قرآن پاک کا سنہالی ترجمہ:لنکائی ہائی کمیشنر کاجمعیۃ علماء کوتحفہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2022
  قرآن پاک کا سنہالی ترجمہ:لنکائی ہائی کمیشنر کاجمعیۃ علماء کوتحفہ
قرآن پاک کا سنہالی ترجمہ:لنکائی ہائی کمیشنر کاجمعیۃ علماء کوتحفہ

 

 

نئی دہلی : سری لنکا کے ہائی کمیشنر اور دیگر اعلی عہدیداروں نے پیر کو جمعیۃ کے صدردفتر پہنچ کر اس کے ذمہ داروں کو قرآن پاک کا سنہالی ترجمہ پیش کیا۔

یہ ترجمہ سری لنکا کی آل سیلون جمعیت العلما کے صدر مفتی محمد رضوی کے ذریعہ شائع کیا گیا ہے۔

بذات خود سری لنکا کے ہائی کمشنر ملندا موراگوڈا دفتر جمعیۃ علماء ہند پہنچے اور جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ، سکریٹری مولانا نیاز احمد فاروقی کو قرآن مجید کا نسخہ پیش کیا۔

ایک شفاف ڈسپلے باکس کے اندر نصب قرآن پاک کا یہ نسخہ اگلے جمعہ کو جمعیۃ کے دفتر میں واقع 500 سالہ پرانی مسجد ’’ مسجد عبدالنبی‘‘میں رکھا جائے گا اور اس کے بعد اسے مستقل نمائش کے طور پرجمعیۃ کے میوزیم میں نصب کیا جائے گا۔

ملاقاتی تقریب کے دوران سری لنکا کے ہائی کمشنر ملندا موراگوڈا اور جمعیۃ کے عہدیداروں نے سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان اسلامی ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے کئی سینئر عہدیداران اور ہائی کمیشن کے افسران بھی موجود تھے۔قرآن پاک کا سنہالی ترجمہ پیش کرنے کے بعد ہائی کمشنر اور ان کے رفقا نے جمعیۃ کے ذمہ دا روں کی معیت میں جمعیۃ میوزیم اور لائبریری کا دورہ کیا جہاں اسلام، تاریخ ہند اور دیگر موضوعات پر تقریباً 18000 کتابیں رکھی گئی ہیں۔