کیا یشونت سنہا بن سکتےہیں اپوزیشن کے صدارتی امیدوار؟

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-06-2022
کیا یشونت سنہا بن سکتےہیں اپوزیشن کے صدارتی امیدوار؟
کیا یشونت سنہا بن سکتےہیں اپوزیشن کے صدارتی امیدوار؟

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

سابق مرکزی وزیراور ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) لیڈر یشونت سنہا نے پارٹی سے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اپوزیشن جماعتیں صدارتی انتخاب کے لیے امیدوار کے نام کا فیصلہ کرنے جا رہی ہیں۔ ایسے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے یشونت سنہا کا نام تجویز کر سکتی ہیں۔

سنہا نے پوسٹ میں کہا، 'میں ممتا جی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ٹی ایم سی میں جو عزت اور وقار دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ میں کسی بڑے مقصد کے لیے پارٹی سے الگ ہوجاؤں تاکہ اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے کام کروں۔ مجھے امید ہے کہ ممتا جی میرے اس قدم کو قبول کریں گی۔

 

اب تک کئی بڑے لیڈر صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ مغربی بنگال کے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی پیر کو صدارتی انتخاب سے دستبردار ہو گئے۔ ان سے پہلے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے بھی اپوزیشن کا صدارتی امیدوار بننے سے انکار کر دیا تھا۔

15 جون کو نئے صدر کے انتخاب کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 جون ہے۔