دنیا کا سب سے مہنگاآم۔ہوش اڑجائیں گے،سن کر دام

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2021
دنیا کا سب سے مہنگاآم
دنیا کا سب سے مہنگاآم

 

 

غوث سیوانی،نئی دہلی،جبل پور

آم کا نام سنتے ہی منہ میں پانی آنالازمی ہے مگر آم کی ایک ایسی قسم سامنے آئی ہے جس جس کا دام سن کر آپ کے ہوش ٹھکانے نہیں رہیں گے۔جی ہاں، یہ دنیا کا سب سے مہنگا آماہے۔ الفانسواورنورجہاں آم سے بھی زیادہ مہنگاہے یہ آم۔اس کی کاشت مدھیہ پردیش کے جبلپور میں کی جا رہی ہے۔

اس آم کو صرف بڑے بڑے صنعت کاراورتاجر ہی کھاسکتے ہیں۔ اگر عام آدمی اس کا مزہ چکھنا چاہے تو اسے بینک سے قرض لینےکی ضرورت پڑسکتی ہے۔ یہ سن کر آپ کو حیرت ہوگی لیکن یہ ایک حقیقت ہے۔

جبل پور کے اس ایک آم کی قیمت 2.70 لاکھ روپے ہے۔ مطلب کہ یہ ہے کہ ایک آم کھانے کے لئے آپ کو 2.70لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ انٹرنیٹ پر اس آم کی قیمت ایک سے دو لاکھ کے درمیان بتائی جاتی ہے۔حالانکہ ابھی اس بے حدمہنگےآم کی کاشت ملک میں کہیں اور نہیں کی جاتی ہے۔ چونکہ جاپان میں اس کی زیادہ طلب ہے لہذا اسے’’جاپانی آم تامگو‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ جاپانی میں اسے 'تائیو نو تماگو' کے نام سے جانا جاتا ہے۔

مالامال کرتاہے آم کا درخت

ہندوستان میں آم کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں جن میں دسہری ، طوطاپری ، لنگڑا، دیسی آم ، ہاپس شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی آم پر بیرون ملک ےشہرت کا حامل ہے۔ ہاپس / الفانسو آم کو ہندوستان کا سب سے مہنگا آم سمجھا جاتا تھامگر اب دنیا کا سب سے مہنگا آم، تماگو ہے۔ تماگو کی کاشت جبل پور میں کی جارہی ہے تماگو آم کی ایم پی کے سنسکاردھانی جبل پور میں کاشت کی جارہی ہے۔

یہاں چارگوان گائوں کے رہنے والے سنکلپ پریہار اپنے باغات میں اس آم کی کاشت کررہے ہیں۔ سنکلپ پریہار نے اپنے 4 ایکڑ والے باغ میں آم کی 14 مختلف اقسام کے پودے لگائے ہیں اور تماگو کے بھی52 درخت لگائے ہیں۔ آم کے کاشتکار سنکلپ پریہار نے بتایا کہ گذشتہ سال بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک آم کی قیمت 2.70 لاکھ روپے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی شرح پیداوار کے مطابق بدلتی رہتی ہے۔ ایک تماگو آم کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی جارہی ہے۔ تاہم ، انٹرنیٹ پر دستیاب شرح میں ، اس کی قیمت ایک سے دو لاکھ کے درمیان ہے۔

جاپان کاہے آم

اس آم کی کاشت کرنے والے سنکلپ پریہار نے بتایا کہ جاپان میں یہ آم پولی ہائوس کے اندر محفوظ ماحول میں اُگایا جاتا ہے۔ جبل پور میں ، ہم نے اسے بطور تجربہ لگایا اور اس آم نے جبل پور کا ماحول پسند کیا اور یہاں پھلااور بڑھا۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلی بار ایک آم کی قیمت 2.70 لاکھ روپے تھی۔ پریہار نے بتایا کہ تماگو سرخ رنگ کا ہے ، جس کی وجہ سے اسے انڈے کا سورج بھی کہا جاتا ہے۔ یہ آم کھانے میں مزیدار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ جاپان میں مقبول ہے۔

جبل پورکوبین الاقوامی شہرت

سنکلپ پریہار وضاحت کرتے ہیں کہ ان کے باغ میں ملکہ اور ہاپس آم کی کاشت بھی کی جاتی ہے۔ ہندوستان میں ملکہ آم کی طلب زیادہ ہے۔ سنکلپ پریہار نے کہا کہ ہم تین سال سے تماگو آم کی کاشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبل پور میں اس آم کی کاشت کی وجہ سے جبل پور کی شہرت بین الاقوامی سطح تک جا پہنچی ہے۔ اس آم کو اگانا اتنا آسان نہیں ہے ، اسے لگانے کے بعد اس کے درخت پر بہت کم پھل آتے ہیں۔

حفاظت بھی مشکل

جب سے سنکلپ پریہار کے باغ میں جاپانی آم اگنے لگے ہیں ، تب سے چوروں کی نگاہ بھی ان کے باغ پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اہلیہ رانی پریہار کے ساتھ مل کر رات کے وقت آم کے باغ کی حفاظت کرتے ہیں۔ جبل پور میں کاشت کی جانے والی جاپانی آم کی شہرت ملک بھر میں پھیل گئی ہے لیکن محکمہ ہرٹی کلچر نے ابھی تک سنکلپ پریہار کے آم کے باغ پر توجہ نہیں دی۔ اگر محکمہ ہرٹی کلچر نے اس پر زیادہ توجہ دی تو دوسرے کسان بھی جاپانی آم کی کاشت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

اتفاق سے مل گیاتھا پودا

سنکلپ پریہار ابھی یہ آم نہیں بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ممبئی اور سورت سے کچھ لوگوں نے اس کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ لیکن ہم پہلے اپنے پودوں کو بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی طلب زیادہ ہے۔ اس کے مدنظر ہم اس کی کاشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جبل پور سے حیدرآباد ٹرین سے جاتے ہوئے ایک شریف آدمی نے جاپانی آم کے پودے دیئے تھے۔ جاپانی آم کے پودے گھر لا کر باغ میں لگائے گئے۔وقتا فوقتا اس کی دیکھ بھال کرتے رہے اور آج اس آم نے مجھے شہرت دی ہے۔