبل 2007 ورلڈ کپ میں پاکستان کی آئرلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد پاکستان کے کوچ باب وولمر کی پراسرار موت ہوئی تھی، جس کا راز آج تک نہیں کھل سکا۔