دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ کی رہنماں ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-04-2021
مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی
مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی

 

 

فیروز خان / دیوبند

عالمی شہرت یافتہ دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بڑھتے اثر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام لوگوں سے اس مہلک مرض کی روک تھام کے لئے حکومت ہند اور محکمہ صحت کے ذریعہ جاری کی گئی رہنماں ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔

مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور اس مرض کا دائرہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے ،جس کی وجہ سے حکومت نے پھر مختلف طرح کی پابندیاں لگا دی ہیں ،ایسے وقت میں مساجد میں جمعہ و جماعت اور تراویح سے متعلق مختلف مقامات سے فون آ رہے ہیں اور لوگ دارالعلوم سے رابطہ بھی کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند نے اپنے مذہبی فریضے کو انجام دیتے ہوئے گزشتہ جمعرات کو ایک اپیل جاری کر لوگوں سے مقامی انتظامیہ کی ہدایت کا لحاظ رکھنے کی اپیل کی تھی ۔

مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہا کہ زندگی بہت قیمتی ہے ،جس کو بچانے کے لئے کوئی حد مقرر نہیں ہے بلکہ کسی بھی حد تک جایا جا سکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ کورونا مدت میں زندگی کو بچانے کے لئے ہمیں اپنے جزباتوں کی قربانی دینی ہوگی ،بھیڑ سے بچنے اور فیس ماسک کا استعمال کرنے سے اس بیماری سے کسی حد تک بچا جا سکتا ہے ۔اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم کووڈگائڈ لائن پر عمل کریں ،انہوں نے کہا کہ اس بات کا خیال ہمیں عبادتوں میں بھی رکھنا ہوگا ،اس لئے ضروری ہے کہ عبادت گاہوں میں صرف اتنی ہی تعداد میں لوگ جائیں جتنی تعداد کی اجازت مقامی انتظامیہ نے دی ہوئی ہے ۔

مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہا کہ انتظامیہ نے ہم سب کی حفاظت کومد نظر رکھتے ہوئے ہی نائٹ کرفیو نافذ کیا ہے ،اس لئے اس کی خلاف ورزی سے بچا جائے ،عبادت گاہوں کے متعلق جو گائڈ لائن جاری ہوئی ہے اس کو اچھی طرح سے پڑھ لیا جائے ،سمجھ لیا جائے اور اس کی رعایت کرتے ہوئے عبادت کا اہتمام کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ کورونا کی اس تازہ لہر کو روکنے کے لئے حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اس میں تعاون دیں بلا ضرورت بھیڑ بھاڑ والی جگہوں میں جانے سے بچیں ،جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں ،فیس ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال کریں کیونکہ صحت کی حفاظت بھی ایک ایمانی تقاضہ ہے ،مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہا کہ رمضان کے مبارک مہینے میں تمام مسلمان مرد و خواتین استغفار کا خصوصی اہتمام کریں ،اپنے لئے اور ملک و ملت کے لئے عافیت کی دعا ءکریں ۔