اے ایم یو: گیارہ طلبہ کا یوپی ایس آر ایل ایم کے لئے انتخاب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-09-2021
سوشل ورک شعبہ کے گیارہ طلبہ کا یوپی ایس آر ایل ایم کے مختلف پروجیکٹوں کے لئے انتخاب
سوشل ورک شعبہ کے گیارہ طلبہ کا یوپی ایس آر ایل ایم کے مختلف پروجیکٹوں کے لئے انتخاب

 


 علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے سوشل ورک شعبہ کے گیارہ طلبہ کو اتر پردیش اسٹیٹ رورل لیولی ہُڈ مشن (یو پی ایس آر ایل ایم)، وزارت دیہی ترقی، حکومت اتر پردیش کے تحت جاری پروجیکٹوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

سوشل ورک شعبہ نے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل)، اے ایم یو کے تعاون سے حال ہی میں کیمپس پلیسمنٹ مہم کا انعقاد کیا تھا جس میں یو پی ایس آر ایل ایم، لکھنؤ کے سینئر عہدیداروں نے ماسٹر آف سوشل ورک (ایم ایس ڈبلیو) کے طلبہ کا انتخاب کیا۔

یوپی ایس آر ایل ایم کی ٹیم نے پروگرام کی ضروریات سے ہم آہنگ اے ایم یو کے طلبہ کی صلاحیت، ذہانت اور قابلیت کی تعریف کی۔

پروفیسر نسیم احمد خاں، صدر، شعبہ سوشل ورک نے حکومت کے باوقار یوپی ایس آر ایل ایم پروگرام کے لئے منتخب ہونے پر طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے شعبہ کا دورہ کرنے اور طلبہ کے انتخاب کے لئے یوپی ایس آر ایل ایم، لکھنؤ کے سینئر عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے طلبہ کی رہنمائی کے لئے اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

مسٹر سعد حمید، ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر (جنرل) نے حکومت اترپردیش کے باوقار فلیگ شپ پروگرام میں اے ایم یو سے نوجوان صلاحیتوں کی شناخت کرنے اور انھیں موقع فراہم کرنے کے لئے یو پی ایس آر ایل ایم کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مستقبل میں بھی اشتراک و تعاون کی امید ظاہر کی۔ سوشل ورک شعبہ کے پلیسمنٹ کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد طاہر اور ڈاکٹر محمد عارف خان نے منتخب ہونے والے طلبہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پلیسمنٹ مہم کے لئے صدر شعبہ، یوپی ایس آر ایل ایم کے اہلکاروں اور ٹی پی او جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

شعبہ کے اساتذہ ڈاکٹر قرۃ العین علی، ڈاکٹر شائنا سیف، ڈاکٹر عندلیب، ڈاکٹر محمد عذیر اور ڈاکٹر سمیرا خانم نے مستقبل کی پلیسمنٹ مہم میں بھی طلبہ کو مکمل تعاون و رہنمائی فراہم کرنے کا یقین دلایا۔