قتل کا الزام،پہلوان سشیل کمارگرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-05-2021
پہلوان سشیل کمار سمیت دو افراد گرفتار
پہلوان سشیل کمار سمیت دو افراد گرفتار

 

 

نئی دہلی

دہلی پولیس کی خصوصی سیل کی ٹیم نے قتل کے الزام میں مفرور پہلوان سشیل کمار (38) سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

خصوصی سیل کے ایک اعلی افسر نے آج بتایا کہ انسپکٹر شیوکمار اور انسپکٹر کرم بیر کی سربراہی میں خصوصی سیل کی ٹیم نے یہاں منڈکا سے سشیل اور اجے (48) کو گرفتار کیا ہے۔

اے سی پی عطر سنگھ اس ٹیم کی نگرانی کر رہے تھے۔ دہلی پولیس نے سشیل کمار پر ایک لاکھ روپے جبکہ ان کے ساتھی اجے پر 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ واضح ر ہے کہ دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم میں 4 مئی کی رات پہلوانوں کے مابین جھگڑے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اس میں کچھ پہلوان بری طرح زخمی ہوگئے تھے ، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان میں سے ایک کا علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ متوفی کی شناخت پہلوان ساگر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ہی اس قتل میں ملزم تھے۔

دوسری جانب سشیل کمار کے وکیل نے کہا تھا کہ ان کا موکل بے گناہ ہے اور اس پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ خیال رہے کہ سشیل ملک کے معروف کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور انہوں نے 2012 میں لندن اور بعد ازاں بیجنگ میں ہونے والے اولمپکس میں میڈلز حاصل کئے تھے۔اس کے علاوہ سوشیل نے کومن ویلتھ گیم اور ماسکو میں 2010 میں ہونے والی ورلڈ ریسلنگ چیمئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کئے تھے۔علاوہ ازیں انہیں 2009 میں ملک کا سب سے اعلیٰ ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔