زہرہ جعفری: خطاطی کا شوق جو جنون بن گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-10-2021
زہرہ جعفری: عربی خطاطی کو فروغ دینے میں مصروف
زہرہ جعفری: عربی خطاطی کو فروغ دینے میں مصروف

 

 

ملک اصغر ہاشمی/ نئی دہلی / بہرائچ

عربی خطاطی کے کچھ اثرات ابھی تک ریاست کیرالہ اور کرناٹک میں موجود ہیں،جب کہ یہ فن اترپردیش میں تقربیاً ختم ہو چکا ہے۔ میں کوشش کر رہی ہوں کہ ریاست اترپردیش بھی عربی خطاطی کے فن کو دوبارہ زندہ کرسکوں۔

ان خیالات کا اظہار ریاست اترپردیش کے ضلع بہرائچ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ زہرہ جعفری نے کیا ہے۔

زہرہ جعفری صرف22 سال کی ہیں، تاہم وہ بہت کچھ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ خاص طور پر وہ عربی خطاطی کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ اسے پیشہ ورانہ طور بھی اپنانا چاہتی ہیں۔

آواز دی وائس کے نمائندے نے جب زہرہ جعفری سے بات کی تو بہت سی دلچسپ اور حیران کن باتیں سامنے آئیں۔

زہرہ جعفری فی الوقت 'امام علی مدرسہ'  کی بھی نگراں ہیں، جس میں 41 بچےاس وقت دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہاں زہرہ جعفری پورا وقت دیتی ہیں، اور بچوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ خطاطی بھی سکھا رہی ہیں۔

وہ یہ چاہتی ہیں کہ ان کے مدرسے سے جوبچے تعلیم حاصل کرکے نکلیں وہ عربی خطاطی کے فن میں ماہر ہوں، تاکہ جب بچےمدرسہ چھوڑدیں تو وہ مختلف سطحوں پر عربی خطاطی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں اور اگر ضرورت پڑی تو وہ اس فن کو روزگار کے طور پر بھی اپنا سکیں۔

awazurdu

سوشل میڈیا کے ذریعہ عام لوگوں تک رسائی 

مدرسہ چلانے کے ساتھ ساتھ زہرہ نے خطاطی کو اپنے روزگار کا ایک اہم حصہ بنالیا ہے۔ وہ پچھلے پانچ سالوں سے اس سمت میں کام کر رہی ہیں۔

ان کا ٹوئٹر ہینڈل 'زہرہ کیلیگرافر' کے نام سے ہیں، جس میں ان کے ساڑھے دس ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں۔ اس کے علاوہ ایک فیس بک پیج اور یوٹیوب چینل بھی ان کے نام سے منسوب ہے۔

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو وہ کسٹمر تک پہنچنے کا اہم ذریعہ مانتی ہیں، اس لیے وہ مختلف سائٹس پر ایکٹیو بھی رہتی ہیں۔ وہ  سوشل میڈیا پر مسلسل اپنے فن کا مظاہرہ کرتی رہتی ہیں۔

لوگ ان سے رابطہ کرتے ہیں پھر دونوں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوتی ہے اور معاملات طے ہوتے ہیں۔

زہرہ جعفری کا کہنا ہے کہ اس طرح انہیں ہر روز بڑی تعداد میں آرڈر ملتے ہیں۔ آرٹ ورک بھی اسی تناسب سے دیا جاتا ہے۔ وہ مختلف قسم کی عربی خطاطی ڈئزاین کرکے کسٹمر کو دیتی ہیں۔

اس کے علاوہ وہ بڑے اور اچھے فریموں میں 'طغرے' بھی تیار کرتی ہیں۔

awazurdu

بڑے بھائی کا تعاون

زہرہ جعفری کے والد شکیل عباس جعفری بہرائچ میں کپڑوں کی ایک دکان چلاتے ہیں۔ہے۔ زہرہ تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ ان سے بڑے بھائی ہیں، جو زہرہ کے آن لائن کاروبار کو بڑھانے میں مدد کرتے ہیں۔ وہیں وہ سوشل میڈیا پوسٹس کی ایڈیٹنگ کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ ان کے بھائی یہ فیصلہ کرتے ہیں، کس چیز کو سوشل میڈیا پر ڈسپلے کرنا ہے اور کسے نہیں کرنا۔

زہرہ کہتی ہیں کہ ان کے بڑے بھائی کا ذہن اس معاملے میں بہت زیادہ تخلیقی ہے، اس لیے کام کرنا ان کے لیے زیادہ آسان ہوگیا ہے۔

 یہ حیرت کی بات ہے کہ بھائی اور بہن سب کچھ بغیر کسی بیرونی تربیت کے کررہے ہیں۔ خطاطی کی زہرہ نے کبھی کسی قسم کی باضابطہ تعلیم حاصل نہیں کی ہے۔

 وہ کہتی ہیں کہ سب کچھ پڑھ کر نہیں سیکھا جا سکتا۔ بہت سے لوگ پڑھ کر بھی کچھ نہیں سیکھ پاتے۔ بہت سے لوگ بغیر پڑھے بہت کچھ سیکھ لیتے ہیں۔

زہرہ نے کیسے سیکھا خطاطی کا فن

 اس سوال کے جواب میں زہرہ نے کہا کہ مجھے آپ کےسوال نے اکلویہ(مہابھارت کا ایک اہم کردار) کی یاد دلا دی۔ 

خیال رہے کہ اکولیہ مہابھارت کا ایک اہم کردار ہے، جنھوں نے استاد کے بغیر تیراندازی کا فن ذاتی طور سیکھا تھا، مگر گرو دورناآچاریہ کو اپنا گرو مانتا تھا۔

 زہرہ نے بتایا کہ اس نے بھی ویسا ہی کام کیا ہے۔ معین صاحب کالج میں سنسکرت اور پینٹنگ کے استاد تھے۔ ان کی لکھاوٹ بہت خوبصورت تھی۔

زہرہ بتاتی ہیں کہ جب معین صاحب کلاس لیتے تو وہ چھپ کرسب سے پیچھے بیٹھ جاتی تھیں اور گھر آکر اس پر عمل کرتی تھیں، جو وہ اپنے طلباء کو بتایا کرتے تھے۔ اس طرح زہرہ نے بہت سی باتیں معین صاحب سے سیکھ لیں۔

اس دوران انہیں معلوم ہوا کہ عربی خطاطی اترپردیش سے تقریباً ختم ہوچکی ہے، پھر وہ اس کے فروغ کے بارے میں سوچنے لگیں۔

زہرہ نے مدرسہ میں دینی تعلیم حاصل کی ہے چوں کہ اردو، ان کی مادری زبان ہے، اس لیے انہیں عربی خطاطی سیکھنے میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آئیں۔

وہ کہتی ہیں کہ اس فن کو اتر پردیش میں فروغ دینا ہے۔اسی نیت و ارادوے سے وہ اپنے مدرسہ کے بچوں کو تعلیم دے رہی ہیں۔

awazurdu

زہرہ کی خطاطی اور معین صاحب

زہرہ کو اس بات کا ملال ہے کہ اس کے فن کو دیکھے بغیر معین صاحب کا انتقال ہوگیا، اس لیے وہ اپنا فن کو انہیں دکھا نہ سکیں، تاہم معین صاحب کو وہ اپنا استاد مانتی ہیں۔

زہرہ جعفری جلد ہی اپنا ویب سائٹ لاونچ کرنے والی ہیں، تاکہ ان تک رسائی کسٹمر کے لیے آسان ہو جائے۔