دھرتی کے باسیوں کی مکتی پریت میں ہے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-07-2022
دھرتی کے باسیوں کی مکتی پریت میں ہے
دھرتی کے باسیوں کی مکتی پریت میں ہے

 

 


awazthevoice

پروفیسر اخترالواسع،نئی دہلی

آج نفرت و عناد بھرے ماحول میں بھی وہ لوگ ہیں جو ہندوستان کی آبرو ہیں۔ قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کا جیتا جاگتا، چلتا پھرتا قابل رشک نمونہ ہیں۔ آئیے!آج ان لوگوں کو یاد کریں، خراجِ تحسین پیش کریں اور اپنے آپ سے وعدہ کریں کہ ہم ان ہی کے راستے پر چلیں گے۔

آئیے بات دور سے کیوں شروع کریں۔ابھی 13جولائی کو بریلی کے شکار پور چودھری نامی قصبے کے لوگوں نے خاص طور پر اسلام اور رشید خاں نامی دو مسلمانوں نے فرقے وارانہ ہم آہنگی کی ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے کانوڑیوں کی یاترا آسانی سے نکل سکے اور شِو بھگتوں کو کوئی پریشانی نہ ہو، اس کے لیے دونوں مسلمانوں نے اپنے کھیت کا کچھ حصہ عطا کرتے ہوئے کہا ’’کہ اس پر پکی سڑک بنا دو۔ اس پر کانوڑیوں کو بھی پریشانی نہیں ہوگی اور دوسرے دنوں میں بھی گاؤں والوں کو آمد و رفت کے لیے راستہ مل جائے گا۔‘‘ جب گاؤں کے کچھ لوگوں نے زمین کے بدلے پیسے دینے کی پیشکش کی تو اسلام اور رشید خاں مسکرائے اور کہا ’’یہ پیسے لے کر کہاں جائیں گے۔

اس گاؤں میں تو سب کچھ ہے۔ ایک دوسرے کی خوشیاں بڑھتی رہیں یہ ہمارے لیے سب سے بڑی دولت ہے۔‘‘ تقریباً ڈھائی ہزار کی آبادی والا یہ قصبہ مسلمانوں کی اکثریت والا ہے اور مسلمانوں نے یہ سب کچھ ہنسی خوشی بغیر کسی بوجھ اور دباؤ کے ممکن کرکے دکھایا۔ لیکن افسوس یہ ہے کہ ہمارے نام نہاد قومی میڈیا نے اس کو وہ جگہ نہ دی جو اس کی ان کے یہاں ہونی چاہیے تھی۔

 اسی طرح مہاراشٹرا کے اورنگ آباد میں چھوٹا پنڈھر پور نامی ایک قصبہ ہے جس میں ہمیشہ سے ہندو مسلمان اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہتے چلے آئے ہیں۔ جس قصبے میں کبھی بھی کوئی الحمد للہ فرقے وارانہ کشیدگی نہیں ہوئی، پنڈھر پور میں وٹّھل رکمنی کے نام سے ایک قدیم مندر بھی ہے جس میں اشاڑی اکادشی کے موقعے پر پورے مراٹھواڑے سے لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند آتے ہیں، گاؤں میں میلا لگتا ہے، غالباً یہ پہلا موقعہ تھا جب اس قصبے میں اکادشی اور عیدالاضحی ایک ہی دن منائے جانے تھے لیکن اشاڑھی اکادشی کی وجہ سے اپنے غیرمسلم بھائیوں کے جذبات اور احساسات کا احترام کرتے ہوئے یہاں کے مسلمانوں نے یہ فیصلہ کیا کہ کیوں کہ عیدالاضحی کی قربانی اگلے دو دن بھی ہو سکتی ہے اس لئے آج صرف نماز دوگانہ ادا کر لی جائے اور قربانی کو اگلے دن کے لیے مؤخر کر دیا جائے۔

اس فیصلے پر وہاں کے ہندو سماج کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قدم قرار دیا۔ مقامی ہندوؤں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی کی 10تاریخ کو قربانی سے اجتناب کرکے مسلمانوں نے جو فیصلہ کیا ہے اور آپسی بھائی چارے اور باہمی احترام کی جو مثال پیش کی ہے اس کی ستائش ہونی چاہیے کیوں کہ ملک کو آپسی اتحاد کی آج جتنی ضرورت ہے اس کے لیے یہ قدم انتہائی خوش آئند ہے۔ چھوٹا پنڈھر پور کے مسلمانوں نے ملک بھر کو یہی پیغام دیا ہے۔

  اسی طرح اتراکھنڈ کے کاشی پور کی دو ہندو بہنوں انیتا اور سروج نے اپنے باپ لالہ برج نندن رستوگی کے انتقال کے بیس برس بعد جب یہ جانا کہ ان کے والد اپنے مسلمان بھائیوں کو کچھ زمین عیدگاہ کی توسیع کے لیے دینا چاہتے تھے تو انہوں نے اپنے بھائی راکیش سے باہمی مشورے کے بعد ان کی خواہش کی تعمیل کرتے ہوئے تقریباً ایک کروڑ روپئے سے بھی زائد کی زمین مقامی مسلمانوں کے حوالے عیدگاہ کی توسیع کے لیے کر دی۔

کاشی پور کے مسلمانوں نے اس مخیرانہ عطیے کے بعد کہا کہ ’’رستوگی جی بڑے دل کے آدمی تھے اور وہ جب تک زندہ رہے مسلمانوں کے ہر مذہبی تہوار کے موقعے پر خطیر عطیات دیتے رہے۔‘‘ یہ بھی کم اہم بات نہیں کہ یہ عیدگاہ سِکھوں کے ایک گرودوارے اور ہندوؤں کے ایک مندر کے بیچ واقع ہے اور کوئی تنازعہ نہیں۔ کاش! بنگلور کی عیدگاہ پر تنازعہ کھڑے کرنے والے لالہ برج نندن رستوگی، ان کی بیٹیاں انیتا، سروج اور ان کے بیٹے راکیش سے کچھ سبق حاصل کر سکتے۔ پورے کاشی پور کا اتراکھنڈ کے سارے علاقے میں دونوں بہنوں کے اس کارِ خیر کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

  اسی طرح بہار کے مشرقی چمپارن میں اشتیاق احمد خاں نامی ایک مسلمان نے اپنی تیس ایکڑ قابلِ کاشت آراضی میں سے تقریباً ڈھائی کروڑ روپئے کی مالیت والی زمین کو کیسریا نامی قصبے میں واقع وراٹ رامائن مندر کے لیے دے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہیں پتا چلا کہ دنیا کے سب سے بڑے رامائن مندر کی تعمیر کے لیے پانچ سو کروڑ روپئے کا پروجیکٹ ہے لیکن زمین کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ مہاویر ٹرسٹ والے پوری طرح زمین نہیں خرید پا رہے ہیں اس لیے میں نے اپنی زمین کا عطیہ دینے کا فیصلہ کیا۔

یہاں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ اشتیاق احمد خاں کے رشتے دار پہلے بھی ساٹھ ایکڑ زمین بہت سستے داموں میں دے چکے تھے اور ٹرسٹ کے پاس 103ایکڑ زمین ہو گئی تھی اور تقریباً بیس ایکڑ زمین کی ضرورت باقی تھی۔ مہاویر مندر ٹرسٹ کے سکریٹری اور سابق آئی پی ایس آفیسر کشور کنال نے اظہار ممنونیت کرتے ہوئے کہا کہ جب زمین کی قیمت چار لاکھ کٹّھا ہے اس وقت اشتیاق احمد خاں کے ذریعے زمین کو دان کر دینا بڑی بات ہے

۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ مقامی مسلمانوں نے اپنی زمینیں پچیس ہزار سے ساٹھہزار کٹّھا کے حساب سے ٹرسٹ کے حوالے کر دی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ مندر ایودھیا سے جنک پور رام جانکی پتھ پر واقع ہوگا اور جو بھی رام بھگت اور سیتا کے عقیدت مند یہاں سے گزریں گے اس وراٹ رامائن مندر میں پوجا کے لیے آئیں گے، اشتیاق احمد خاں اور دوسرے مقامی مسلمانوں کے جذبۂ ایثار اور مذہبی رواداری کو یاد رکھیں گے۔

 اگر دیکھا جائے تو یہ ہندوستان میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ہندوستان کا ضمیر اور خمیر اسی میل ملاپ سے تیار ہوا ہے۔ ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ ہندوستانی فلموں کا سب سے محبوب اور مقبول ترین بھجن بیجو باورا کا ’من تڑپت ہری درشن کو آج‘ کو لکھا شکیل بدایونی نے تھا، اس کو موسیقی سے سجایا نوشاد علی نے تھا اور اس کو اپنی آواز سے امر کر دیا محمد رفیع نے۔ اسی طرح مغلِ اعظم میں ’بے کس پہ کرم کیجئے سرکارِ مدینہ‘ لتا (تائی) منگیشکر نے گایا تھا۔

  پتا نہیں آج کس کی نظر ہماری رواداری، وضع داری، فرقے وارانہ اور مذہبی ہم آہنگی کو لگ گئی ہے کہ ہم اسی شاخ کو کاٹنے پر تُلے ہوئے ہیں جس پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ہم بھول جاتے ہیں کہ بقول علامہ اقبالؔ:

شکتی بھی شانتی بھی بھگتوں کے گیت میں ہے

دھرتی کے باسیوں کی مکتی پریت میں ہے

)مضمون نگار جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر ایمریٹس (اسلامک اسٹڈیز) ہیں۔(