نجی شعبے ، دفاعی شعبے میں حب الوطنی کے جذبے سے کام کریں: مودی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2022
نجی شعبے ، دفاعی شعبے میں حب الوطنی کے جذبے سے کام کریں: مودی
نجی شعبے ، دفاعی شعبے میں حب الوطنی کے جذبے سے کام کریں: مودی

 

 

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے لئے آج سبھی متعلقین اور خاص طور پر نجی شعبے سے اپیل کی کہ وہ حب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے مقصد سے اپنا زیادہ سے زیادہ تعاون دیں۔

مسٹر مودی نے جمعہ کو عام بجٹ میں ملک کو دفاعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے منعقدہ ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے سے وابستہ تمام متعلقین سے اپیل کی کہ وہ منافع اور دیگر باتوں کو چھوڑ کر حب الوطنی اور خدمت کے جذبہ کے ساتھ ملک کو مضبوط بنانے کی سمت میں کام کریں۔

نجی شعبے سے خصوصی طور پر اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی آپ سے توقعات وابستہ ہیں اور نجی کمپنیوں کو ملک کی خدمت کا یہ موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ سوچنے کا وقت نہیں کہ کتنا منافع ہوگا اور کب ہوگا، اب ہمیں صرف ملک کو مضبوط بنانے کا سوچنا چاہیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پروگرام اس لیے منعقد کیا گیا ہے کیونکہ حکومت تمام متعلقین سے عملی حل سننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے نفاذ میں ابھی ایک ماہ کا وقت باقی ہے اور اس دوران سب کو مل کر بحث اور منصوبہ بندی کرنی چاہیے جس سے یکم اپریل سے بجٹ کی التزامات پر عملدرآمد ہو سکے۔