نکسلی حملے میں لاپتہ جوان،نکسلیوں کے قبضے میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ بیجا پور اور سکمہ ضلع کے سرحدی علاقے میں نکسلیوں کے ساتھ مقابلے کے بعد لاپتہ جوان کی تلاش جاری ہے۔ ادھر ، نکسلیوں نے دعوی کیا ہے کہ لاپتہ سپاہی راکیشور سنگھ منہاس ان کے پاس ہے اور وہ محفوظ ہے۔ نکسلیوں نے حکومت سے ثالثوں کا نام بتانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے بعد وہ جوان کو چھوڑ دیں گے۔

ماؤنوازوں نے پریس ریلیز جاری کرکے جانکاری دی ہے۔ بیجا پور انکاؤنٹر کے بعد نکسلیوں نے ایک پریس نوٹ جاری کرکےانکاؤنٹر میں 4 نکسلیوں کے قتل کو قبول کرلیا ہے۔ اس سے قبل ، بستر ریجن کے انسپکٹر جنرل پولیس ، سنداراج پی نے بتایا تھا کہ سی آر پی ایف کے 210 کوبرا بٹالین کے سپاہی راکیشور سنگھ منہاس کی تلاش میں پولیس ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔

علاقے کے ایک اور پولیس افسر نے بتایا کہ یہ عین ممکن ہے کہ جوان راکیشور نکسلیوں کے قبضے میں ہو کیونکہ جس جگہ انکاؤنٹر ہوا تھا اس کے آس پاس ہر ممکنہ جگہ پر جوان کو تلاش کیا گیا ہے۔جوان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے پولیس نے اپنے مخبروں کو بھی متحرک کردیا ہے۔ واضح ہوکہ22 فوجی شہید اور 31 دیگر فوجی زخمی ہوئے تھے۔ دریں اثنا منہاس کی پانچ سالہ بچی نے نکسلیوں سے اپیل کی ہے کہ اس کے والد کو چھوڑ دیں۔ (ان پٹ ایجنسی)