سابق گورنر عزیز قریشی کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-09-2021
یوپی کے سابق گورنر عزیز قریشی
یوپی کے سابق گورنر عزیز قریشی

 

 

 آواز دی وائس، لکھنو 

  سابق گورنر عزیز قریشی کے خلاف ملک سے بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  اترپردیش پولیس نے وزیراعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف مبینہ توہین آمیز ریمارکس پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا ہے۔

بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ کی شکایت پر اتوار کی رات رام پور ضلع کے سول لائن پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔

کانگریس کے سینئر رہنما 81 سالہ عزیز قریشی، 2014-15 میں میزورم کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔

وہ ہفتہ کو سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے رام پور آئے تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مبینہ طور پر یوگی حکومت کا موازنہ شیطانوں سے کیا۔

بی جے پی رہنما آکاش سکسینہ نے پولیس کو اپنی شکایت میں یہ بھی کہا کہ  قریشی کے ریمارکس کو سوشل میڈیا پر پسند کیا جا رہا ہے، جس سے دونوں برادریوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے اور یہاں تک کہ فرقہ وارانہ فسادات بھی ہو سکتے ہیں۔

عزیز قریشی پر سیکشن 153اے (مذہب، ذات وغیرہ کی بنیاد پر دو گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، 153بی (قومی اتحاد کے لیے نقصان دہ)، 124اے (غداری) اور 505 بی1۔ (خوف پیدا کرنے کا ارادہ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

رام پور کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) سنسار سنگھ کے مطابق آکاش سکسینہ نے یوپی کے سابق گورنر عزیز قریشی کے خلاف شکایت درج کی تھی اور ابتدائی تفتیش کے بعد ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ہم قانون کے مطابق آگے کی کارروائی کریں گے۔ 

اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے پر سابق گورنر عزیز قریشی نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی مخالفت کرنا میرا حق ہے اور میں جمہوری طریقے سے اس کا استعمال کرتا رہوں گا۔

 انھوں نے کہا کہ میں نے حکومت کے خلاف بیان نہیں دیا ہے۔ میں حکومت کو اپنی حکومت سمجھتا ہوں۔ میں وزیر اعظم کو پورے ملک کا وزیر اعظم سمجھتا ہوں۔ میں وزیر داخلہ ، پورے ملک کا وزیر دفاع سمجھتا ہوں۔ میں نے وزیراعلیٰ کو  پوری ریاست کے لیڈر کی حیثیت سے احترام کرنے میں کبھی کمی نہیں کی ہے اور نہ ہی کروں گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ مجھے وزیراعلیٰ کی پالیسیوں کی مخالفت کا جمہوری حق ہے۔