نفرت انگیز تقریر معاملے میں وسیم رضوی گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 13-01-2022
نفرت انگیز تقریر معاملے میں وسیم رضوی گرفتار
نفرت انگیز تقریر معاملے میں وسیم رضوی گرفتار

 


آواز دی وائس،ہری دوار

اتراکھنڈ پولیس نے وسیم رضوی عرف جتیندر تیاگی کو ہریدوار 'دھرم سنسد' نفرت انگیز تقریر کیس کے سلسلے میں نرسن بارڈر، روڑکی سے گرفتار کیا ہے۔ہری دوار کے ایس پی سٹی سوتنتر کمار نے اس کی اطلاع دی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس 23 دسمبر2021 کو اتراکھنڈ پولیس نے تیاگی اور دیگر کے خلاف ہریدوار کے "نفرت انگیز تقریر" کے معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا۔

اتراکھنڈ پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا، "سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے، ایک خاص مذہب کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں ہیں۔ اس لیے وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی اور دیگر کے خلاف دفعہ 153A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

وسیم رضوی عرف جتیندرتیاگی کو جمعرات کو ہریدوار میں منعقدہ دھرم سنسد میں متنازعہ بیانات پر درج مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ ہریدوار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سواتنتر کمار کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق، اتراکھنڈ پولیس نے شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے سابق چیئرمین رضوی کو گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں ابھی تک کسی اور کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔

شیعہ وقف بورڈ کے سابق صدر وسیم رضوی ایک عرصے سے اسلام کے خلاف تبصرہ کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں اسلام چھوڑ کر ہندو مذہب قبول کیا ہے۔ وسیم رضوی اسلام کے خلاف اپنی کتاب کی وجہ سے سرخیوں میں آئے تھے، بعد میں جتیندر نارائن سنگھ تیاگی کے نام سے مشہور ہوئے۔ انہی جتیندر تیاگی اور کچھ دوسرے لوگوں کے خلاف ہریدوار میں منعقدہ ایک مبینہ مذہبی پارلیمنٹ میں مسلمانوں کے خلاف زہریلے بیان دینے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس معاملےمیں آج ہریدوار پولیس نے اسے نرسن بارڈر پر حراست میں لیا، حراست میں لینے کے بعد پولیس وسیم رضوی کے ساتھ ہریدوار کوتوالی پہنچی۔ اس دھرم سنسد کا انعقاد 17 سے 19 دسمبر2022 تک کھرکھری میں واقع وید نکیتن میں کیا گیا تھا۔ مسلمانوں کے خلاف زہریلی تقریر کرنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جوالا پور کے رہائشی گلبہار خان نے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین جتیندر نارائن تیاگی عرف وسیم رضوی کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ بعد ازاں مقدمے میں چار سنتوں کے نام بھی شامل کیے گئے۔ گرفتاری کے بعد پولیس جتیندر سے ضروری پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔