پدم شری ہریکلاحجبا:سنترے بیچ کرغریب بچوں کو تعلیم دلانے والا نیک دل انسان

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 31-01-2023
پدم شری ہریکلاحجبا:سنترے بیچ کرغریب بچوں کو تعلیم دلانے والا نیک دل انسان
پدم شری ہریکلاحجبا:سنترے بیچ کرغریب بچوں کو تعلیم دلانے والا نیک دل انسان

 

 

نئی دہلی

محنت سے مل گیا جو سفینے کے بیچ تھا

دریائے عطر میرے پسینے کے بیچ تھا  

یہ شعر پدم شری ہریکلا حجبا پر پوری طرح صادق آتا ہے جنہوں نے اپنی محنت کے پسینے کو عطر میں تبدیل کیا ہے۔ یہ وہ عطر نہیں جس کی خوشبو دھلائی سے چلی جائے بلکہ اس کی خوشبو صدیوں تک مہکے گی اور انسانی نسلوں کے مستقبل کو مہکاتی رہے گی۔ ہریکلا حجبا کا نام عجیب لگ سکتا ہے مگر ان کا کارنامہ مزید حیران کردینے والا ہے۔ انہوں نے بے سروسامانی کے عالم میں وہ کارنامہ انجام دیا جس کی توفیق بڑے بڑوں کو نہیں ہوتی اور ان کے کام کا احترام کرتے ہوئے حکومت نے انہیں پدم شری کے اعزاز سے نوازا ہے۔ وہ ایک ان پڑھ انسان ہیں۔ لکھنا، پڑھنا نہیں جانتے۔ مقامی زبان کے علاوہ کسی دوسری بھاشا سے بھی واقف نہیں۔ ایک جھونپڑی میں رہتے ہیں اور سنترے بیچ کر گزارا کرتے ہیں مگر انہوں نے اپنے گائوں کے بچوں کے لئے ایک اسکول کھول دیا۔ ہریکلا حجبا کے اسکول میں پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے 175 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

وہ سال 1977 سے منگلور کے ایک بس اڈے پر سنترے اور کینو فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے خود کبھی تعلیم حاصل نہیں کی، نہ ہی وہ کبھی سکول گئے ہیں۔ سال 1978 میں جب ان سے ایک غیرملکی نے کینوؤں کی قیمت پوچھی تو ان کے ذہن میں اپنے گاؤں میں تعلیم عام کرنے کا خیال آیا۔ انہوں نے کہا کہ ’کیونکہ میں اس غیرملکی سے بات نہیں کر پا رہا تھا، مجھے برا لگا اور میں نے فیصلہ کیا کہ گاؤں میں ایک اسکول بناؤں گا۔‘ تاہم ان کا اسکول قائم کرنے کا خواب دو دہائیوں بعد پورا ہوا۔اس کے لئے انہوں نے مقامی ایم ایل اے کے گھر سے لے کر سرکاری دفتروں تک کے خوب چکر کاٹے مگر محنت اور لگن نے رنگ دکھایا اور ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

awaz

انہوں نے سابق ایم ایل اے مرحوم یو ٹی فرید سے رجوع کیا، جنہوں نے سال 2000 میں اسکول کی تعمیر کی اجازت دلوائی۔ ابتدا میں اس اسکول میں 28 بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے لیکن اب یہاں 10ویں جماعت تک کُل 175 بچے پڑھ رہے ہیں۔ ان کی خدمات کے نتیجے میں انہیں ’اکشر سانتا‘ کا لقب دیا گیا ہے۔ ہریکلا حجبا کو گذشتہ برسوں میں کئی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے اور ساتھ ہی انعامی رقم بھی دی گئی ہے۔ وہ اس رقم سے اپنے گاؤں میں مزید اسکول تعمیر کرنا چاہتے ہیں جب ان سے ان کے مقاصد کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ’میرا اگلا ہدف ہے کہ اپنے گاؤں میں مزید اسکول اور کالج بناؤں۔ کئی لوگوں نے مجھے پیسے دیے ہیں اور میں نے انعامی رقم بھی جمع کی ہے تاکہ اسکول اور کالج بنانے کے لیے زمین خرید سکوں۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’میں نے وزیراعظم نریندر مودی سے اپنے گاؤں میں (11ویں اور 12ویں جماعت کے لیے) ایک کالج قائم کرنے کی درخواست کی ہے۔‘  

۔ 8 نومبر 2021 کو راشٹرپتی بھون کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ مہمانوں میں پدم ایوارڈس پانے والے تو تھے مگر دوسری معزز شخصیات بھی تھیں۔ ان میں وزیراعظم ہند اور دوسرے وزار بھی شامل تھے۔ جیسے ہی حجبا کا نام پکارا گیا، ہال تالیوں کی آواز سے گونج اٹھا۔ ننگے پاؤں، مدراسی دھوتی اور شرٹ میں ملبوس، پدم شری ایوارڈ لینے اس وقت کے صدر کی طرف وہ بڑھے تو تالیاں بجانے والوں میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ بھی شامل تھے۔ سنترے بیچنے والا، جو کبھی اسکول نہیں گیا،آج تاریخ رقم کرنے والوں میں شامل تھا۔ اس کے لیے اتنا بڑا ایوارڈ… وہ کہتے ہیں کہ مجھے پدم شری ایوارڈ کا مطلب بھی نہیں معلوم تھا۔ بس اتنا معلوم تھا کہ کوئی بڑا ایوارڈ ہے۔ میں بار بار ہاتھ جوڑ کر صدر کی طرف دیکھ رہا تھا اور صدر مجھے کیمرے کی طرف دیکھنے کو کہہ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہر اخبار میں میری خبر شائع ہوئی، میری تصویر شائع ہوئی۔ بڑے لوگ ملنے آنے لگے۔ بڑے بڑے پلیٹ فارمز پر بلانے لگے، عزت افزائی کرنے لگے۔

ہریکلا حجبا کرناٹک کے منگلور شہر میں سنترے بیچنے والے ایک بزرگ ہیں۔ ان کی عمرقریب 66 سال ہے۔ اپنے گاؤں میں اسکول نہ ہونے کی وجہ سے حجبا تعلیم حاصل نہیں کر سکے لیکن تعلیم کے تئیں ان کی لگن ایسی تھی کہ اب وہ پڑھے لکھے لوگوں کے لیے بھی ایک مثال بن کر ابھرے ہیں۔

ہریکلا حجبا منگلور سے تقریباً 20 کلومیٹر دور ہریکلا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ ان کے والدین مزدوری کرتے تھے۔ معاشی حالت بہت خراب تھی۔ دو وقت کی روٹی ملنا بہت مشکل تھی۔ جس کی وجہ سے وہ اسکول نہیں جا سکے۔ بچپن سے ہی انہوں نے کام کرنا شروع کر دیا تھا تاکہ کچھ پیسے کما سکیں۔ ہریکلا حجبا کو ایک جگہ بیڑیوں کو رول کرنے کا کام ملا۔ وہ دن بھر محنت کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بیڑیوں کو رول کرتے تھے تاکہ زیادہ سے زیادہ پیسے مل سکیں۔

چند سال کام کرنے کے بعد انہوں نے یہ کام چھوڑ دیا، کیونکہ اس سے گھر کے اخراجات پورے نہیں ہو سکتے تھے۔ اب انہیں نئی نوکری کرنی تھی لیکن وہ پڑھے لکھے نہیں تھے اور مقامی زبان کے علاوہ کوئی دوسری زبان نہیں بول سکتے تھے۔ یہ 1978 کی بات ہے۔ انہیں معلوم ہوا کہ منگلور کے پرانے بس اسٹینڈ پر بہت سے انگریز سیاح آتے ہیں۔ ان میں سے اکثر سنترے خریدتے ہیں۔ اگر وہ وہاں سنترے بھی بیچیں تو اچھی کمائی کر سکتے ہیں۔

اس کے بعد وہ منگلور بس اسٹینڈ گئے۔ دیر تک وہاں کھڑے، ادھر ادھر گھومتے رہے اور دیکھتے رہے کہ یہاں سنگترے کیسے بک رہے ہیں۔ اس کی ڈیمانڈ کیا ہے؟ اس میں لاگت اور بچت کتنی ہے؟ ایک ہفتہ مسلسل وہاں جانے کے بعد انہیں سمجھ آیا کہ یہ کا کاروبار کیسے ہو سکتا ہے اور اس میں کتنا منافع ہے؟ اسکول کھولنے کی تحریک کیسے ملی؟اس سوال کے جواب میں وہ کئی باتیں بتاتے ہیں۔

awaz

ہریکلا حجبا کے مطابق یہ 1994 کی بات ہے۔ بس اسٹینڈ پر ایک انگریز جوڑے سے ملاقات ہوئی۔ وہ میرے پاس آئے اور کچھ پوچھنے لگے۔ مجھے ان کی زبان سمجھ نہیں آرہی تھی۔شاید وہ سنترے مانگ رہے تھے، لیکن میں سمجھ نہیں پا رہا تھا۔ کافی دیر تک وہ مجھے سمجھانے کی کوشش کرتے رہے۔ پھر وہ ناراض ہو گئے۔ گھبرا کر کچھ کہتے ہوئے دوسرے دکاندار کے پاس چلے گئے۔ اس واقعے نے مجھے بہت تکلیف دی۔ میں پڑھا لکھا نہیں تھا اس لیے انگریز میری توہین کر کے چلے گئے۔ گھر لوٹا تو بہت پریشان تھا۔

کئی دنوں سے میرا دماغ الجھ رہا تھا۔ میں سوچتا رہا کہ کیا کروں کہ کل کو کوئی کسی دوسرے غریب کا مذاق نہ اڑائے۔ گاؤں میں کوئی اسکول نہیں تھا۔ زیادہ تر بچے اسکول کی تعلیم حاصل نہیں کر سکےتھے۔ میں نے فیصلہ کر لیا کہ اگرچہ میں پڑھ نہیں سکا، مگر گاؤں کے بچے اب ناخواندہ نہیں رہیں گے، لیکن مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ یہ سب کیسے کروں، کوئی مجھے بتانے والا بھی نہیں تھا۔

دوسرے دن حسب معمول بس اسٹینڈ چلا گیا۔ پہلے سنترے بیچے اور پھر کچھ پیسے بچا کر ٹائپسٹ کے پاس گیا۔ اسے اپنی بات بتائی۔ اس نے میرے مطالبے کے حوالے سے درخواست لکھی۔ اس کے بعد میں درخواست لے کر ایم ایل اے کے پاس گیا۔ ایم ایل اے میرے ہاتھ میں خط دیکھ کر حیران رہ گئے۔ میں نے ان سے درخواست کی اور گھر واپس آ گیا۔ میرا دل خوش تھا کہ ایم ایل اے صاحب گاؤں میں اسکول کھولیں گے، اب میں نے درخواست بھی دے دی ہے۔ کچھ دنوں کے بعد میں دوبارہ ایم ایل اے کے پاس گیا۔

اس دن بھی انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی درخواست پر غور کر رہے ہیں۔ اس کے بعد میں باقاعدگی سے ان کے پاس جانے لگا۔ کبھی ہم ان سے ملتے، کبھی نہیں۔ اس کے بعد کسی نے کہا کہ آپ بلاک ایجوکیشن آفیسر کے پاس جائیں۔ میں نے ان کے دفتر کا حال دریافت کیا اور وقت نکال کر سنترے بیچ کر ان کے دفتر پہنچ گیا۔ میں نے انہیں اسکول کا مطالبہ کرنے والا خط دیا۔

ایجوکیشن آفیسر نے میرا خط پڑھا اور صرف اتنا کہا کہ میں دیکھوں گا کہ کیا ہو سکتا ہے۔ کچھ دنوں کے بعد میں سمجھ گیا کہ یہ لوگ مجھے اس دفتر سے اس دفتر تک چکر لگوا رہے ہیں۔ اس میں بہت پیسہ اور وقت خرچ ہوتا تھا۔ میں نے وقت بچانے کے لیے گاؤں جانا چھوڑ دیا۔ سنترے بیچنے کے بعد بس اسٹینڈ پر ہی سوتا تھا۔ سارا دن کھانا نہیں کھاتا۔ بس رات کو کھانا کھاتا تھا، تاکہ کچھ پیسے بچ جائیں۔ بارش ہو یا سردی ہر موسم میں سرکاری دفتر کے باہر درخواستیں لے کر کھڑا رہتا تھا۔ کبھی افسران مجھ سے ملتے تھے اور کبھی مجھے بھگا دیتے تھے۔ روز آنے کی وجہ سے محکمہ تعلیم کے اکثر لوگوں نے بھی مجھے پہچان لیاتھا۔

awaz

بہت سے لوگ میری تعریف کرتے تھے اور بہت سے لوگ مجھے پاگل سمجھتے تھے۔ میرا مذاق اڑایا کرتے تھے لیکن مجھے ان سب باتوں پر کوئی اعتراض نہیں تھا۔ میں صرف یہ چاہتا تھا کہ گاؤں میں کسی طرح ایک اسکول شروع ہو جائے۔ وہ کہتے رہیں جو دوسرے لوگوں کا کہنا ہے۔

آخر کار مجھے کامیابی مل گئی۔ جون 2000 میں، میری درخواست پر گاؤں میں اسکول کے لیے زمین الاٹ کی گئی۔ ایک ٹیچر بھی دیا گیا۔ حالانکہ یہ سب کاغذ پر تھا۔ لڑائی ابھی باقی تھی۔ کافی دیر تک کام ایسے ہی ہوتا رہا۔ میں نے محسوس کیا کہ اگر یہ نظام اسی طرح چلتا رہا تو اسکول کبھی شروع نہیں ہوگا۔ مجھے ایک بات کا احساس ہوا۔ قریب ہی ایک مدرسہ تھا۔ ایک دن میں مدرسہ والوں کے پاس گیا۔ ان سے کہا کہ سرکار کی طرف سے ایک استاد مل گیا ہے، آپ لوگ کچھ دنوں کے لیے اپنی زمین دے دیں۔ وہ مان گئے۔

اس کے بعد میں ڈی سی کے پاس گیا۔ اسے بتایا کہ مدرسے کے لوگ جگہ دینے کو تیار ہیں۔ آپ ٹیچر فراہم کریں۔ جب تک ہمارا اسکول نہیں بنے گا، گاؤں کے بچے مدرسے میں ہی پڑھیں گے۔ ڈی سی نے مدرسہ میں اسکول چلانے پر رضامندی ظاہر کی۔ وہاں 28 بچوں کے ساتھ پڑھائی شروع کی۔ اس کے بعد 2001 میں اسکول کے لیے 1.33 ایکڑ زمین ملی۔ اب میں دن رات اس کی عمارت کی تعمیر میں مصروف ہوگیا۔ میں اپنے گاؤں کے ساتھ ساتھ دوسرے گاؤں میں جا کر پیسے جمع کرنے لگا۔ بہت سے لوگوں نے حصہ لیا، میں جو کچھ کماتا تھا، اسکول کی تعمیر میں خرچ کرتا تھا۔

آہستہ آہستہ اسکول بننا شروع ہو گیا۔ میرا گھر پھوس کا تھا۔ بارش ہوتی تو ہم بھیگ جاتے تھے۔ صرف ایک دھوتی ،شرٹ تھا۔ اسے بار بار صاف کرنے کے بعد پہنتا تھا۔ تاکہ میں مزید پیسے بچا سکوں۔ چند سالوں میں سب کی کوششوں کے بعد اسکول مکمل ہو گیا۔ اسکول بننے کے بعد گاؤں کے بچے بھی شوق سے پڑھنے لگے۔ یہ میرے لیے کوئی ذاتی کامیابی نہیں تھی۔ میں یہاں ہر روز سوچتا تھا کہ اس کام کو کیسے آگے بڑھایا جائے۔ اسی دوران مقامی تولو زبان کے ایک صحافی نے مجھ پر ایک کہانی کی۔

آہستہ آہستہ میری خبریں کنڑ اخباروں میں بھی آنے لگیں۔ لوگ مجھے جاننے لگے۔ بعد میں مقامی ایم ایل اے نے بھی حمایت کی۔ میرے کام کی تعریف کی۔ اس کے بعد 2020 میں مجھے پدم شری ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔ تب مجھے یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ یہ کیا ہے، کیوں دیا جاتا ہے۔ لوگوں کی باتیں سن کر میں نے بس یہی سمجھا کہ کوئی بڑا انعام ہے۔

awaz

میری کہانی پڑھ کر ایک شخص نے میرا گھر ٹھیک کرایا، لیکن مجھے اس کا نام نہیں معلوم۔ اس نے بتایا بھی نہیں۔ اب میں گاؤں میں بچوں کے لیے کالج کھولنا چاہتا ہوں۔ دن رات اسی کوشش میں لگا رہتا ہوں۔ تاکہ انہیں مزید پڑھائی کے لیے زیادہ دور نہ جانا پڑے۔ اب میں گاؤں کے بچوں کو اسکول جاتے دیکھتا ہوں۔ میں انہیں پڑھتا ہوا دیکھتا ہوں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ آپ بہتر کر رہے ہیں۔ یہ میرے لیے سب سے بڑی خوشی ہے۔ انہیں دیکھ کر میں برسوں کی تھکاوٹ اور جدوجہد بھول جاتا ہوں۔ میری عمر 65 سال سے زیادہ ہے، لیکن آج بھی میں پیدل ہی منگلورو جاتا ہوں۔