نیتاجی سبھاش بوس اوربھوجپوری سنیماکے بیچ کی کڑی نظیرحسین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2021
فلم کٹی پتنگ میں راجیش کھنہ کے ساتھ نظیرحسین
فلم کٹی پتنگ میں راجیش کھنہ کے ساتھ نظیرحسین

 

 

ثاقب سلیم

بھوجپوری سنیما کی کہانی کا آغاز 1962 میں 'گنگا میا توہے پیری چڑھیبو' سے ہوا تھا ، جس کا سبھاش چندر بوس اور ان کی آزاد ہند فوج کے ساتھ دلچسپ رشتہ ہے۔ اس کہانی کو جوڑنے والا لنک ہےنظیر حسین۔ جنھیں اکثر بھوجپوری سنیما کا باپ کہا جاتا ہے۔ نذیر حسین 1922 میں اتر پردیش کے ایک ضلع غازی پور میں پیدا ہوئے تھے۔ اپنے والد شہزادہ خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ، نذیر کو ابتدائی طور پر ریلوے میں فائر مین کے طور پر بھرتی کیا گیا تھا ، لیکن جلد ہی دوسری جنگ عظیم شروع ہوگئی اور وہ برطانوی فوج میں شامل ہوگئے۔

فلم ادیش میں نظیرحسین

جب نیتاجی روپڑے

نظیر 1943 میں تب آئی این اے کی صفوں میں شامل ہوئے جب نیتا جی سبھاش چندر بوس نے آزاد ہند فوج یا انڈین نیشنل آرمی (آئی این اے) تشکیل دی۔ آئی این اے کے ایک سپاہی کی حیثیت سے ، نظیر نے ایک ذہین سپاہی کی طرح فنکارانہ نقطہ نظر سے فوجیوں کو جوڑنے کاکام کیا۔ انھوں نے فوجیوں کے لئے نظمیں اور ڈرامے لکھے اور ان کا حوصلہ بلند رکھنے کے لئے اسٹیج کیا۔ 1945 میں ، انہوں نے نیتا جی کی یوم پیدائش کے موقع پر ایک ڈرامہ 'بلیدان' لکھا اور ہدایت کی۔ اس ڈرامے کا مظاہرہ نیتا جی کے سامنے کیا گیا ، جس میں فوجیوں نے اداکاری کی۔ نظیر اکثر اس وقت کو یاد کیاکرتے تھے،جب اس دن بطور اداکار ، مصنف اور ہدایتکار ، انھیں سب سے بڑی پہچان ملی تھی ، ڈرامہ دیکھنے کے بعد نیتا جی کے آنسو بہ آئے تھے۔ اس ڈرامے کے لئے آزاد ہند فوج نے گولڈ میڈل سے نوازا، جس سے نظیر کے حوصلے بلند ہوئے۔

نظیرحسین کی اداکاری کاایک رنگ

آزادہند فوج سے ڈرامے تک

جنگ کے بعد ، نظیر سمیت آئی این اے کے دیگربہت سے فوجیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ 1947 میں ہندوستان کی آزادی کے بعد آئی این اے کے جوانوں کو جیلوں سے باہر تولایا گیا،لیکن ہندوستانی حکومت نے انہیں فوج میں ملازمت دینے سےانکار کردیا۔ اس کے بعد نظیر اور ان کے آئی این اے کے بہت سے ساتھیوں نے ملک بھر میں ڈراموں کا آغاز کیا۔ یہ ڈرامے ان کے INA کے دنوں میں ہی لکھے گئے تھے جن میں نیتا جی اور INA فوجیوں کی تعریف کی گئی تھی۔ فلمساز بی این سرکار نے ایسا ہی ایک ڈرامہ 'سپاہی کا سپنا' دیکھا۔ اس سے متاثر ہوکر سرکار نے انہیں کلکتہ میں نیو تھیٹرز میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ اس کے بعد نظیر فلم انڈسٹری کے ساتھ لمبی اننگز شروع کرنے کلکتہ چلے گئے۔ بمل رائے نے انھیں بطور اسسٹنٹ لیا۔ نظیر نے 1950 میں آزاد ہند فوج پر مبنی پہلی فلم 'پہلا آدمی' کی کہانی اور مکالمے لکھے تھے۔ فلم کی ہدایت کاری بمل رائے نے کی تھی اور نظیر نے اس فلم میں ڈاکٹر کا کردار ادا کیا تھا۔

بھوجپوری فلم میں

جلد ہی نظیر نے بمبئی کے سنیما میں کردار ادا کرنا شروع کردیا۔ 1960 کے آس پاس ، ہندوستان کے صدر ، ڈاکٹر راجندر پرساد نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں نظیربھی موجود تھے۔ بابو راجندر پرساد نے بھوج پوری میں ان سے بات کرنا شروع کردیا ، یہ جان کر کہ نظیر کا تعلق غازی پور سے ہے۔ تقریب میں ، پرساد نے ان سے پوچھا کہ بھوج پوری زبان میں فلمیں کیوں نہیں بنائی گئیں؟۔ تب خیال آیا۔ اور نظیر نے ایک فلم کے لئے اسکرپٹ لکھا ، جو اب پہلی بھوجپوری فلم ، 'گنگا میا توہے پیئری چڑھیبو' کے نام سے مشہور ہے۔

گنگامیاتوہے پیری چڑھیبوکاپوسٹر

فلم کی ہدایتکاری کندن کمار نے کی تھی اور اس میں نظیر کے ساتھ کم کم اور ہیلن جیسے مشہور اداکار بھی دکھائے گئے تھے۔ مشہور گیت کار شیلندر نے بول لکھے ۔ چترگپت نے موسیقی ترتیب دی نیز رفیع ، لتا اور سمن کلیان پور نے گانےگائے تھے۔ اس طرح بھوجپوری سنیما شروع ہوا۔ نذیر حسین نے ہمار سنسار ، بلم پردیسیا اور روس گیلے سیاں ہمار جیسی فلموں کی ہدایتکاری کی اورانھیں پروڈیوس کیا۔ اس طرح انہوں نے بھوجپوری سنیما کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ نذیر حسین ایک سچے محب وطن تھے جنہوں نے آزادی کے بعد ہندوستانی ثقافت کو زندہ رکھنے کے لئے جدوجہد کی اور انتھک محنت کی ، جب لوگ مغربی ثقافت کو اپنانے کی دوڑ میں شامل ہوچکے تھے۔