جشن ریختہ:’داستانِ امام ہند‘ کی شاندار پیشکش،ناظرین مسحور

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
جشن ریختہ:’داستانِ امام ہند‘ کی شاندار پیشکش،ناظرین مسحور
جشن ریختہ:’داستانِ امام ہند‘ کی شاندار پیشکش،ناظرین مسحور

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی

جشن ریختہ میں میگاپلے ’داستان امام ہند‘ کی شاندار پیشکش نے ناظرین کو مسحور کردیا۔ منفردقسم کے اس پلے نے جہاں قومی ہم آہنگی کا پیغام دیا وہیں ’رام لیلا‘ کے ایک نئے رنگ وآہنگ نے رامائن کی قدیم داستان کو نئی نسل کے سامنےزندہ کردیا۔ خاص بات یہ ہے کہ ’داستانِ امام ہند‘ رامائن کی وہ کہانی ہے جسے اردو کے مسلم وغیرمسلم شاعروں نے مختلف اوقات میں نظم کیا تھا۔ حالانکہ اس کی پیشکش کا انداز بالکل نیا ہے۔

اس داستان کو ہر سال رام لیلا میں پیش کیا جاتا ہے مگر اس میں جدت طرازی یہ ہے کہ یہ پوری کہانی نظم میں ہے، نیز موقع کی مناسبت سے اس میں نوحہ، مرثیہ، رخصتی کے گیت بھی شامل کئے گئے ہیں۔ مثال کے طور پر جب سیتا کی رخصتی ہوتی ہے تو اس موقع پر امیرخسرو کا مشہور گیت ’کاہے بیاہے بدیس‘گایا جاتا ہے۔

awaz

اسی طرح راجہ دسرتھ کی موت پر نوحہ گایا جاتا ہے۔ اس میوزیکل داستان گوئی شو کے ڈائرکٹر مستجاب ملک نے کہا کہ اس شو میں، ہم نے ملٹی پرفارمنگ آرٹس جیسے داستان گوئی، لوک گیت، ویژول میڈیا، شیڈو پپٹری، کتھک ، بھرت ناٹیم ڈانس، فزیکل تھیٹر، نوحہ، منقبت، مرثیہ اور سوز خوانی کا استعمال کیاہے۔

انہوں نے مزید جانکاری دی کہ ’داستان امام ہند‘کے شوکے لئے دنیا بھر سے دعوتیں آرہی ہیں۔ فی الحال ہم لوگ بیرون ملک دبئی اور اندرون ملک الہ آباد اور جبل پور میں شو کرنے جارہے ہیں۔

awaz

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ دہلی، پریاگ راج، کاشی اور لکھنؤ میں کامیاب شوز کر چکے ہیں۔ مستجاب ملک نے بتایا کہ رام لیلا کے شوز سے ان کا پرانا تعلق ہے۔ ان کا لڑکپن علی گڑھ میں گزرا ہے اور وہ شروع سے ہی رام لیلا میں حصہ لیتے رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا ہم رام لیلا کا اردو ورژن صرف فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خیر سگالی کے جذبے کے لیے نہیں لائے، بلکہ ہمارا مقصد اردو زبان کی قیمتی میراث کو دوبارہ دنیا کے سامنے لانا ہے۔ اس منظوم داستان کا دورانیہ( 1:20) ایک گھنٹہ بیس منٹ ہے۔

awaz

اسے ترتیب دیا ہے دانش اقبال نے جو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر اور مختلف ڈراموں کے رائٹر ہیں۔ انہوں نے اس پلے میں داستان گو کا کردار بھی ادا کیا ہے جب کہ پروڈیوسر،طارق خان اور تخلیقی ڈائریکٹر، سندیپ سنگھ ہیں۔

ڈانس ڈائرکٹرمول خان اور کٹھ پتلی اکسپرٹ گنڈوراجن ہیں۔ مستجاب ملک نے بتایا کہ وہ رامائن پر ایک نمائش کا اہتمام کرنے والے ہیں۔ جب کہ ان کے ڈائرکشن میں بنی فلم ’ٹکیلا‘ عنقریب ریلیز ہونے والی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آرایس ایس کے سوسال پر وہ ایک ویب سیریز کی تیاری میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے کاموں پر ایک پلے کرنے جارہے ہیں جو جلد ہی منظر عام پر آئے گا۔