شادی کی مثالی سالگرہ ۔ نابینا جوڑے نے کی یتیموں کی مدد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2021
یتیم بچوں کے ساتھ منائی سالگرہ
یتیم بچوں کے ساتھ منائی سالگرہ

 

 

 شیخ محمد یونس ۔ حیدرآباد

ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے حبیب نگر علاقہ کے ساکن ایک نابینا جوڑے نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ نہ صرف یتیم اور معذور بچوں کے ساتھ منائی بلکہ ان کی مدد کے ذریعہ جذبہ خدمت خلق کی ایک بہترین مثال پیش کی ہے۔

 محمد حاجی اور حمیرہ شیرین دونوں مکمل نابینا ہیں سال گزشتہ 18 جون کو یہ دونوں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے اور ایک دوسرے کا سہارا بنے۔محمد حاجی مدرس ہیں اور وہ اسنہا سوسائٹی میں خانگی ٹیچر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہیں۔محمد حاجی نابینا ہونے پر کبھی بھی اپنے آپ کو کمزور محسوس نہیں کیا اور نہ ہی وہ احساس کمتری کا شکار ہوئے۔

 ایک مثالی سالگرہ

 محمد حاجی اور حمیرہ شیرین نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ نظام آباد کے سبھاش نگر میں واقع بال سدن کے یتیم' نادار اور معذور بچوں کے ساتھ منائی۔نہ صرف بچوں کے ساتھ کیک کاٹا گیا بلکہ اس جوڑے نے بچوں میں ملبوسات اور مٹھائی تقسیم کی۔کھانے کا بھی نظم کیا گیا ۔معاشرہ میں شادی بیاہ اور تقاریب کے موقع پر اسراف عام بات ہیں ایسے ماحول میں اس نابینا جوڑے نے سماج کو دعوت فکر دینے کے ساتھ ساتھ ایک درست راہ دکھائی ہے اور اس جوڑے کا یہ مستحسن اقدام قابل تقلید ہے۔

 محمد حاجی ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی تلنگانہ سے گریجویشن کی تکمیل کی ہے۔انٹر میڈیٹ تک مہاراشٹرا میں تعلیم حاصل کی۔وہ بنگلورو سے ٹی ٹی سی کورس کی تکمیل کرچکے ہیں۔جبکہ ان کی اہلیہ حمیرہ شیرین سرکاری ملازم ہیں اور وہ ویلفیر ہاسٹل میں ہلپر کی حیثیت سے برسرکار ہیں۔اس جوڑے کو زندگی کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے یہی وجہ ہے کہ وہ غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔

علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں

 وہ نابینا طلبہ کو علم کی روشنی سے منور کررہے ہیں۔محمد حاجی نے اپنی معذوری کو کبھی بھی اپنی زندگی میں حائل ہونے نہیں دیا۔وہ عزم مصمم کی بہترین مثال ہیں۔وہ نہ صرف تعلیمی یافتہ ہیں بلکہ آج طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ و پیراستہ کررہے ہیں۔محمد حاجی نابینا بچوں کو بنیادی کورس کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ریاضی اور انگریزی بھی پڑھاتے ہیں۔وہ بچوں کی ہر طرح سے حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ضرورت مند بچوں کا اپنی جانب سے پورا پورا خیال کرتے ہیں۔

 موجودہ حالات میں انسان مادی چیزوں کے حصول کیلئے سرپٹ ڈور رہا ہے ۔نفسا نفسی کا عالم ہے کوئی کسی کا مدد گار نہیں ہے۔سب کو اپنی ہی فکر لاحق ہے۔انسانیت ختم ہورہی ہے۔ایسے پرآشوب دور اور حالات میں یہ نابینا جوڑا مالدار اور صاحب ثروت افراد کو خدمت خلق کی ترغیب دے رہا ہے۔کورونا کی وجہ سے آج حالات انتہائی ابتر ہیں۔غریب اور ضرورت مند افراد دووقت کی روٹی کیلئے تگ ودو کررہے ہیں۔ایسے میں ضرورت مندوں کی مدد تقاضہ وقت ہے اور یہ نابینا جوڑے کا مثالی اقدام مالدار طبقہ کیلئے ایک بہترین پیام ہے۔

نابینا ہیں مگرمحتاج نہیں

 محمد حاجی نے بتایا کہ تمام انسان ضروریات زندگی کی تکمیل کیلئے محنت و مشقت کرتے ہیں ان میں نابینا اور معذورین بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو انسان کسی بھی قسم کی معذوری کا شکار نہیں رہتے ان کی مجبور ی اور مشکلات کسی کو نظر نہیں آتیں۔جبکہ معذورین اور نابینا افراد کی مجبوری سب پر عیاں رہتی ہیں ۔ہر انسان کو زندگی گزارنے کیلئے بہر صورت جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ معذورین اپنی قسمت پر رونے کے بجائے محنت اور مشقت کو مقصد حیات بنائیں۔محمد حاجی نے بتایا کہ کبھی بھی معذوری کا عذر پیش نہ کیا جائے۔احساس کمتری کو اپنے قریب نہ آنے دیا جائے۔سب سے پہلے مقصد کا تعین کیا جائے اور منزل مقصود کے حصول کیلئے محنت شاقہ کی جائے۔محمد حاجی نے بتایا کہ کامیابی اور ناکامی اللہ کے ہاتھ ہے تاہم ہمیں جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔

 ا نجام اس کے ہاتھ ہے آغاز کرکے دیکھ

بھیگے ہوئے پروں سے پرواز کرکے دیکھ

 کبھی طلبگار تھے مگر اب مددگار ہیں

محمد حاجی کے مطابق آج لوگ لاکھوں روپے کماتے ہیں اور اپنی اور اپنے افراد خاندان کی ضروریات کی تکمیل پر ہی توجہ دیتے ہیں وہ غریبوں ' محتاجوں اور بے سہارا افراد کی مدد پر توجہ نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ اپنی آمدنی میں سے کچھ رقم غریبوں کی مدد کیلئے بھی لازماً صرف کی جانی چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتوں کی امداد سماج میں تمام ضرورت مندوں اور مستحقین تک نہیں پہنچتیں۔ایسے میں سماج کے تمام افراد کو اپنی اپنی استطاعت کے مطابق غریبوں کی مدد کرنی چاہئے۔تاکہ سماج میں موجود مسائل بڑی حد تک حل ہوسکیں۔محمد حاجی نے بتایا کہ جب انہیں مدد کی ضرورت تھی تب چند مخیر حضرات نے ان کا ساتھ دیا۔آج وہ کسی کی مدد کرنے کے قابل ہوگئے ہیں۔لہذا وہ غریبوں کی مدد کے ذریعہ دلی سکون اور راحت محسوس کررہے ہیں۔محمد حاجی نے سماج کو پیغام دیا کہ وہ کورونا وباء کی سنگین صورتحال میں انسانیت کو زندہ و تابندہ رکھیں۔ایک دوسرے کی مدد کی جائے ۔انہوں نے بتایا کہ یتیم بچوں کے ساتھ شادی کی سالگرہ منائی گئی اور ان کی کچھ حد تک استطاعت کے لحاظ سے مدد کی گئی۔سماج کیلئے ان کا پیغام یہی ہے کہ صاحب ثروت اور تمام نعمتوں سے مالا مال افراد بھی غریبوں کی مدد کیلئے آگے آئیں۔