وسیم رضوی کا اسلام سے اخراج ،عراق سے حتمی مہر کا انتظار ۔ کلب جواد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-03-2021
وسیم رضوی کی شر انگیزی جاری
وسیم رضوی کی شر انگیزی جاری

 

 

لکھنو میں شیعہ مذہبی قیادت نے یوں تو وسیم رضوی کو اسلام سے خارج قرار دیدیا ہے مگر اب لکھنو سے وسیم رضوی کے خلاف عراق سے فتوی منگایا گیا ہے۔ جس کے سلسلے میں کارروائی بھی شروع ہوچکی ہے۔ کربلا سے شیعہ مذہبی قیادت نے وسیم رضوی کی سپریم کورٹ میں دائر عرضی کی ایک کاپی طلب کی ہے،جس کے بعد ان کے خلاف حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔اس کا انکشاف شیعہ عالم کلب جواد نے کیا ہے۔

کلب جواد نے تو دو دن قبل ہی کہہ دیا تھا کہ وسیم رضوی شیعت اور اسلام سے خارج ہوچکے ہیں۔لیکن مذہبی قیادت کی حتمی مہر کےلئے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ اس معاملہ میں کوئی گنجائش نہ بچے۔ یاد رہے کہ لکھنو میں ایک بڑا مظاہرہ ہوا ،جس میں مسلمانوں کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔  شیعہ اور سنی کے ساتھ غیر مسلم بھی شامل تھے۔لیکن کب جواد نے یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ اگلے ہفتے تک عراق سے فتوی آجائے گا۔عراق سے اگر وسیم رضوی کے اسلام سے خارج ہونے کا رقعہ آگیا تووسیم رضوی کےلئےآگے کی زندگی بہت مشکل ہوجائے گی۔

مزید پڑھیں : قرآنی آیات کا معاملہ: وسیم رضوی کے خلاف مسلمانوں میں زبردست غم وغصہ

سب رشتہ ختم ہوجائیں گے

کلب جواد نے کل لکھنو میں میں مظاہرے سے قبل کہا کہ عراق سے وسیم رضوی کے اسلام سے خارج کئے جانے کے فیصلے پر حتمی مہر لگے گی تو اس کے بعد ان کی زندگی کا ہر رشتہ ختم ہوجائے گا۔یہاں تک کہ بیوی بھی بیوی نہیں رہے گی۔انہیں کسی قبرستان میں دفن کرنے کی اجازت نہیں ملے گی۔کوئی ان کے ساتھ تعلق نہیں رکھ سکے گا۔ ان کا مکمل سماجی بائیکاٹ ہوگا۔حیرت کی بات یہ ہے کہ اس غم وغصہ اور مظاہرے کے درمیا ن وسیم رضوی کا ایک اور ویڈیو سامنےآگیا ہے۔

ایک نیا ویڈیو

ایک جانب تو ملک بھر میں چھی چھی اور تھو تھو ہورہی ہے جبکہ دوسری جانب وسیم رضوی نے ایک اور ویڈیو پیغام جاری کردیا ہے جس میں وہ اپنے پہلے متنازعہ پیغام پر اٹل نظر آئے ہیں۔ تازہ ویڈیو جو سوشیل میڈیا پر گشت کررہا ہے جس میں وسیم رضوی نے علمائے اہل سنت اور شیعہ علماء کو مشورہ دیا کہ وہ اس کے خلاف مظاہرے اور احتجاج درج کرنے اور فتوی دینے کے بجائے سپریم کورٹ میں اس کی جانب سے دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست کا جواب دیں ۔جس میں اس نے سنی اور شیعہ علماء کو فریق بنایا ہے۔ وسیم رضوی نے ویڈیو میں مزید کہا ہے کہ علما اپنی پرانی دشمنی نکالنے میں جٹ گئے ہیں۔اب جبکہ معاملہ عدالت میں ہے اس لئے اعتراص کا جواب قانونی طور پر دیں ۔

خاندان والوں نے منھ موڑ لیا

وسیم رضوی کے نئے ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ان کے خاندان میں بے چینی بڑھ گئی،کیونکہ اس میں بھی وسیم رضوی نے خوب زہر واگلا ہے۔باتیں ایسی کی ہیں جنہیں دوہرانا بھی ممکن نہیں ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کے بھائی ظہیر رضوی نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وسیم رضوی پورا پاگل ہوچکا ہےاب ان کا وسیمرضوی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔یہی نہیں ان کی والدہ اور بہنوں اور کسی اور فرد سے کوئی رشتہ نہیں بچا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ وسیم رضوی کو کوئی ملال ہونے کے بجائے مزید جوش نظر آرہا ہے۔وہ یہ کہتے نظر آئے کہ میں ایک جانب تنہا ہوگیا ہوں اور عالم اسلام ایک جانب۔لیکن اگر میں کل مر گیا تو میرے چار دوست ایسے ہیں جو مجھے قبرستان تک لیجائیں گے ۔ان کے ساتھ کچھ دیگر مذاہب کے لوگ بھی ہیں۔جو جانتے ہیں کہ میں حق پر ہوں۔