یوگی نے وزراء کو سونپا100 دنوں کے کام کا ایجنڈا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
یوگی نے وزراء کو سونپا100 دنوں کے کام کا ایجنڈا
یوگی نے وزراء کو سونپا100 دنوں کے کام کا ایجنڈا

 


آواز دی وائس،لکھنؤ

ریاست اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نومنتخب وزراء کو اپنی حکومت کے ابتدائی سو دنوں کے کام کاج کا ایجنڈا سونپتے ہوئے سرکاری خزانے کا غلط استعمال روکنے اور بہتر حکمرانی کا ماحول بنانے کی سخت ہدایت دی ہے۔

یوگی نے بطور وزیر اعلی اپنے دوسرے میعاد کار کا آغاز 25مارچ کو حلف لینے کے بعد کیا ہے۔ تب سے وہ کئی اہم فیصلے لے چکے ہیں جس سے حکومت کے کام کاج کو تیز کیا جاسکے۔

حکومت کی تشکیل اور وزراء کو محکموں کی تقسیم کئے جانے کے بعد اب سبھی کی نظریں کابینہ کی کارکردگی پر ٹکی ہیں۔ کام کاج کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کی جانب سے وزراء دی گئی ہدایات کے مطابق پرانا عملہ نہ رکھنے اور اپنی مرضی سے پرائیویٹ اسٹاف رکھنے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی نے اپنی سابقہ ​​حکومت کی بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی شبیہ کو برقرار رکھنے اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے کچھ اہم فیصلے لیے ہیں۔ان میں وزراء کو 100 دن کے کام کا ہدف مقرر کرنے کا ایجنڈا دیا گیا ہے۔

اس کے تحت تمام وزراء کو 100 دنوں میں اپنے محکمے کے کام کا جائزہ لینا ہو گا اور مزید ایکشن پلان کے لیے ماسٹر پلان تیار کرنا ہو گا۔ یوگی نے وزراء کو ہدایت دی ہے کہ کابینہ کی میٹنگ میں وزیر کو کسی موضوع پر اپنے محکمے کی ایکش پلان سے خود وزیر اعلیٰ کو آگا کرنا ہوگا۔

میٹنگ میں وزیر کی جانب سے کسی موضوع کوپیش کرتے وقت محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری یا پرنسپل سیکریٹری صرف وزیر کی معاونت کے لیے موجود ہوں گے۔

ساتھ ہی وزراء کو وزیراعلیٰ کو اگلے 100 دنوں کے کاموں سے بھی آگاہ کرنا ہوگا۔ اتنا ہی نہیں، وزراء کو فضول خرچی پر کنٹرول کے لئے تراکیب اپناے کو کہا گیا ہے۔

اس میں اپنے لئے سرکاری خرچ پرنئی کار خریدنے سے مناہی کے علاوہ کسی وزیر کو وزیر اعلیٰ اور پارٹی کی ریاستی قیادت کو بتائے بغیر ریاست سے باہر جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔یوگی نے ہدایت دی ہے کہ وزراء دہلی کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزراء کو سرکاری یا پرائیویٹ کام کے لئے ریاست سے باہر جانے کی اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ اس ہدایت کے پیچھے حکومتی اخراجات کے غلط استعمال اور کسی بھی قسم کے تنازعات کو پنپنے سے روکنا ہے۔

غیر ضروری سرکاری اخراجات کو روکنے کے لیے، انہوں نے وزراء سے کہا ہے کہ وہ اپنے بنگلوں کو سجانے، دفاتر کی مرمت اور نیا فرنیچر اور لگژری کاریں خریدنے جیسے کاموں سے گریز کریں۔