رمضان کی نیکی:مسلم خاندان نے کرائی ہندو بیٹی کی شادی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2022
مسلم خاندان نے کرائی ہندو بیٹی کی شادی
مسلم خاندان نے کرائی ہندو بیٹی کی شادی

 

 

اعظم گڑھ: اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں باہمی ہم آہنگی کی ایسی صورتحال سامنے آئی ہے جہاں ہندو بیٹی کی شادی کے لیے مسلم خاندان نے اپنے آنگن میں سات پھیروں کے لیے نہ صرف منڈپ لگایا بلکہ ہندو مسلم خواتین نے شادی میں رات گئے تک منگل گیت بھی گائے۔ جس کی وجہ سے شادی کی تقریب میں رونق آ گئی۔

یہی نہیں مسلم خاندان نے شادی کے اخراجات میں بھی دل کھول کر حصہ لیا۔ شہر کے ایلوال علاقے کے رہنے والے راجیش چورسیا پان کی دکان چلا کر اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں۔

ان کی بہن شیلا کے شوہر کا دو سال قبل کورونا کے دور میں انتقال ہو گیا تھا۔ اس کے بعد راجیش چورسیا نے بہن کی بیٹی کی شادی کرانے کا فیصلہ کیا۔اس کے ساتھ راجیش نے بھانجی پوجا کی شادی بھی طے کر دی۔ لیکن مشکل یہ تھی کہ راجیش کے پاس رہنے کے لیے چھت کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

یہی نہیں راجیش کی مالی حالت بھی ٹھیک نہیں تھی کہ وہ اپنی بھانجی کی شادی دھوم دھام سے کر سکتا تھا۔ اس مصیبت کے درمیان راجیش کو پرویز کا سہارا ملا، جو گھرکے پاس ہی رہتا تھا۔

اس نے پرویز کو بھانجی کی شادی کے لیے منڈپ لگانے کو کہا۔چنانچہ پرویز کے گھر کے صحن میں ایک منڈپ لگایا گیا اور 'منگل'گیت شروع ہوئے۔ شادی کی تیاریاں 22 اپریل کی صبح کو زوروں پر تھیں۔

جونپور ضلع کے ملہانی سے شام کو جب بارات اعظم گڑھ پہنچی تو دوارچر اور ویدک منتروں کے درمیان سات پھیرے اور سندور کی رسم مکمل ہوئی۔ اس دوران رات گئے تک ہندو مسلم خواتین مل کر شادی میں منگل کے گیت گاتی رہیں۔

صبح، بارات کی روانگی سے پہلے کھچڑی کی تقریب شروع ہوئی۔ راجیش نے اپنی استطاعت کے مطابق دولہے کے فریق کو خوش کیا، پھر اس رسم پر راجیش کے پڑوسی پرویز نے دولہے کے گلے میں سونے کی زنجیر ڈال دی، تو شادی کی تقریب کو چار چاند لگ گئے۔ پھر بارات دلہن کے ساتھ واپس گئی۔

پرویز کی اہلیہ نے بتایا کہ پوجا کی والدہ بچپن سے ہی ان کے گھر رہیں اور وہ ان کے خاندان کی ایک رکن بن کر رہیں۔ ان کے ہر دکھ اور درد میں ہمارے گھر والوں نے ان کا ساتھ دیا۔

اس کی بیٹی کی شادی ہو رہی تھی تو ہم نے بھی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں ہم نے اپنے گھروں میں عبادات کی، ہمیں اس سے کوئی پریشانی نہیں بلکہ خوشی ہوئی کہ ہم نے ایک بیٹی کی شادی دھوم دھام سے کی۔ مذہب سب کا الگ ہو سکتا ہے لیکن ہم نے انسانیت سیکھا ہے۔