مدارس کا سروے گیم چینجر بن سکتا ہے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-09-2022
مدارس کا سروے گیم چینجر بن سکتا ہے
مدارس کا سروے گیم چینجر بن سکتا ہے

 


awazthevoice

عاطر خان، نئی دہلی

مدارس کے سرکاری سروے اگر صحیح معنوں میں کئے جائیں تو ملک کی ترقی کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔ لیکن یہ ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب دہشت گردی کے مبینہ روابط کی وجہ سے آسام میں بعض مدارس کو منہدم کیے جانے کی یادیں لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ آسام میں بعض مدارس کواس سے پہلے ہی منہدم کر دیا گیا کہ اس کے ملزم اساتذہ کو دہشت گردی سے تعلق کے الزام میں عدالت میں پیش کیا جائے۔ سروے کو چند افراد کی غلطی سے مدارس پر حملہ سے تعبیر کیا گیا۔

 اس نے اس ساری مشق کو ڈھانپ دیا ہے جس کا مقصد مسلم تعلیمی نظام کو شک کے عنصر کے ساتھ مطالعہ کرنا ہے۔ ہندوستان میں مدارس ملک کی آزادی کی جدوجہد میں سب سے آگے رہے ہیں۔ بدقسمتی سے آزادی کے بعد سے اب تک ان کی حالت کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ جب سے انہیں حق تعلیم قانون سے خارج کیا گیا ہے تب سے ان کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔ اب اتر پردیش اور آسام کی حکومتوں نے ان کے جانچ کی ایک بڑی مشق شروع کر دی ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ کابینہ کے ایک سینئر وزیر دھرم پال سنگھ نے کہا کہ اس سروے کا مقصد ریاست میں غیر تسلیم شدہ مدارس کی تعلیم میں خامیوں کو تلاش کرنا ہے۔ سروے کے لیے ایک سوالنامہ تیار کیا گیا ہے۔ 

 مندرجہ ذیل سوالات ہیں:

 مدرسہ کا پورا نام کیا ہے؟ اسے چلانے والی تنظیم کا کیا نام ہے؟ مدرسہ کب قائم ہوا؟ محل وقوع کی تفصیلات، چاہے وہ نجی یا کرائے کی عمارت میں چلائی جائے؟ کیا مدرسے کی عمارت طلباء کے لیے موزوں ہے؟ طلباء کو کیا سہولیات مل رہی ہیں؟ اساتذہ اور طلباء کی کل تعداد کتنی ہے؟  مدرسہ میں کس نصاب کی پیروی کی جاتی ہے؟ مدرسہ چلانے کے لیے آمدنی کے ذرائع کیا ہیں؟  کیا مدارس کے طلباء کہیں اور پڑھ رہے ہیں؟کیا مدرسہ کسی غیر سرکاری تنظیم یا گروپ سے وابستہ ہے؟

اس اقدام نے مدارس میں جمود کو چیلنج کر دیا ہے اور اس وجہ سے علمائے کرام میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے، جنہوں نے مشق کے وقت اور ارادے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ یہ سروے اس وقت شروع کیا گیا جب نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس نے اپنی رپورٹ تمام ریاستی حکومتوں کو پیش کی جس میں ان سے مدارس کے جانچ کی سفارش کی گئی۔ رپورٹ میں یہ سفارش بچوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی بعض شکایات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ملک میں ایک لاکھ سے زیادہ مدارس ہیں۔

این سی پی سی آر کی انکوائری کا مقصد اس بات کو یقینی بنانے کے طریقے تلاش کرنا تھا کہ اقلیتی برادریوں کے بچوں کو مذہبی اور ثقافتی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید اور بنیادی تعلیم حاصل ہو، جیسا کہ اقلیتی اداروں میں ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ این سی پی آر(NCPCR)نے اپنی 2021 کی رپورٹ میں مدارس کا ذکر نہیں کیا تھا۔ لیکن اس نے تمام غیر تسلیم شدہ ویدک پاٹھ شالوں، گمپا(Gumpas) اور غیر رسمی تعلیمی مراکز کی دیگر اقسام کی نقشہ سازی کی بھی سفارش کی تھی۔ مقصد واقعی یہ معلوم کرنا ہے کہ آیا یہ ادارے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرتے ہیں اور بچوں کے لیے سازگار ماحول ہے کہ نہیں۔ 

جیسا کہ نام سے پتہ چلتا ہے کہ کمیشن اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت بچوں کے حقوق کے تحفظ کا پابند ہے۔ تاہم مسلمانوں اور کچھ سیاسی رہنماؤں کے درمیان شدید تنقید ہوئی ہے، جنہوں نے مختلف معاملات پر ریاستی حکومتوں کی غیر معمولی توجہ اور مسلم اداروں کو الگ الگ کرنے پر سوال اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس جانچ کا مقصد ملک کے تمام اسکولوں سے باہر بچوں کی حالت کو بہتر بنانا چاہیے تھا نہ کہ انتخابی طور پر۔

دارالعلوم دیوبند سے تعلق رکھنے والےایک انتہائی قابل احترام اسلامی اسکالر مولاناسیدارشد مدنی نے اتر پردیش حکومت کے اس اقدام پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ دارالعلوم دیوبند پوری دنیا میں اسلامی تعلیم کے اعلیٰ ترین اداروں میں سے ایک ہے۔  دارالعلوم نے 18 ستمبر 2022کو ایک میٹنگ بلائی ہے تاکہ آگے کا راستہ طے کیا جا سکے۔

لکھنؤ کے مولانا خالدریشدفرنگی محلی نے اس پر ردعمل اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس تعلیم کے میدان میں اچھا کام کر رہے ہیں۔ ماضی میں مسلم ووٹوں سے فائدہ اٹھانے والے سیاسی حلقوں میں ردعمل سامنے آئے ہیں۔ وہیں  بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ سروے ہندوستانی مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے کے لیے کرائے جا رہے ہیں۔ جب کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ یہ مشق صرف مسلم اداروں تک ہی کیوں محدود ہے؟ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر و ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ سروے این آر سی کا ایک نمونہ ہیں۔

سیاست دانوں کے کہنے سے قطع نظر، ایک قابل ذکر ترقی پسند مسلم آبادی کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ کمیونٹی کی توجہ بچوں کی تعلیم کی بہتری پر ہونی چاہیے نہ کہ سیاست پر۔ اداروں کو ترقی پسند تعلیم پر توجہ دینی چاہیے اور مدارس کو دنیا میں دی جانے والی جدید ترین تعلیم سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ مسلم دانشوروں نے بہتری کی ضرورت محسوس کی تھی اور ان کا خیال تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ مدرسہ کا نصاب ختم ہو گیا ہے۔ مسلم شاعر و فلسفی سرمحمد اقبال نے 21 مارچ 1932 کو لاہور میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس سے بطور صدر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ:

 مدارس کے نصاب پر بنیادی نظرثانی کی اشد ضرورت ہے، جو ان کے طالب علموں کو اس وقت کی زیادہ حقیقت پسندانہ اور قابل تعریف تفہیم فراہم کرے گا جس میں وہ رہتے ہیں۔ کمیونٹی کے لیے اس نئے زمانے کے تقاضوں کو پورا کرنے کا ایک طریقہ ہے،جو وہ اللہ کے نام پر خدمت کرتے ہیں۔ آج بھی مسلم تعلیم میں اصلاحات کی ضرورت کے بارے میں علماء کے خیالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ لیکن موجودہ نظام میں بعض سیاسی رہنماؤں کے قول و فعل میں تضاد نے اعتماد کا فقدان پیدا کر دیا ہے جسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔

معروف اسلامی اسکالر پروفیسر اختر الواسع کا کہنا ہے کہ سروے کرانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن رپورٹس بتاتی ہیں کہ حکومت کے تسلیم شدہ مدارس کو بھی پچھلے چارسالوں سے سرکاری فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ہیں۔ ہندوستانی مدارس زیادہ تر خیراتی اداروں پر چلتے ہیں اور یہاں تک کہ غریب لوگ بھی ان اداروں کو چلانے کے لیے مٹھی بھر چاول یا آٹا دیتے ہیں۔ یہ مدارس نہ تو حکومتی امداد پر نہ غیر ملکی فنڈنگ ​​پر انحصار کرتے ہیں۔  ان مدارس کا ایک بڑا حصہ یتیم خانہ کے طور پر کام کرتا ہے۔

مزید وضاحت کے لیے آئیے ہندوستان میں مدارس کی قسم کو دیکھتے ہیں۔ بنیادی طور پر مدارس کی تین قسمیں ہیں۔  سب سے پہلے جس کا نقشہ نہیں بنایا گیا ہے اور اس میں ملک کے اعلیٰ مدارس بشمول انتہائی معروف دارالعلوم شامل ہیں۔ یہ ملک کے اندر ملنے والےعطیات سے چلائے جاتے ہیں۔ ایسے ادارے ملک میں سب سے زیادہ تعداد میں ہیں۔ دوسری قسم تسلیم شدہ ہیں جو ریاستی مدرسہ بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں اور بچوں کو کسی نہ کسی طرح کی جدید تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ انہیں نصابی کتب، یونیفارم، دیگر سہولیات اور حکومتوں سے فنڈز بھی ملتے ہیں۔

تیسری قسم غیر تسلیم شدہ ہے جنہوں نے فنڈز کے لیے حکومت سے رابطہ کیا لیکن یا تو ناکافی انفراسٹرکچر یا کسی اور وجہ سے انہیں تسلیم نہیں کیا گیا۔ وہ  اپنے طور پر چلائے جا رہے ہیں۔ این سی پی سی آر کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں 6-14 سال کی عمر کے بچوں کی کل تعداد 8.4 کروڑ تھی۔ جب کہ ہندوستان میں 6-14 سال کی عمر کے بچوں کی کل تعداد 25 کروڑ تھی۔  اسکول نہ جانے والے بچوں کی شرح 33 فیصد تھی۔ ہندوستان میں 6 سے 14 سال کی عمر کے مسلم بچوں کی کل تعداد 3.8 کروڑ تھی۔ اسکول سے باہر مسلم بچوں کی کل تعداد 1.1 کروڑ (تقریباً 33 فیصد) ہے۔

 رپورٹس کے مطابق ایسے زیادہ تر طلباء بغیر نقشہ کے مدارس میں پڑھ رہے ہیں، (جنہیں حکومت کی طرف سے غیر تسلیم شدہ بھی سمجھا جاتا ہے) اور تقریباً 15 لاکھ طلباء تسلیم شدہ مدارس میں پڑھتے ہیں۔ ماضی میں کانگریس، جنتا دل اور بی جے پی نے محدود مطالعہ کرکے مدارس کی حالت کو بہتر بنانے کی کوششیں کیں لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا۔ جب نرسمہا راؤ کانگریس کے دور حکومت میں وزیر اعظم تھے تو مدارس کو بہتر بنانے کے لیے کچھ کوششیں کی گئی تھیں اور ایک کمیٹی بنائی گئی تھی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان کو کیسے بہتر کیا جا سکتا ہے۔

مادھو راؤ سندھیا اس وقت کے وزیر تعلیم تھے، جنہوں نے کچھ منتخب مدارس میں انگریزی، ریاضی اور سائنس کو متعارف کرایا تھا اور اسکول کے اساتذہ کی تنخواہیں حکومت برداشت کرتی تھیں۔ اسی طرح جب اٹل بہاری واجپائی وزیر اعظم تھے اور مرلی منوہر جوشی اس وقت کے وزیر تعلیم تھے تو انہوں نے کچھ اصلاحات لانے کی کوشش کی تھی۔ لیکن ایسی کوششیں کسی بڑی کارروائی میں تبدیل نہیں ہوئیں۔ ایل کے اڈوانی، اس وقت کے نائب وزیر اعظم اور وزارت داخلہ نے ایوان میں ایک بیان دیا تھا کہ ہندوستان میں مدارس کے خلاف کوئی منفی چیز نہیں ملی ہے۔

ہندوستان میں مدارس بڑے پیمانے پر نظر انداز ہو کر رہ گئے ہیں اور صرف مذہبی تعلیمات میں شامل ہونے کی وجہ سے وہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے رہ گئے ہیں۔  لیکن ملک بھر میں دیگر مذہبی اداروں کی طرح کچھ کالی بھیڑیں بھی دہشت گردی وغیرہ جیسی ناپسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ شفافیت کا فقدان ہے۔ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ والدین کی ایک چھوٹی سی فیصد اسلامی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بچوں کو مدارس میں بھیجتی ہے۔جیسا کہ کچھ طلباء اعلیٰ درجے کے مذہبی علوم میں حقیقی طور پر دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان اداروں میں کچھ بہت ذہین طلباء بھی ہوتے ہیں، جنہوں نے آل انڈیا سروسز کے مقابلہ جاتی امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے، جسے دنیا کے مشکل ترین امتحانات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ حال ہی میں نیٹ(NEET) امتحانات کے نتائج بھی ان کی صلاحیت کو ثابت کرتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر مدارس میں پڑھنے والے طلباء کی اکثریت غریب پس منظر کے بچوں پر مشتمل ہے، جنہیں اسکول جانے کا استحقاق حاصل نہیں ہے اور ان کا تعلق ان خاندانوں سے ہے جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔  لہٰذا ان کی مجموعی ترقی کے لیے مدارس ہی واحد آپشن رہ گئے ہیں۔

این سی پی سی آر کی رپورٹ کے مطابق مسلم کمیونٹی مذہبی اقلیتی آبادی میں 69.18 فیصد حصہ ڈالتی ہے اور مذہبی اقلیتی اسکولوں میں محض 22,75 فیصد حصہ ڈالتی ہے۔ اس میں کل 4085 اسکول تھے۔ دوسری طرف، عیسائی برادری جو کل مذہبی آبادی کا 11.54 فیصد بنتی ہے، ہندوستان کے کل اقلیتی اسکولوں میں ان کا حصہ 71.96 ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مدارس کے 5 فیصد سے کم طلبہ انڈر گریجویٹ سطح تک پہنچتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ مدارس کو اپنے طریقہ کار اور نصاب میں زیادہ جامع ہونے کی ضرورت ہے۔ مدارس کو صرف دینی تعلیم دینے کا پابند نہیں ہونا چاہئے۔ تعلیم کا حق اس کے تمام 39 حصوں میں مذہبی تعلیم دینے پر پابندی نہیں لگاتا ہے۔

اس لیے رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ کے دائرہ کار میں مذہبی علوم اور جدید تعلیم کا امتزاج ایک اچھا حل معلوم ہوتا ہے۔مدارس کو جدید علوم کے لیے کھولنے کی ضرورت ہے اور پرائیویٹ اسکولوں کو بھی دینی تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ جہاں مدارس کا اپنا مقام اور اس کی اپنی ایک الگ اہمیت ہے اور انہیں بچوں کی بہتری کے لیے تیار رہنا چاہیے۔وہیں ملک میں مسلم پرائیویٹ اسکولوں کی تعداد بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔ کمیونٹی کو اس سمت میں کوششیں کرنی چاہئیں۔

اب جب کہ یوپی، آسام اور اترکھنڈ حکومت نے مدارس کا سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، توقع ہے کہ یہ ایک بامعنی مشق ثابت ہوگی۔ سروے کے اعداد و شمار کا استعمال مسلم طلباء کے لیے تعلیم کے فائدے کے لیے کیا جائے گا، جو آخر کار بہتر اور زیادہ پیداواری شہری ثابت ہوں گے۔ سروے کا مقصد نہ صرف نظام میں خامیوں کو تلاش کرنا یا اسے ہراساں کرنے کا آلہ بنانا ہے بلکہ اسے قابل عمل حل کی طرف کام کرنا چاہیے۔

اگر اس مشن کو سنجیدگی اور صحیح نیت کے ساتھ انجام دیا جائے تو یہ مسلم کمیونٹی اور ملک کی ترقی کے لیے گیم چینجر بن سکتے ہیں۔