مرادآباد میں عید1980 سے ایودھیا 2022 تک: یوپی پولیس میں آرہی ہے بہتری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 29-04-2022
 مرادآباد میں عید1980 سے ایودھیا 2022 تک: یوپی پولیس میں آرہی ہے بہتری
مرادآباد میں عید1980 سے ایودھیا 2022 تک: یوپی پولیس میں آرہی ہے بہتری

 


awazthevoice

ثاقب سلیم، نئی دہلی

اپنی ٹویٹر ٹائم لائن کے ذریعے اسکرول کرتے ہوئے، مجھے ایودھیا پولیس کا ایک ٹویٹ ملا۔ سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایودھیا شیلیش پانڈے مذہبی مقامات کی بے حرمتی کی سازش میں ملوث سات سماج دشمن عناصرکی گرفتاری کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ گرفتارملزمین عید الفطر سے عین قبل ایودھیا میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانا چاہ رہے تھے۔

جیسے ہی میں نے پولیس کے بیان کو پڑھا اور ان کی کارروائی کو دیکھا تومیں جذباتی ہو گیا اور مجھے سنہ 1980 میں مراد آباد کےعیدگاہ میں پولیس کے ہاتھوں مسلمانوں کے قتل عام کی کہانی یاد آگئی۔ خیال رہے کہ 13 اگست 1980 کو مراد آباد کی عیدگاہ میں40,000 سے زائد مسلمان نماز ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ یہ تہوارکا موقع تھا اور کسی نے سوچا بھی نہ ہوگا کہ یہ عید تاریخ کی سب سے خونریز عید بن جائے گی۔عید الفطر کی نماز کے بعد کچھ سماج دشمن عناصر نے نمازیوں کے درمیان ایک سور چھوڑ دیا۔ یہ ٹھیک اسی طرح کا معاملہ تھا جیسا کہ گذشتہ روز ایودھیا میں سات ملزمین پکڑے گئے۔ جب لوگوں نے پولس سے سور کو ہٹانے کا کہا تو پولیس نے مدد کرنے کے بجائے نمازیوں پر فائرنگ کر دی تھی۔300 نمازی پولیس کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔

ایم جے اکبر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے اس وقت ایک صحافی کے طور پر اس قتل عام کی کوریج کی تھی۔اس میں انہوں نے لکھا تھا مراد آباد کا واقعہ ہندو مسلم فساد کا معاملہ نہیں تھا بلکہ ایک پولیس فورس کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتلِ عام تھا۔ اگرچہ اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی۔اوراسے ہندو مسلم فساد کا نام دیا گیا تھا۔ یہ حقیقت کہ مقامی ایم ایل اے حافظ محمد صدیق بھی نمازیوں میں شامل تھے ۔ وہ بھی پولیس کو ان لوگوں کو قتل کرنے سے نہیں روک سکے۔ جب کہ پولیس نمازیوں کی حفاظت کے لیے مامور تھی۔اس کے بجائے پولیس کے ساتھ ساتھ میڈیا نے بھی نمازیوں کو قتل عام کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی۔

ٹائمزآف انڈیا اوراکنامک اینڈ پولیٹیکل ویکلی نے دعویٰ کیا کہ نمازیوں کے حملے کے بعد پولیس کو جوابی فائرنگ کرنے پر مجبور کیا گیا۔ وہیں ایک معروف صحافی اور مورخ رومیلا تھاپر کے بھائی رومیش تھاپر نے دعویٰ کیا کہ غیر ملکی فنڈز نے مسلمانوں میں علیحدگی پسندانہ رجحانات کو ہوا دی۔ ایک اور قومی روزنامے نے ایک سرخی چلائی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ مسلمانوں نے بی ایس ایف کے5 سپاہیوں کو ہلاک کر دیا ہے اور بی ایس ایف نے اس کی تردید بھی کی۔ اس وقت کے کئی اخبارات نے پولیس ورژن کو معتبر بنانے کے لیے افواہیں پھیلانے کی کوشش کی۔ سید شہاب الدین، سابق ایم پی، اور ایم جے اکبر نے من گھڑت کہانی کو پولس اور میڈیا کی حمایت سے آگے بڑھایا۔

شہاب الدین نے اکنامک اینڈ پولیٹیکل ویکلی کو لکھے خط میں پوچھا کہ اگر پولیس کا یہ کہنا درست ہے کہ نمازیوں نے پولیس پر گولی چلائی تو کیوں؟انہوں نے چند سوالات کئے تھے:

1. عیدگاہ میں کوئی آتشیں اسلحہ آتا ہوا نہیں دکھا۔

2. کوئی کارتوس نہیں ملا۔

3. کسی پولیس اہلکار کو گولی کیوں نہیں لگی یا کوئی زخمی کیوں نہیں ہوا۔

4. عیدگاہ کے سامنے والی کسی عمارت پر گولیوں کے نشانات نہیں ملے۔

5. بھگدڑ کے باوجود کوئی آتشیں اسلحہ پیچھے نہیں چھوڑا گیا۔

6. اگراشتعال انگیزی کرنے والے مسلح تھے تو انہیں پتھراٹھانے کی ضرورت کیوں پڑی؟

حقیقت یہ ہے کہ پولیس نے سماج دشمن مجرموں کے ذریعہ بنائے گئے ایک آوارہ سور سے متعلق واقعہ پر قابو پانے کے بجائے مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرایا گیا اور پھر انہی کا قتل عام کیا گیا۔ اس میں تقریباً 300 مسلمان مارے گئے۔ پولیس نے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کی۔

ایم جے اکبر نے لکھا کہ مرادآباد کے بارے میں مجھے سب سے زیادہ خوشی کی بات یہ ملی کہ شدید اشتعال انگیزی کے باوجود شہر کے ہندو اور مسلمان ایک دوسرے سے نفرت نہیں کر رہے تھے۔ میں نے پولیس کی بربریت کے ان تمام واقعات کو تفصیل سے پڑھا ہے اور سوچا ہے کہ اگر ہماری پولیس نے درست رویہ اختیار کیا ہوتا تو کیا ہوتا۔ یہ حقیقت ہے کہ ایسے واقعات 1970، 80 یا 90 کی دہائیوں میں شاذ و نادر نہیں تھے۔اس لیے ان دنوں غریب، کم پڑھے لکھے اور پسماندہ لوگوں کو پولیس پر اعتماد نہیں تھا۔

ایم جےاکبر نے لکھا کہ ریاستی مسلح کانسٹیبلری- پی اے سی( The Provincial Armed Constabulary- PAC) جس کی ماضی میں پہلے ہی انکوائری کمیشنوں کی طرف سے تعصب کی مذمت کی جا چکی ہے، اب اس نے مسلمانوں کو اس پر عدم اعتماد کرنے کی ایک اور بہت اچھی وجہ دی ہے۔

آج جب میں نے ایودھیا سے یہ خبر پڑھی تو میری آنکھیں اشک بار ہوگئیں، میں جذبات سے مغلوب ہوگیا۔ میرے یہ آنسو غم، خوشی اور امید کا امتزاج تھے۔ بلاشبہ 42 سال قبل قتل عام میں ہندوستانیوں کو کھونے کا غم ہر دوسرے جذبات سے زیادہ ہے لیکن پھر خوشی کی بات ہے کہ چار دہائیوں کے بعد اسی یوپی پولیس نے زبردست اصلاح کی ہے۔ اس بار جب شرپسندوں نے فرقہ وارانہ جنون کو بھڑکانے کی کوشش کی، پولیس نے 1980 کے برعکس اس کا الزام مسلمانوں پر نہیں لگایا اور متاثرین کے خلاف تعزیری کارروائی نہیں کی۔

اس کے برعکس پولیس نے شکایت درج کرائی اور لوگوں سے پرسکون رہنے کی درخواست کی۔اور تو اور 24 گھنٹے کے اندر مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مجھے حیرت ہے کہ کیا پولیس 1980 مرادآباد میں بھی یہی رویہ برقرار رکھ سکتی تھی، جو انہوں نےایودھیا میں کیا۔ جب کہ عید کی نماز پڑھنے والے نمازیوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔ یوپی پولیس کی جانب سے ہونے اس اہم ترین تبدیلی کی تعریف کی اس بڑی اصلاح کے لیے تعریف کی جانی چاہیے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ مرادآباد،ہاشم پورہ، ملیانہ، علی گڑھ وغیرہ کے فسادات کے برعکس اگر یوپی پولیس ایودھیا کی طرح تیز اور متوازن کارروائی کرے گی تو معاشرے کے غریب اور پسماندہ لوگوں کا اعتماد حاصل کرلے گی۔