جامعہ اسلامیہ ارشادة اللبنات دیوبند میں ختم بخاری شریف کی تقریب

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-04-2021
بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے مولانا محمد سالم اشرف قاسمی
بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے مولانا محمد سالم اشرف قاسمی

 

 

فیروز خان/ دیوبند

جامعہ اسلامیہ ارشادة اللبنات دیوبند میں ختم بخاری شریف کے موقع پر ایک دعائیہ مجلس کاانعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر بخاری شریف کا آخری درس دیتے ہوئے دارالعلوم اشرفیہ دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سالم اشرف قاسمی نے کہاکہ امام بخاریؒ نے نہ معلوم کس قدر اخلاص کے ساتھ یہ کتاب لکھی تھی، جس کی بنا پر اللہ تعالیٰ نے ان کی اس عظیم کتاب کو وہ مقبولیت عطا فرمائی کہ مخلوق خدا کی کتابوں میں جس کی نظیر نہیں پیش کی جاسکتی، اللہ تعالیٰ نے اس کتاب کو جو شہرت عطا فرمائی اس سے زیادہ کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔

مولانا نے بخاری شریف کی آخری حدیث پر سیر حاصل گفتگو کی،اس موقع پر مولانا نے فن حدیث کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حدیث رسول شریعت اسلامیہ کا اہم ماخذ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن کریم کے بیان کردہ احکامات کی تفصیل احادیث رسول کے ذریعہ ہی ہوتی۔انہوں نے مختلف مثالوں کے ذریعہ ےہ بات سمجھائی کہ قرآن کریم اسلامی احکام کو اجمالی طور پر بیان کرتا ہے جبکہ احادیث رسول اس کی تفصیل کرتی ہیں۔ انھوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں سے عالمہ بن کر جارہی ہیں، آپ عالمہ بنی ہیں تو آپ کو عمل کرنے والی بھی بننا ہے، جو کچھ آپ نے پڑھا ہے جو کچھ آپ نے یہاں سیکھا ہے اس پر عمل کریں، اور دوسروں کو بھی سکھلائیں۔

دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ مولانا سید انظر حسین دیوبندی کی دعاءپر مجلس کااختتام ہوا۔ ا س دوران جامعہ سے فراغت حاصل کرنے والی طالبات نے آخری حدیث پڑھی، جامعہ کی ناظمہ عذرہ صالحاتی نے جامعہ کی سالانہ تعلیمی کارگزاری پیش کی اور طالبات کو عملی زندگی سنت نبوی کے مطابق گزارنے کی تلقین کی۔ آخر میں جامعہ کے روح رواں مولانا محمداسماعیل تھانوی نے تمام مہمانوں اور شرکاءکا شکریہ اداکیا۔ اس دوران مدنی دارالعلو م دیوبند کے قاری ولی اللہ،مفتی حسین، قاری ایوب تلہیڑی،قاری سعید احمد،حافظ دلشاد نونابڑی اوراسلم ممبرسمیت ادارہ کی جملہ طالبات اوران کے سرپرست موجودرہے۔