یوگی کابینہ کے واحد مسلم وزیر دانش انصاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
یوگی کابینہ کے واحد مسلم وزیر دانش انصاری
یوگی کابینہ کے واحد مسلم وزیر دانش انصاری

 

 

آواز دی وائس، لکھنو

یوگی آدتیہ ناتھ نے آج دوسری بار اتر پردیش کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ اس کے ساتھ وہ ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں جنہوں نے پانچ سال کا عہدہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ اقتدار سنبھالا ہے۔

یوگی کابینہ نے جن لیڈروں کو حلف دلایا گیا ، ان میں دانش آزاد انصاری بھی ایک ہیں۔

طلبہ سیاست سے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے دانش آزاد انصاری کویوگی کابینہ میں وزیر بنا دیا گیا ہے۔

دانش طویل عرصے سے بی جے پی سے وابستہ ہیں۔ بلیا کے نوجوان لیڈر دانش آزاد انصاری کو اقلیتی امور کی وزارت دی گئی ہے۔

دانش بی جے پی اقلیتی مورچہ کے ریاستی جنرل سکریٹری ہیں اور وہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد سے طالب علمی کے زمانے سے ہی وابستہ ہیں۔

دانش آزاد انصاری کا تعلق بلیا کے بسنت پور سے ہے۔ دانش کی عمر 32 سال ہے اور انہوں نے 2006 میں لکھنؤ یونیورسٹی سے بی کام کیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے یہاں سے ماسٹر آف کوالٹی مینجمنٹ اور پھر ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن کی تعلیم حاصل کی۔

 دانش جنوری 2011 میں بی جے پی کے طلبہ ونگ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) میں شامل ہوئے۔ یہاں سے دانش کے آزادانہ خیالات لکھنؤ یونیورسٹی میں گونجنے لگے۔ دانش نے کھلے عام نوجوانوں کے درمیان اے بی وی پی کے ساتھ ساتھ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لیے ماحول پیدا کیا۔

دانش اقلیتی مورچہ اور نوجوانوں کے درمیان مسلسل سرگرم ہے۔اس کے پیش نظر پارٹی نے انہیں ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سنہ 2017 میں جب یوپی میں بی جے پی کی حکومت بنی تو الیکشن میں محنت کرنے والوں کو انعام دیا گیا۔ ان میں سے ایک نام دانش آزاد کا تھا۔ دانش 2018 میں فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی کے رکن تھے، بعد میں انہیں اردو لینگویج کمیٹی کا رکن بنا دیا گیا۔

اس بار دانش کو الیکشن سے قبل اکتوبر 2021 میں ایک بڑی ذمہ داری ملی۔ بی جے پی نے اقلیتی مورچہ کے ریاستی جنرل سکریٹری کے عہدے کی ذمہ داری سونپی تھی۔