اتراکھنڈ: بے روزگار بنیں گےگائے کے محافظ ، تنخواہ پانچ ہزار روپے

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2022
اتراکھنڈ:  بے روزگار بنیں گےگائے کے محافظ ، تنخواہ  پانچ ہزار روپے
اتراکھنڈ: بے روزگار بنیں گےگائے کے محافظ ، تنخواہ پانچ ہزار روپے

 

 

دہرادون:اتراکھنڈ میں دھمی حکومت نے اب گاؤ تحفظ کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعے لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے ابتدائی مرحلے میں اگلے 6 ماہ میں ایک کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ جس میں تقریباً پچاس دیہات کے بے روزگاروں کو روزگار ملنے کی امید ہے۔

بتادیں کہ دھمی حکومت نے اس اسکیم کے ذریعے آوارہ گایوں کے تحفظ اور تغذیہ کے لیے گاؤ سنرکشن سمیتیوں کے ہر رکن کو ماہانہ 5000 روپے تک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتادیں کہ یہ فیصلہ ہفتہ کو انیمل ہسبنڈری کے وزیر سوربھ بہوگنا کی صدارت میں اتراکھنڈ اینیمل ویلفیئر بورڈ کی میٹنگ میں لیا گیا۔

بہوگنا نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آوارہ جانوروں کے تحفظ کے لیے اعلان کردہ سالانہ بجٹ کو 2.5 کروڑ روپے سے بڑھا کر 15 کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، "اتر پردیش کی طرز پر، ہم نے روزانہ چارے کا بجٹ 6 روپے فی گائے سے بڑھا کر 30 روپے فی گائے کر دیا ہے۔

اتراکھنڈ حکومت نے گائے اور دیگر مویشیوں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے ریاست کے 13 اضلاع میں سے ہر ایک کے لیے 12.5 لاکھ روپے کی رقم مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے محکمہ حیوانات کے جوائنٹ ڈائرکٹر آشوتوش جوشی نے کہا، "گاؤں کے غیر ہنر مند، کم تعلیم یافتہ اور بے روزگار لوگوں کو 'گاؤ سیوک' مقرر کیا جائے گا اور انہیں آوارہ گایوں کی دیکھ بھال کے لیے 4,000 سے 5,000 روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے۔

ایک شخص کو کم از کم چار سے پانچ گایوں کی ذمہ داری لینی ہوگی اور ایک جانور کے لیے کم از کم 900 روپے ادا کیے جائیں گے۔ یہ منصوبہ مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مویشیوں کا مسئلہ بھی حل کرے گا۔

جوشی نے کہا کہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوا تو بعد میں نوجوانوں کو حکومت کی طرف سے اینیمل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے دیگر کاموں کو مکمل کرنے کے لیے لگایا جائے گا۔

انہیں مویشیوں کے ٹیکے لگانے کی تربیت دی جائے گی۔ جس کے لیے انہیں فی گائے 12 روپے الگ سے ادا کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں جانوروں کو ٹیگ کرنا بھی سکھایا جائے گا۔ اس کے لیے انہیں 20 روپے فی گائے دیے جائیں گے۔