فی البدیہہ شاعراحمد علی برقی اعظمی نہیں رہے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-12-2022
 فی البدیہہ شاعراحمد علی برقی اعظمی  نہیں رہے
فی البدیہہ شاعراحمد علی برقی اعظمی نہیں رہے

 

 

نئی دہلی: ہندوستان کے معروف فی البدیہہ  شاعر احمد علی برقی اعظمی کا   5 دسمبر 2022 کو جونپور میں انتقال ہوگیا۔

برقی اعظمی کے والد رحمت الٰہی برق اعظمی دبستان داغ دہلوی سے تعلق رکھتے تھے اور ایک استاد شاعر تھے۔ احمد علی برقی اعظمی کی پیدائش  25 دسمبر 1954 کو ریاست اترپردیش کے شہر اعظم گڑھ میں ہوئی تھی۔

احمد علی برقی اعظمی کی ابتدائی تعلیم شبلی نیشنل کالج اعظم گڑھ میں ہوئی۔ 1977 میں وہ آل انڈیا ریڈیو کے شعبہ فارسی سے منسلک ہو گئے۔  انہوں نے جواہرلال نہرو یونیورسٹی سے فارسی میں ایم۔ اے  کرنے کے بعد 1996 میں اسی یونیورسٹی سے فارسی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

برقی اعظمی کو 15 سال کی عمر سے شعر گوئی کا ذوق و شوق رہا ہے۔ ان کی دلچسپی جدید سائنس میں انٹرنیٹ اور خاص طور پر اردو کی ویب سائٹس سے جنون کی حد تک رہی۔ وہ اردو اور فارسی میں یکساں مہارت کے ساتھ غزل کہتے تھے۔

 فی البدیہہ اور موضوعاتی شاعری میں وہ مہارت رکھتے تھے۔ برقی اعظمی آل انڈیا ریڈیو میں شعبہ فارسی کے انچارج کے عہدےپر فائز رہے۔  انہوں نے بحیثیت ترجمہ کار ، اناؤنسر خدمت انجام دی وہ آل انڈیا ریڈیو نئی دہلی سے وظیفہ یاب ہوئے اور دہلی میں مقیم رہے۔

برقی اعظمی نے ادبی خدمات کے واسطے کئی اعزازات پائے جن میں اردو اکیڈمی، نئی دہلی ایوارڈ، فخرِ اردو ایوارڈ - 2014 - اردو گلڈ، جموں و کشمیر اورمحمد علی جوہر محمدایوارڈ ،اکرم میموریل پبلک سوسائٹی نجیب آباد  وغیرہ شامل ہیں۔

برقی اعظمی کا پہلا شعری مجموعہ روح سخن ہے۔ ان کا دوسرا شعری مجموعہ محشر خیال 2020 میں شائع ہوا ۔