اُتر پردیش: بیمار گائے کے لیے ملک کی پہلی ایمبولینس سروس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2021
اُتر پردیش: بیمار گائے کے لیے ملک کی پہلی ایمبولینس سروس
اُتر پردیش: بیمار گائے کے لیے ملک کی پہلی ایمبولینس سروس

 

 

لکھنو : اُتر پردیش کے وزیر نے بیمار گائے کے لیے ملک کی پہلی ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کی حکومت شدید بیمار گائے کے لیے ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

اُتر پردیش کے وزیر لکشمی نارائن چوہدری نے بتایا کہ ’112 ایمرجنسی سروس نمبر کی طرح، نئی سروس سنگین طور پر بیمار گائے کے فوری علاج کی راہ ہموار کرے گی۔لکشمی نارائن چوہدری نے کہا کہ ’515 ایمبولینسیں اس نئی اسکیم کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک ڈاکٹر اور دو معاونین کے ساتھ یہ ایمبولینس سروس 15 سے 20 منٹ کے اندر بیمار گائے کے پاس پہنچ جائے گی۔ وزیر نے کہا کہ ’اس اسکیم کے تحت شکایات وصول کرنے کے لیے لکھنؤ میں ایک کال سینٹر قائم کیا جائے گا، جو دسمبر تک شروع ہو جائے گا۔

وزیر چودھری لکشمی نارائن نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے 520 ایمبولینسوں کے لیے بجٹ مختص کیا ہے، جو محکمہ کو موصول ہو گیا ہے۔ جلد ہی یہ ایمبولینسیں منگوائی جائیں گی اور اس اسکیم کے تحت کام شروع کر دی جائیں گی۔ اس ایمبولینس میں ایک ڈاکٹر، ایک طبی عملہ اور ایک ڈرائیور ہوگا۔

معلومات کے لیے کال سینٹر قائم کیا جائے گا

 کسی بھی گائے کے بیمار ہونے یا حادثے کا شکار ہونے کی اطلاع کال سینٹر پر دی جائے گی۔ جس کے لیے جلد کال سنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے کے 15 منٹ کے اندر یہ ایمبولینس موقع پر پہنچ کر گائے کا علاج کرے گی۔