اترپردیش اسمبلی انتخابات: آخری مرحلہ کیلئے ووٹنگ جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
اترپردیش اسمبلی انتخابات: آخری مرحلہ کیلئے ووٹنگ  جاری
اترپردیش اسمبلی انتخابات: آخری مرحلہ کیلئے ووٹنگ جاری

 

 

لکھنو : اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے نو اضلاع کی 54 نشستوں کے لیے پہلے سے طے شدہ انتخابی شیڈول کے مطابق پیر کی صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہو گئی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس مرحلے میں اعظم گڑھ، مؤ، جونپور، غازی پور، چندولی، وارانسی، مرزا پور، بھدوہی اور سون بھدرا اضلاع کی 51 اسمبلی سیٹوں پر شام 6 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان کے علاوہ 3 سیٹوں چندولی ضلع کی چکیہ (محفوظ ) اور سون بھدرا ضلع کی رابرٹس گنج اور دودھی (محفوظ ) سیٹوں پر رائے دہندگان شام 4 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

الیکشن کمیشن سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہونے کے فوراً بعد دیہی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کی قلیل تعداد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹروں سے سورج نکلنے کے بعد گھروں سے نکل کر پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچنے کی توقع ہے۔ پولنگ عملے کی پولنگ ٹیمیں اتوار کی شام دیر گئے تک پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ چکی تھیں تاکہ ووٹنگ کا عمل بروقت شروع کیا جا سکے۔

اہم بات یہ ہے کہ پولنگ کے ساتویں مرحلے میں 2.06 کروڑ ووٹر ای وی ایم میں 75 خواتین امیدواروں سمیت 613 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ پولنگ کے اس مرحلے میں 1.09 کروڑ مرد، 97.08 لاکھ خواتین اور 1027 تیسری جنس کے ووٹر ہیں۔ انتخابات کے آخری مرحلے میں 12,210 پولنگ مراکز میں سے 23,614 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ہوگی۔ پرامن، آزادانہ اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے 52 جنرل آبزرور، 09 پولیس مبصر اور 17 ایکسپینڈیچر آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔