اتراکھنڈ:دھامی دوبارہ وزیراعلی،تقریب میں پی ایم کی شرکت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-03-2022
اتراکھنڈ:دھامی دوبارہ وزیراعلی،تقریب میں پی ایم کی شرکت
اتراکھنڈ:دھامی دوبارہ وزیراعلی،تقریب میں پی ایم کی شرکت

 

 

دہرادون: پشکر سنگھ دھامی نے دوسری بار ریاست اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا ہے۔

گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ نے بدھ کو دہرادون کے پریڈ گراؤنڈ میں شاندار حلف برداری کی تقریب میں دھامی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی مرکزی وزراء اور ریاستی وزرائے اعلیٰ اس موقع پر موجود تھے۔

ان کی حلف برداری کی تقریب میں امیت شاہ اور نتن گڈکری نمایاں مرکزی وزراء تھے جنہوں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب میں یوپی کے 'نامزد' سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی شرکت کی۔

دھامی کے ساتھ آٹھ وزراء نے بھی حلف لیا، جن میں سے پانچ – ستپال مہاراج، سبودھ انیال، دھن سنگھ راوت، ریکھا آریہ اور گنیش جوشی نے لگاتار دوسری بار وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔

چندن رام داس، سوربھ بہوگنا اور پریم چندر اگروال کو پہلی بار وزیر بنایا گیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب سے پہلے پشکر دھامی نے آج دہرادون کے تپکیشور مندر میں پوجا کی۔

پیر کی شام، بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی ایک میٹنگ بلبیر روڈ پر پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں مبصر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور شریک مبصر اور امور خارجہ کی وزیر مملکت میناکشی لیکھی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

میٹنگ میں دھامی کو متفقہ طور پر لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ حال ہی میں اعلان کردہ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں، بی جے پی نے اتراکھنڈ میں 70 میں سے 47 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور دو تہائی سے زیادہ اکثریت کے ساتھ لگاتار دوسری بار اقتدار میں آئی ہے۔

دھامی، خود اپنی روایتی ختیما سیٹ سے ہار گئے۔ جس کی وجہ سے قیادت کو نئے سرے سے وزیر اعلیٰ کے نام پر غور کرنا پڑا جس میں تقریباً 11 دن لگے۔