مغربی بنگال:ٹرین میں گھوڑے کے سفر کی تصویر وائرل

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-04-2022
مغربی بنگال:ٹرین میں گھوڑے کے سفر کی تصویر وائرل
مغربی بنگال:ٹرین میں گھوڑے کے سفر کی تصویر وائرل

 


آواز دی وائس، کولکاتہ

ریاست مغربی بنگال میں سیالدہ ڈائمنڈ ہاربر ڈاؤن لوکل ٹرین میں گھوڑے کے ساتھ سوار ایک مسافر کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

خیال رہے کہ لوکل ٹرینوں میں کم فاصلے کا سفر کرنے والوں کی بھیڑ زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ تاہم ایک مسافر اپنے گھوڑے کے ساتھ ٹرین میں چڑھ گیا جس کے بعد ٹرین کے ڈبے میں ہلچل پیدا ہو گئی۔

 کسی نے اس کی تصویر بنائی اور سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔اس کے بعد ایسٹرن ریلوے نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وہیں تصویر دیکھ کر لوگ بھی حیران ہیں کہ گھوڑا ٹرین کے ڈبے تک کیسے پہنچا؟

یہی نہیں، لوگ سوال کر رہے ہیں کہ گھوڑا ڈبے سے پہلے اسٹیشن میں کیسے داخل ہوا؟

کیا گھوڑے کو لے جاتے ہوئے کسی سیکورٹی گارڈ نے نوجوان کو نہیں روکا؟

تصویر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ گھوڑا بنگال کے باروئی پور میں ریس میں حصہ لینے کے بعد واپس آرہا تھا۔ واپسی کے دوران گھوڑے کے مالک نے جنوبی درگا پور اسٹیشن سے ٹرین کی مدد لی۔ حالانکہ باقی مسافروں نے اس شخص پر اعتراض کیا جو گھوڑے کے ساتھ ٹرین میں سوار ہوا، لیکن اس نے کسی کی ایک نہ سنی۔

اس تصویر کے بارے میں اطلاع ہے کہ یہ مبینہ طور پر سیالدہ ڈائمنڈ ہاربر ڈاؤن لوکل ٹرین کی ہے۔

وائرل ہونے والی اس تصویر کے پیچھے سچائی جاننے کے لیے ایسٹرن ریلوے نے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

بتا دیں کہ ٹرینوں کے ذریعے جانوروں کو لے جانے کے لیے ریلوے میں مختلف اصول ہیں۔ ایسے میں کسی جانور کو لوکل کمپارٹمنٹ میں مسافروں کے ساتھ اس طرح لے جانا قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے۔