جب پورنیہ آئے تھے مہاتماگاندھی۔۔۔آج بھی زندہ ہیں یادیں

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
آج بھی زندہ ہیں یادیں
آج بھی زندہ ہیں یادیں

 

 

رئیس عالم،پورنیہ(بہار)

گاندھی جینتی کے موقع پر پورا ملک باپو کو یاد کر رہا ہے۔ ایسے میں بہار کا سیمانچل علاقہ باپو کو یاد کرنے میں کیسے پیچھے رہ سکتا ہے۔ مہاتما گاندھی تین دن کے لیے 1934 میں پورنیا آئے تھے۔ پہلے وہ رانی پترا پہنچے ، زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے، وہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔

اس کے بعد اگلے دن وہ روپولی بلاک میں ٹکا پٹی گئے اور دو دن تک وہاں قیام رہا۔ ٹکاپٹی میں ، انہوں نے تحریک آزادی کے لیے کام کرنے والے انقلابیوں سے ملاقات کی اور پیدل کرسیلا کا سفر کیا۔

جب مہاتما گاندھی نیپال سے واپس آرہے تھے ، 09 اپریل 1934 کو ، وہ پورنیہ ایسٹ بلاک کے رانی پترا میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے آئے تھے۔ جہاں انہوں نے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔

وہ مقام جہاں انھوں نے لوگوں سے خطاب کیاتھا ، اسی جگہ پرویدناتھ چودھری سرودیائی لیڈر ، جسے بہار کا گاندھی کہا جاتا ہے، نے 12 جون 1952 کو سرودیا آشرم قائم کیا۔

awazurdu

آشرم جہاں گاندھی جی کی یادیں محفوظ ہیں

اس آشرم میں چرخہ اور لوم صنعتیں کھادی بنانے کے لیے قائم کی گئی تھیں ، تاکہ دیگر کاموں کے علاوہ خود روزگار اور سودیشی تحریک کو فروغ ملے۔ یہاں کے تیار شدہ کھادی کپڑے دور دور تک جاتے تھے۔

گاندھی چبوترہ بھی ان کی یاد میں آشرم کے باہر بنایا گیا ہے، جہاں ان کا مجسمہ بنایا گیا ہے۔ بانی بیدیاناتھ پرساد چودھری اور ان کے اہم ساتھی ، کمل دیو نارائن سنگھ ، نرسنگھ نارائن سنگھ ، انیرودھ پرساد سنگھ ، بدیشوری پرساد سنگھ ، گلاب چند ، رام چرن سنگھ ، رمیشور ٹھاکر کے نام درج ہیں۔

بھریگوناتھ سنگھ جیسے لیڈر اس آشرم کو قومی سطح پر لے آئے تھے۔ 15 ایکڑ اراضی پر پھیلے اس آشرم کی دیواریں اس کی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس آشرم میں ، آچاریہ ونوبا بھاوے ، ’’بھودان‘‘ کے موجد لوکنایک جے پرکاش نارائن جیسے عظیم نائکوں نے مہینوں قیام کرنے کے بعد سرودیا اور بھودان کے تعلق سے بیداری پیدا کی۔

awaz

مہاتماکی یادوں کو محفوظ رکھنے کی کوشش

اس آشرم کے اندر سینکڑوں خاندان رہائش پذیر تھے جنہیں سرودیا نظریے کے تحت جینا سکھایا گیا تھا۔ سینکڑوں لوگ اب بھی آشرم میں رہ رہے ہیں لیکن وہ نظریہ کہیں کھو گیا ہے۔

ریٹائرڈ ہیڈ مسٹریس ارچنا دیو ، جنہیں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا ، کا کہنا ہے کہ جب باپو رانی پترا آئے تو ان کے ماموں اور ان کی والدہ باپو کو سننے گئے۔ وہ کہتی ہیں کہ جو کچھ یہاں باپو کی یاد میں تھا وہ وقت کے ساتھ ختم ہونے لگا ہے۔

ترقی پسند کسان اور سیمانچل مورچہ کے صدر وی کے ٹھاکر کا کہنا ہے کہ رانی پترا کو سیاحت کے مقام کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ باپو سے متعلقہ یادوں کو یہاں محفوظ کرنے کی ضرورت ہے۔

awaz

جب بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار ٹیکاپٹی آئے

مہاتما گاندھی 1934 کی 10اپریل کو ٹیکا پٹی پہنچے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ انھوں نے وہاں دو دن گزارے۔ جس جگہ باپو نے رات کو آرام کیا تھا اس کا نام سوراج آشرم تھا۔ گاندھی جی نے ٹیکا پٹی سے کرسیلا تک 10 کلومیٹر کا پیدل سفر بھی کیا۔

کہا جاتا ہے کہ ان دنوں ٹیکا پٹی انقلابیوں کی پناہ گاہ تھی۔ یہاں سے تحریک آزادی کا خاکہ طے کیا گیا۔ خود بھولا پاسوان شاستری اور بیج ناتھ چودھری جیسے انقلابی یہاں سے آزادی کے لیے کام کرتے تھے۔

خود بھولا پاسوان شاستری بعد میں بہار کے وزیر اعلیٰ بنے۔ مہاتما گاندھی نے ان انقلابیوں سے خطاب اور تحریک آزادی کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکا پٹی آئے تھے۔ جب باپو نے 1942 کی ہندوستان چھوڑو تحریک شروع کی تو ٹیکا پٹی کے انقلابیوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ انقلابیوں نے روپولی تھانے کو آگ لگا کر برطانوی راج کی بنیاد کو ہلا دیاتھا۔

کیندریہ ودیالیہ کی ایک ریٹائرڈ ٹیچر آنندی پرساد منڈل جو کہ ٹیکا پٹی میں رہتی ہیں کا کہنا ہے کہ ٹکا پٹی ایک قومی ورثہ ہے۔ یہاں کے لوگوں کی حکومت سے توقعات ابھی پوری نہیں ہوئیں۔ گاندھی جی کی یاد میں ٹیکا پٹی میں گاندھی گیٹ بھی تھا۔ جو 25 دسمبر 2018 کو ٹوٹ گیا۔ جب بہار کے وزیر اعلیٰ 15 نومبر 2019 کو ٹیکاپٹی پہنچے تو انہوں نے سوراج آشرم کو گاندھی سرکٹ سے جوڑنے اور وہاں ایک عظیم الشان آڈیٹوریم بنانے کا اعلان کیا۔