کووڈ :ایک مریض کتنے افراد کو مرض باٹ سکتا ہے!

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-04-2021
کووڈ 19 سے متاثر ایک شخص 30 دنوں میں مزید سیکڑوں افراد کو اس بیماری کا شکار کرسکتا ہے
کووڈ 19 سے متاثر ایک شخص 30 دنوں میں مزید سیکڑوں افراد کو اس بیماری کا شکار کرسکتا ہے

 

 

 نئی دہلی

ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کووڈ 19 سے متاثر ایک شخص 30 دنوں میں مزید سیکڑوں افراد کو اس بیماری کا شکار کرسکتا ہے اگر احتیاطی تدابیر جیسے سماجی دوری پر عملدرآمد نہ ہوسکے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی دوری کے اقدامات پر عمل نہ کیا جائے تو ایک مریض محض 4 ہفتوں میں 406 افراد میں اس بیماری کو منتقل کرسکتا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا کہ لوگوں کو بلاضرورت گھر سے باہر جانے سے گریز کرنا چاہیے اور باہر جانے پر فیس ماسک کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔

محققین کے مطابق یہ بہت ضروری ہے کہ فیس ماسک کا استعمال کیا جائے اور لوگوں کو موجودہ حالات میں اپنے گھروں میں مدعو نہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ سماجی دوری، فیس ماسکس اور ہاتھوں کی صفائی سے بیماری کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر جسمانی دوری کی ہدایات پر کسی حد تک یعنی 50 فیصد بھی عمل کیا جائے تو ایک متاثرہ فرد 406 کی بجائے صرف 15 افراد میں ہی اس بیماری کو منتقل کرسکے گا۔ اسی طرح 75 فیصد عملدرآمد پر ایک مریض محض 2 سے 3 افراد کو ہی اس بیماری کا شکار بناسکیں گے، تو ہر ایک کو اس پہلو کو سمجھنا چاہیے تاکہ وبا کی روک تھام کی جاسکے۔ محققین نے سماجی دوری کے لیے سماجی ویکسین کی اصطلاح استعمال کی۔

اس سے قبل اکتوبر 2020 میں ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثر افراد کی بہت کم تعداد اسے آگے پھیلاتی ہے جبکہ بچے اور نوجوان اس بیماری کے پھیلاؤ میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔

امریکا کی جونز ہوپکنز یونیورسٹی، کیلیفورنیا یونیورسٹی اور پرنسٹن انوائرمنٹ انسٹیٹوٹ (پی ای آئی) کی اس تحقیق میں تامل ناڈو اور آندھرا پردیش کے 5 لاکھ 75 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے شکار افراد میں آگے دیگر افراد میں اس کے پھیلاؤ اور اموات کی شرح کا جائزہ لیا گیا تھا۔ ان مریضوں نے آگے مزید 84 ہزار 965 افراد میں کورونا وائرس کو منتقل کیا۔

محققین نے بتایا کہ 71 فیصد متاثرہ افراد نے اپنے رابطے میں آنے والے کسی بھی فرد میں بیماری کو منتقل نہیں کیا، مگر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ چند افراد کی جانب سے متعدد افراد کو اس کا شکار بنانا ہے۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض 8 فیصد متاثرہ افراد 60 فیصد نئے کیسز کا باعث بنے۔ مجموعی طور پر کووڈ 19 کے 10 میں سے 7 مریض کسی نئے کیس کا باعث نہیں بنتے مگر باقی 3 مریض متعدد کیسز کا اضافہ کرسکتے ہیں۔