ہر گھر ترنگا: بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کریں اور جشن آزادی کو یادگار بنائیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-08-2022
ہر گھر ترنگا: بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کریں اور جشن آزادی کو یادگار بنائیں
ہر گھر ترنگا: بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کریں اور جشن آزادی کو یادگار بنائیں

 

 

منصور الدین فریدی : آواز دی وائس

یہ جشن آزادی کچھ خاص نہیں بلکہ بہت خاص ہے۔ آزادی کا امرت مہتسو  ہے۔ ملک اور قوم کے سامنے آزادی کے 75 سال کا جشن ہے ۔اس لیے اس موقع کو گھر گھر ترنگا کی مہم سے چار چاند لگائیں۔ یہ ایک تاریخی جشن ہے جس میں کسی سے کم رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ترنگا ہماری شان ہے ۔ہماری جان ہے ۔ہماری پہچان ہے۔ اس کو لہرانا  ہماری ذمہ داری ہے۔گھر گھر ترنگا لہرانا چاہیے ۔ یہ جشن تاریخی ہے ،اس کو یادگار منائیں ۔

انٹر نیشنل صوفی کارواں کے سربراہ مولانا مفتی منظور ضیائی نے ان تاثرات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس جشن کو یادگار بنانے میں کوئی کمی نہ چھوڑیں۰ اپنے بزرگوں کی محنت اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں ۔اس ملک کی آزادی سے ترقی تک مسلمانوں کا بہت بڑا کردار ہے ۔ اس موقع کو استعمال کریں اور ملک اور نئی نسل کو بتائیں کہ آزادی کیسے حاصل ہوئی اور کس نے کیا کردار نبھایا۔ اس جنگ میں سب سے بڑی طاقت اتحاد تھی اس لیے اب ملک کی ترقی بھی اسی اتحاد سے ہی ممکن ہوگی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک سنہرا موقع ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اس جنگ آزادی کے ان ناموں سے واقف کرائیں جن سے وہ اب تک واقف نہیں ہے۔ گمنام مجاہدین آزادی کے کرداروں کو اجاگر کریں ۔ہمارے سامنے اب سوشل میڈیا کا راستہ ہے ۔ایک میدان ہے۔ اپنی بات رکھنے اور ان کرداروں کی تشہیر کرنے کا سب سے اچھا پلیٹ فارم ہے۔

 مفتی منظور ضیائی نے کہا کہ ہم کتابچے شائع کرسکتے ہیں ،سوشل میڈیا پر چھوٹے ویڈیو پوسٹ کرسکتے ہیں ،ان کے تعارف اور خاکے کو وائرل کرسکتے ہیں ۔ یہ وقت کی ضرورت ہے۔نہ صرف ملک کے لیے بلکہ اپنے بقا کے لیے بھی ضروری ہے۔ آپ نے اگر ماضی کو بھلا دیا تو آپ کو بھی زمانہ بھلا دے گا ۔

مولانا مفتی ضیائی نے کہا کہ آزادی ایک عظیم تحفہ ہےجس کو ہمارے  بزرگوں  نے بڑی قربانیاں دے کر حاصل کی تھی۔اس کی قدر کرنا چاہیے۔ یہ کسی نعمت سے کم نہیں ۔جن لوگوں نے غلامی کا دور دیکھا ہے وہ جانتے ہیں کہ آزادی کیا معنی رکھتی ہے۔ اس لیے میری اپیل ہے کہ ہم سب جشن آزادی کو تاریخی اور یادگار بنائیں ۔