دہلی دھماکے کے وقت راہل گاندھی کہاں تھے؟: دلیپ جیسوال

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-11-2025
دہلی دھماکے کے وقت راہل گاندھی کہاں تھے؟: دلیپ جیسوال
دہلی دھماکے کے وقت راہل گاندھی کہاں تھے؟: دلیپ جیسوال

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ جیسوال نے بدھ کے روز کانگریس کے رہنما راہل گاندھی پر زبردست حملہ بولتے ہوئے حالیہ دہلی دھماکے کے دوران ان کی موجودگی پر سوال اٹھایا اور ان پر دہشت گردی کے خلاف کھل کر نہ بولنے کے لیے تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ میں راہل گاندھی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ کہاں تھے؟ مجھے معلوم ہوا ہے کہ وہ پریانکا گاندھی کے ساتھ ہندوستان سے باہر چلے گئے تھے... نیز وہ دہشت گردی کے خلاف کھل کر بات کیوں نہیں کرتے؟
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ راہل گاندھی کا طرزِ عمل مشکوک ہے اور یہ بھی سوال اٹھایا کہ کہیں ان کے تعلقات ان لوگوں سے تو نہیں جو ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ووٹ مانگنے کے لیے تو آتے ہیں لیکن جب ملک پر دہشت گردانہ حملہ ہوتا ہے تو غائب ہو جاتے ہیں... وہ فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں پر سوال اٹھاتے ہیں، کیا ان کے تعلقات ان عناصر سے ہیں جو ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں؟... انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ملک کے ساتھ ہیں یا اس کے خلاف۔
یاد رہے کہ پیر کی شام تقریباً 7 بجے دہلی کے لال قلعہ کے قریب سبھاش مارگ ٹریفک سگنل کے پاس ایک ہلکی رفتار سے چلتی ہوئی ہنڈائی i20 کار میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں آس پاس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مطابق یہ واقعہ ایک سنگین دہشت گردانہ حملہ تھا۔ جیسوال نے بہار اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ ریاست کے عوام ’’جنگل راج‘‘ کی واپسی نہیں چاہتے اور اب بھی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) پر بھروسہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو این ڈی اے حکومت پر اعتماد ہے، یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بہار کے لیے خصوصی پیکیج اور ان کے ’وِکسِت بہار‘ کے ویژن کی وجہ سے بھی ہے... لوگ بہار میں جنگل راج واپس نہیں چاہتے۔ اس سے قبل منگل کے روز جاری کیے گئے ایگزٹ پولز نے اندازہ ظاہر کیا تھا کہ حکمران این ڈی اے ایک بار پھر بہار میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اپوزیشن کی مہا گٹھ بندھن 243 رکنی اسمبلی میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے گی۔
ایگزٹ پولز ووٹنگ کے اختتام کے بعد جاری کیے گئے۔ ریاست میں پہلے مرحلے کی پولنگ 6 نومبر کو ہوئی تھی جبکہ دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو مکمل ہوا۔ اس بار بہار میں ریکارڈ ووٹنگ دیکھنے کو ملی ہے۔
ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔