متحدہ ہندوستان کا خواب جلدہوگا پورا: موہن بھاگوت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 28-04-2022
 متحدہ ہندوستان کا خواب جلدہوگا پورا: موہن بھاگوت
متحدہ ہندوستان کا خواب جلدہوگا پورا: موہن بھاگوت

 


آواز دی وائس،امراوتی

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ پورے ملک کے لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ ہم (تقسیم ہند کے تناظر میں) نامکمل رہ گئے ہیں اور اس لیے متحدہ ہندوستان کا خواب جلد ہی پورا ہو گا۔

امراوتی میں منعقدہ سندھی سماج کے دنیا کے سب سےمعزز سنت امرشہید سنت کنوررام صاحب جی کے مقدس تخت پر سائی جی کی اولاد سائی راجیش لال صاحب جی کی باوقار تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے کہا کہ ہر چیز کے لیے حکومت کی طرف نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ پورے معاشرے کو متحد ہو کر اس کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب سنت اور معاشرہ اکٹھے ہوں گے تو حکومت کو ان کی پیروی کرنی ہوگی۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے مہاراشٹر کے امراوتی میں سندھی سماج کے اس اہم پروگرام میں ممتاز مفکر، مصنف، سماجی کارکن اور کاروباری شخصیت سنجے شیرپوریا کی پاکستان میں رہنے والے ہندوؤں کے دکھوں پر لکھی گئی کتاب 'میں مادھو بھائی: ایک پاکستانی ہندو' کا اجراء کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان میں بسنے والے ہندوؤں اور پاکستان سے ہندوستان آنے والے ہندوؤں کے درد پر آواز اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھی سماج کے لوگ ہار کر نہیں بلکہ سب کچھ چھوڑ کر آئے ہیں اور ایک دن ہندوستان ضرور متحد ہو گا۔

سنگھ کے سربراہ نے کنچن رائے کی اس بات کی تعریف کرتے ہوئے کہ خاندان کو اپنی ثقافت، زبان اور وراثت کی حفاظت شروع کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کام شروع کیا جاتا ہے، وہ کسی نہ کسی وقت ضرور پورا ہوتا ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ کتاب 'میں مادھو بھائی، ایک پاکستانی ہندو' پاکستان میں رہنے والے ہندوؤں کے دکھوں کی جیتی جاگتی تصویرہے۔

سنجے شیرپوریا نے تقسیم ہند کے المیے کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان میں گزشتہ 7 دہائیوں سے ہندوؤں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک پر برسوں تک تحقیق کرنے کے بعد یہ کتاب لکھی ہے۔ یہ کتاب پاکستان کے ہندوؤں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی ایک سچی کہانی ہے۔

جیوتری مٹھ پیتھادھیشور شنکراچاریہ سوامی واسودیوانند سرسوتی جی مہاراج نے تقسیم ہند کے سانحے سے دوچار سندھی سماج کی بہادری، صبر اور مثبت ترقی کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے متحدہ ہندوستان کی پیشین گوئی کرتے ہوئے کہا کہ ہندوؤں کی امیدیں اور جذبات جلد پوری ہوں گے۔

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ ڈاکٹرموہن بھاگوت، جیوتی مٹھ پیٹھادھیشور شنکراچاریہ سوامی واسودیوانند سرسوتی جی مہاراج اور شری ناتھ پیتھادھیشور سوامی جتیندرناتھ جی مہاراج کے علاوہ ملک اور بیرون ملک کی پنچایتوں، اکھاڑوں اور پیٹھوں کے بہت سے سنتوں اور بی جے پی کے ایم پی شو شنکر پروگرام میں شامل ہوئے۔