ہندوستانی مسلمان: دو طرفہ پریشانیوں کا شکار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-04-2022
ہندوستانی مسلمان: دو طرفہ پریشانیوں کا شکار
ہندوستانی مسلمان: دو طرفہ پریشانیوں کا شکار

 

 

awaazthevoice

پروفیسر اخترالواسع،نئی دہلی

ہندوستانی مسلمان جس پرآشوب دور سے گزر رہے ہیں وہ کسی سے بھی پوشیدہ نہیں۔ ایک طرف ملک میں وہ مٹھی بھر لوگ ہیں جو کہ اس ملک کو یرغمال بنا لینا چاہتے ہیں اور ہندوستان جنت نشان کو اپنی فرقہ پرستی اور فسطائیت کی تجربہ گاہ بنا لینا چاہتے ہیں۔ اس ملک میں کون کیا کھائے پیئے، کیا پہنے اوڑھے، کیسے رہے سہے اور چلے پھرے اس کا فیصلہ خود نہیں بلکہ ان مٹھی بھر لوگوں کی مرضی کے مطابق کرے۔

اب جب کہ بعض جگہوں پر مسجدوں پر حملے ہو رہے ہیں ایک مخصوص مذہبی شناخت کے جھنڈے ان پر لہرا کر اپنی سینہ زوری دکھائی جا رہی ہے، جلسے جلوسوں میں اشتعال انگیز اور منافرت آمیز نعرے لگا کر دریدہ دہنی کا مظاہرہ ہو رہا ہے اور ان سب پر ستم یہ کہ پولیس اور سرکار بھی انہیں کا ساتھ دے رہی ہے۔

انتہا یہ کہ ایک معزز جج نے ابھی حال میں یہ فیصلہ بھی سنا دیا کہ اگر مسکرا کر غلط بات بھی کہی جائے تو اس میں قباحت نہیں۔ اب سرکاریں عدلیہ کو نظر انداز کرکے خود اپنے ہاتھ میں قانون لے کر ایک فرقے کے گھروں کو بلڈوزر سے منہدم کرا رہی ہیں اور ایک ریاست کے وزیر داخلہ نے تو غرور و تکبر کی تمام حدوں کو پھلانگتے ہوئے یہ تک کہہ دیا کہ جن گھروں سے پتھر آئیں گے انہیں پتھروں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ ایک وزیر اعلیٰ نے تو یہ بھی کہہ کہ فسادیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ہم بھی ان کی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ فسادیوں کو بخشا جانا نہیں چاہیے لیکن کون فسادی ہے کون نہیں، اس کا فیصلہ عدالتیں کریں گی نہ کہ وزیر اعلی اور ان کے ماتحت سرکاری کارکنان۔

لیکن اس ماحول میں بھی سول سوسائٹی کے ارکان نے جس ہمت و عزیمت کے ساتھ اس سب کے خلاف آواز اٹھائی وہ قابل تعریف ہے اور اتنا ہی نہیں کرناٹکا کے سابق وزیر اعلیٰ شری یدورپّا جو جنوبی ریاست میں بی جے پی کے عروج کے لئے ہمیشہ ذمہ دار مانے جاتے رہے ہیں، نے کرناٹکا کی حکومت سے کہا ہے کہ مسلمانوں کو آزادی اور وقار کے ساتھ جینے اور رہنے دیا جائے۔ یہی آواز کرناٹکا کی حکمراں جماعت کے دو ممبرانِ اسمبلی نے بھی اٹھائی ہے۔ اتنا ہی نہیں سابق وزیر اعلی مدھیہ پردیش شری دگوجے سنگھ اور راجستھان کے موجودہ وزیر اعلیٰ شری اشوک گہلوت نے بھی اس یک طرفہ جور و ستم کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔

لیکن مسلمانوں کی پریشانی یہ ہے کہ انہیں اپنے مخالفوں سے ہی پریشانی نہیں پہنچ رہی ہے بلکہ کچھ ان کے اپنے مہربان بھی سوشل میڈیا پر اس طرح کا مواد اپنے بیانات کے ذریعے مشتعل کر رہے ہیں جس سے کہ مسلمانوں کے مخالفوں کے ہاتھ مضبوط ہوں اور وہ اسلام اور مسلمانوں کو اسی طرح دشنام اور فساد و عناد کا نشانہ بناتے رہیں۔ اسی طرح کا ایک ویڈیو ہمیں ہمارے بعض غیرمسلم دوستوں نے جن کے سیکولر، محب وطن اور مسلمان دوست ہونے میں کوئی شبہ نہیں، بھیجا ہے جس میں سات کے قریب لوگوں نے اس بات کا بار بار اعادہ کیا ہے کہ غیرمسلموں کو ان کے تہواروں پر مبارکباد دینا درست نہیں ہے۔ اتفاق سے ان میں سے اکثر وہ لوگ ہیں جو غالب ترین مسلم اکثریتی معاشروں میں رہ رہے ہیں اور جو قرآن و سنت سے زیادہ اپنی رائے کو مقدم سمجھتے ہیں۔ اس لئے کہ اس مسئلے میں قرآن و حدیث میں اجازت یا ممانعت کی کوئی صراحت نہیں ہے۔ ایک عربی شاعر کا بہت عمدہ شعر ہے جس کا اردو ترجمہ یوں ہے کہ ’’لوگوں کے دلوں پر راج کرنا ہے تو حسن سلوک سے پیش آؤ: ایسا بہت ہوا ہے کہ حسن سلوک نے انسانوں پر راج کیا ہے۔‘‘

قرآن حکیم کی سورہ النحل کی آیت نمبر 90 میں فرمایا گیا ہے کہ ’’اللہ عدل، احسان اور صلہ رحمی کا حکم دیتا ہے۔‘‘ اسی طرح حدیث کی مستند کتاب ترمذی اور مسند احمد میں بھی اللہ کے رسولؐ کے مروی ہے کہ آپ نے حضرت ابو زرؓ کو وصیت فرمائی کہ ’’جہاں بھی رہو اللہ سے ڈرو، گنا ہ کے بعد نیکی کر لیا کرو تاکہ گناہ مٹ جائے اور لوگوں کے ساتھ اچھے اخلاق کے ساتھ پیش آؤ۔‘‘ اس حدیث پاک میں آپؐ نے لوگوں کے ساتھ۔۔۔ چاہے وہ مسلم ہوں یا غیرمسلم، حسن سلوک کی وصیت فرمائی۔ حسن سلوک کا معاملہ صرف مسلمانوں کے ساتھ خاص نہیں ہے۔

سراپا رحمت جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی حیات طیبہ سے ایسی بہت سی مثالیں مل جاتی ہیں جو غیرمسلموں کے ساتھ حسن سلوک اور صلہ رحمی کی طرف ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر بخاری و مسلم کی روایت ہے کہ حضرت ابوبکرؓ کی صاحبزادی حضرت اسمہؓ کی والدہ جو اسلام نہیں لائی تھیں، ان کے یہاں آئیں، انہوں نے جناب محمد رسول اللہؐ سے پوچھا کہ کیا میں اپنی والدہ کے ساتھ صلہ رحمی کر سکتی ہوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں، اپنی والدہ کے ساتھ صلہ رحمی کرو۔

اسی طرح رسول پاکؐ کی زندگی میں نجران کے عیسائیوں کا ایک وفد مدینہ منورہ میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ نے نہ صرف ان کا استقبال کیا بلکہ ان کی میزبانی کی اور انہیں ان کے طریقے پر عبادت کرنے کی بھی اجازت دی۔ اسی لیے آپ کو قرآن کریم نے ’’خلق عظیم‘‘ قرار دیا ہے۔ اسی طرح قرآن پاک میں اللہ نے خود فرمایا ہے کہ ’’اور جب تمہیں سلامتی کی کوئی دعا دی جائے تو تم بھی سلامتی کی اس سے بہتر دعا دو۔‘‘

اس معاملے میں28 اگست سے یکم ستمبر 2000ء میں یورپی افتا کونسل نے مشہورِ زمانہ فقیہ اور عالم اسلام کے علما کے سرخیل امام یوسف القرضاوی کی سربراہی میں اسی مسئلے پر غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ بطور حسن تعلق کے اظہار کے غیرمسلموں کو ان کے تہواروں کے دن پر خیرسگالی کے طور پر مبارکباد دینا جائز ہی نہیں پسندیدہ ہے۔ اس پر ایک ہندوستانی مسلمان عالم مولانا یحیٰ نعمانی نے کہا ہے کہ موجودہ دنیا کی ایسی صورتحال میں جب مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد غیرمسلم ممالک میں رہائش پذیر ہو گئی ہے، بڑی تعداد میں غیر مسلم مسلمانوں کے ساتھ حسن معاشرت کا برتاؤ رکھتے ہیں بلکہ ان میں ایک بڑی تعداد مسلمانوں کے حقوق کے لئے لڑتی ہے اور جد وجہد کرتی ہے۔۔۔ ان ممالک میں مسلمانوں کے ملّی وجود کی بقا کے لئے ضروری ہے کہ غیرمسلموں کے ساتھ حسن معاشرت اور شرکت عمل کی راہیں ہموار ہوں۔

یورپی افتاء کونسل کے اسی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے نوجوان عالم دین، ندوہ کے فاضل، قاضی مجاہد الاسلام قاسمی مرحوم کے تربیت یافتہ اور آج کل مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے پروفیسر و صدر، شعبہ اسلامک اسٹڈیز ڈاکٹر فہیم اختر ندوی کا کہنا ہے کہ ’’مسئلے کا پس منظر یہ ہے کہ سماج میں مختلف مواقع پر مسلمانوں کے روابط غیرمسلموں کے ساتھ ہوتے ہیں۔ تعلیم گاہوں میں اساتذہ اورطلبہ اور ساتھیوں کے ساتھ گہرے روابط قائم ہو جاتے ہیں۔ ملازمت کے اداروں میں اپنے ذمہ داروں اور کارکنوں کے ساتھ مراسم ہوتے ہیں۔علاج معالجے میں کبھی غیرمسلم ڈاکٹر کا بے انتہا مخلصانہ رویہ مسلم میریض کے ساتھ رابطہ پیدا کر دیتا ہے۔ کبھی مکان کے پڑوس میں بااخلاق و مددگار غیرمسلم ہوتے ہیں۔۔۔ایسے مواقع پر ان کو مبارکباد پیش کی جا سکتی ہے۔

پروفیسر فہیم اخترندوی کے نزدیک کونسل کا یہ فتویٰ نہ صرف اسلام کے حسن اخلاق اور داعیانہ کرادار کا مظہر ہے بلکہ موجودہ وقت میں تیزی سے تبدیل شدہ حالات میں یہ مسلمانوں کی ایک دینی ضرورت بھی ہے، کیوں کہ اسلام جہاں دینِ فطرت، مکمل و متوازن نظام زندگی اور سراپا عدل و انصاف ہے وہی اس کی بنیاد اخلاقی بلندی پر ہے۔ انہوں نے اس فتویٰ کو مزاج شریعت کا مظہر، اسلامی اخلاق کا نمونہ اور موجودہ سماجی منظر نامے میں اسلام کے دعوتی تقاضوں کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت ہے کہ ہمارے ملک کے اندر بھی سماجی روابط کو مضبوط کرنے والے اس رویے کو مضبوطی کے ساتھ اختیار کیا جائے۔

اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مشہور عالم دین، مذہبی مفکر اور جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے اور زیادہ زور دے کر کہا ہے کہ ’’کسی سماج میں جو انسان رہائش پذیر ہوتے ہیں ان کا آپس میں ملنا جلنا، ایک دوسرے کی مسرتوں میںشریک ہونا، ایک دوسرے کا غم بانٹنا اور ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنا عین تقاضہ فطرت ہے۔ کسی بھی متمدن سماج کی یہ نمایاں پہچان ہوتی ہے۔ جس سماج میں یہ قدریں نہ پائی جائیں اسے غیرمتمدن اور دورِ وحشت کی یادگار کہا جاتا ہے۔۔۔ انسانی تعلقات کو مضبوطی اور استحکام بخشنے میں تقریبات کا اہم کردار ہوتا ہے۔ یہ تقریبات سماجی بھی ہوتی ہیں اور مذہبی بھی۔ غیرمسلموں کی سماجی تقریبات میں اگر ناجائز اور غیر شائستہ کام نہ کیے جا رہے ہوں تو ان میں شرکت کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

البتہ ان مذہبی تقریبات اور تہواروں کا جو حصہ سماجی ہوتا ہے، جس میں مختلف قریبی اور اہلِ تعلق افراد سے محض ملاقات کے لئے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں اور فرقے وارانہ ہم آہنگی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کرنے کے لئے دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی مدعو کیا جاتا ہے ، ان میں شرکت مسلمانوں کے لئے جائز ہے۔ البتہ ان مواقع پر ان کے لئے ضروری ہے کہ کھانے پینے کے معاملے میں اسلامی تعلیمات پر عمل کریں۔ چنانچہ اگر کھانے پینے کی چیزوں میں کسی حرام جانور کا گوشت، شراب یا دیگر نشہ آور مشروبات شامل ہوں تو ان سے بچیں۔ ‘‘

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی صاحب نے آگے چل کر یہ وضاحت بھی کی ہے کہ ’’جہاں تک غیرمسلموں کے تہواروں کے موقعے پر انہیں مبارکباد دینے کا معاملہ ہے تو اسے فقہ و فتاویٰ کی کتابوں میں عموماً ناجائز کہا گیا ہے۔ اس کی دلیل یہ دی گئی ہے کہ انہیں مبارکباد دینے سے کفر شرک کی تائید اور عظمت کا اظہار ہوتا ہے۔ یہ دلیل قوی نہیں معلوم ہوتی۔ مبارکباد دینا ایک سماجی عمل ہے اس سے دنیوی معاملات میں حسن سلوک کا اظہار ہوتا ہے جس کی قرآن و حدیث میں تلقین کی گئی ہے۔

یورپی افتاء کونسل کے فتوی کی روشنی میں ماہنامہ ’’زندگی نوع‘‘ دسمبر 2019 سے مستعار ہندوستانی علما کی اس بحث کا خلاصہ پیش کرنے کے ساتھ ہم یہاں یہ بات واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جہاں تک خالص مذہبی رسوم کی ادائیگی کا معاملہ ہے اس میں ہر شخص کو اپنے ہی مذہبی معتقدات کے مطابق عمل کی پوری آزادی ہے اور کوئی مسلمان اس میں شریک نہیں ہوگا کیوں کہ اسلام توحید باری تعالی کا مذہب ہے اور اس سلسلے میں قرآن سیدھا فرمان ہے کہ ’’تمہارا دین تمہارے لیے اور میرا دین میرے لیے ہے۔‘‘

نہ آپ کسی غیرمسلم کو اپنے طریقے سے عبادت کرنے کے لئے مجبور کریں گے اور نہ ہی اس کی طرح عبادت میں شامل ہوں گے کیوں کہ قرآن ہی کے لفظوں میں ’’دین میں کوئی جبر نہیں۔‘‘ اب رہا سوال اس ویڈیو کا جس کے حوالے سے اس مضمون کو لکھا گیا و ہ بنیادی طور پر اسی اکثریتی رعب و دبش کے حامی لوگ ہیں جو اپنی رائے کو عین اسلام سمجھتے ہیں اور اس طرح کے خیالات کا اظہار کرکے غیرمسلم اکثریتی معاشروں میں بسنے والے مسلمانوں کے لئے پریشانی پیدا کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں اور اس طرح اسلام اور مسلمان دشمن عناصر کے ہاتھ مضبوط کرتے ہیں۔

 نوٹ:مضمون نگار جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسر ایمریٹس (اسلامک اسڈیز) ہیں۔