انگریزی تراجم قرآن میں خواتین کی خدمات

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-09-2021
انگریزی تراجم قرآن میں خواتین کی خدمات
انگریزی تراجم قرآن میں خواتین کی خدمات

 

 

awaz

مجتبیٰ فاروق،حیدرآباد

انگریزی زبان میں قرآن مجید کے تراجم و تفاسیر کا کام جہاں مردوں نے انجام دیا،وہیں خواتین بھی اس میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں۔

دور حاضر میں خواتین نے قرآن مجید کے انگریزی تراجم نگاری پر اچھا خاصا کام کیا ہے جس کو متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

اس تعلق سے انگریزی اور اردو میں خواتین نےسب سے زیادہ تراجم کا کام انجام دیا ۔ انگریزی زبان میں پانچ سے زائد مکمل تراجم و تفاسیر موجود ہیں جو خواتین کے ذریعے سے ہوئیں۔

(1) سب سے پہلے امریکہ کی ایک نومسلمہ ام محمد(Umm Mohammad) نے قرآن مجید کا انگریزی ترجمہ کیا اوراس کی تفسیر لکھی ہے،اس کا نام حسب ذیل ہے:

The Arabic Text with Corresponding English Meaning 

یہ ترجمہ وتفسیر 1995ء میں صحیح انٹرنیشل(Saheeh International) کے تحت دار القاسم(سعودی عرب) نے شائع کیا اور اب یہ صحیح انٹرنیشل کے نام سے شائع ہوتا ہے۔اس ترجمہ قرآن میں انہیں امات اللہ جے بنٹلی اور ایک نومسلمہ میرے ایم کینڈی نے بھی تعاون کیا۔

(2) قرآن مجید کا دوسرا ترجمہ ایک اور نومسلمہ نے انجام دیا اور ان کا نام کیمائل اڈمس ہلمنسکی(Camile Adams Helminski) ہیں، ان کے ترجمے کا نام ہے:

Daily Readings fom the Holly Quran

 (3) قرآن مجید کا ایک اور ترجمہ ایران کی طاہرہ سفارزادہ نے کیا اور ان کے ترجمے کا نام ہے:

The Holly Quran : Translation with Commentary

(4)امریکی نژاد لیلیٰ بختیار نے بھی قرآن مجید کا ترجمہ کیا اور ان کے ترجمے کا نام دی سب لائم قرآن (The Sublime Quran) ہے۔  یہ ترجمہ 2007ء میں شائع ہوا ۔ لیکن یہ ترجمہ فکری لحاظ سے مغالطہ آمیز ہے اور اس میں بہت سے مقام پر مترجمہ نے غلطیاں کی ہیں ۔ یہ ترجمہ تجددزدگی اور آزادی نسواں کا نمائندہ ترجمہ ہے۔

اس کے علاوہ خواتین نے قرآن مجید کا ترجمہ و تفسیر مردوں کے ساتھ مل کر بھی کیا گیا ہے جس کو رم حسن(Rim Hassen) نے ٹیم ورک آف ٹرانسلیشن(Team work Translations) کی اصطلاح استعمال کی۔

اس کی ایک مثال دینا الزہرہ زیدان کی ہے۔ انھوں نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر قرآن مجید کا ترجمہ کیا ہے اس ترجمے کا نام ہے:

The Glorious Quran:Text and Translstion

 وہیں Team work Translation کی ایک اور مثال سمیرہ احمد کی ہے انھوں نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کردرج ذیل عنوان سے کیا ہے:

The Quran : Complete Dictionary and literal Translation 

 عبدالحق اورعائشہ بولی کا ترجمہ بھی اس کٹیگیری میں شامل ہے۔ عائشہ بولی نے اپنے شوہر حاج عبد الحق بولی سے مل کر قرآن کا ترجمہ کیا اور اس ترجمہ میں مختصر حواشی بھی شامل ہے۔ اس ترجمہ کا نام ہے:

The Noble Quran :A New Rendering of its meanning in English

 یہ غیر مسلموں کو مد نظر رکھ کر کیا گیا اوراس کو ناروچ (Norwich ) بک ورک یو کے سے 1999ء میں شائع کیا گیا ہے۔

ایک اور ترجمہ قرآن ڈاکٹر شہناز شیخ صاحبہ کا ہے ۔ جنھوں نے عرق ریزی سے قرآن مجید کا لغوی ترجمہ کیا جس کا نام ہے:

The Glorious Quran: word -For-Word Translations

یہ ترجمہ قرآن 2007ء میں اسلامی کتاب گھر(نئی دہلی) نے شائع کیا .اس ترجمہ میں ان کی معاونت کوثر کھتری نے کی ہے۔

انگریزی کے علاوہ خواتین نے دیگر زبانوں میں بھی قرآن کے تراجم کئے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ برق رفتاری سے خواتین کے ذریعے سے قرآن مجید کے ترجمہ نگاری کا کام  ہورہا ہے۔

نوٹ: مضمون نگار مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی(حیدرآباد)  میں  ریسرچ اسکالر ہیں۔