چاندنی چوک میں اذان اور مندر کی گھنٹیاں ہیں گنگا جمنی تہذیب کی زندہ مثال : ایم جے اکبر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
چاندنی چوک میں اذان اور مندر کی گھنٹیاں ہیں گنگا جمنی تہذیب کی زندہ مثال : ایم جے اکبر
چاندنی چوک میں اذان اور مندر کی گھنٹیاں ہیں گنگا جمنی تہذیب کی زندہ مثال : ایم جے اکبر

 

 

آواز دی وائس / نئی دہلی

آپ کو اگر ہندوستان کی خوبصورتی اور ہم آہنگی کو سمجھنا ہے تو دہلی کی چاندنی چوک کی ایک صبح کا دیدار کر لیں جہاں کی صبح اذان سے ہوتی ہے تو اس کے چند لمحوں کے بعد ہنومان مندر کی گھنٹیوں کی گونج سنائی دیتی ہے ۔ اس کے فوراً بعد گرودوارہ سے گرووانی سنائی دیتی ہے اور جیسے ہی یہ ختم ہوتی ہے بحث کا گھنٹا بجنے لگتا ہے۔ یہ صبح  ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب  کوبیان کرتی ہے ۔

 ملک کی یہ خوبصورت تصویر راجدھانی میں منعقد بین المذاہب کانفرنس میں سابق مرکزی وزیر اور ملک کے مشہور صحافی ایم جے اکبر نے پیش کی جو مذہبی رواداری اوربرداشت کی تہذیب پر اپنے تاثرات کا اظہار کررہے تھے۔ انہوں نے ایک مباحثہ میں کہا کہ ملک کی گنگا جمونی ثقافت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سمجھنے کے لیے اس سے بہتر کوئی اور موقع یا لمحہ نہیں ہوسکتا ہے۔

 ایم جے اکبر نے مزید کہا کہ  یہی ہے ملک کی خوبصورتی ۔جو بتاتی ہے کہ مذہبی رواداری اور گنگا جمنی تہذیب ہماری  وراثت ہے۔ انہوں نے چاندنی چوک کے منظر اور ماحول کے بارے میں اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے پیچھے کوئی بھی حکومتی مشینری کام نہیں کرتی۔ یہ معمول ہے،فطری ہے اور زندگی کا حصہ ہے اور  یہ ہندوستان کی طاقت ہے۔

 انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر میں منعقدہ 'ہندوستان اور انڈونیشیا میں بین المذاہب امن اور سماجی ہم آہنگی کی ثقافت کو تیز کرنے میں علمائے کرام کا کردار' کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار  میں انہوں نے کہا کہ  ہندوستان کی اس خوبی کو کوئی نہیں بدل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستانی اسلام اور ہندوستانی مسلمان ہے۔ انہوں نے پورے دعوے کے ساتھ کہا کہ اسے کسی سیاسی ایجنڈے کے تحت نہیں لایا جا سکتا۔ یہ ہندوستان کی بنیاد ہے۔

انہوں نے قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی رحمت صرف مسلمانوں کے لیے نہیں، پوری انسانیت کے لیے ہے۔ اللہ رحمۃ العالمین ہے۔ اللہ کو رحمت المومنین نہیں کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ علما نے ہر دور میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ،ایسا ہر دور میں ہوا ہے ۔ انہوں نے مولانا عبد الباری فرنگی محلی کا ذکر کیا ،جنہوں نے تحریک آزادی ہند کے دوران میں انگریز سرکار کے خلاف جہاد کا فتوی جاری کیا تھا۔ وہ اپنے زمانے کے جید علما اور مدرسین میں سے ایک تھے۔

یاد رہے کہ فرنگی محل کے مولانا عبدالباری بھی ابتدائی طور پر ہندو مسلم اتحاد کے داعی تھے، انہوں نے 1920ء میں گاندھی کو ہندوؤں اور مسلمانوں کا مشترکہ قائد قرار دیا تھا

اس سلسلے میں انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے نمایاں کام کرنے کے لیے بہار کے بزرگ شرف الدین یحییٰ منیری کا بھی ذکر کیا۔ ساتھ ہی داراشکوہ کے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی جڑیں بہت گہری ہیں ۔ایم جے اکبر نےزور دیا کہ قرآن اور اسلام کی موجودہ نقطہ نظر سے تشریح کرنا چاہیے ۔