یوپی:ایک لاکھ سے زیادہ لاؤڈ اسپیکرزہٹے، دوبارہ نہ لگیں:یوگی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 08-05-2022
یوپی:ایک لاکھ سے زیادہ لاؤڈ اسپیکرزہٹے، دوبارہ نہ لگیں:یوگی
یوپی:ایک لاکھ سے زیادہ لاؤڈ اسپیکرزہٹے، دوبارہ نہ لگیں:یوگی

 

 

 

جھانسی: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز دعوی کیا کہ ریاست میں اب تک ایک لاکھ سے زیادہ لاؤڈ اسپیکرز کو ہٹایا گیا ہے اور حکام کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہٹائے گئے لاؤڈ اسپیکرز کو دوبارہ استعمال نہ کیا جائے۔

ہفتہ کی شام جھانسی پہنچنے والے وزیر اعلیٰ یوگی نے عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا ڈویژنل جائزہ لیا اور دعویٰ کیا کہ ریاست میں اب تک ایک لاکھ سے زیادہ لاؤڈ سپیکرہٹائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہٹائے گئے لاؤڈ سپیکر کو دوبارہ آن نہ کیا جائے۔

یوگی نے کہا کہ مذہبی تقریبات کو مذہبی مقامات کے احاطے میں ہی محدود رکھا جانا چاہئے، سڑک پر کوئی تہوار منعقد نہیں کیا جانا چاہئے اور ان تقریبات سے عام شہریوں کی نقل و حرکت میں کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔

قابل ذکر ہے کہ ریاست میں مذہبی مقامات پر نصب غیر قانونی لاؤڈ اسپیکروں کو ہٹانے اور دیگر لاؤڈ اسپیکروں کی آواز کو مقررہ حد تک محدود کرنے کی مہم 25 اپریل کو شروع ہوئی تھی اور یکم مئی تک چلی تھی۔

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (امن و امان) پرشانت کمار نے لکھنؤ میں جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ تمام مذہبی مقامات سے غیر قانونی طور پر نصب لاؤڈ اسپیکرز کو بغیر کسی تفریق کے ہٹایا جا رہا ہے اور ایسے تمام لاؤڈ اسپیکروں کو غیر قانونی کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔

کمار نے یہ بھی کہا تھا کہ لاؤڈ سپیکر سے متعلق کاروائی کے دوران ہائی کورٹ کے احکامات کو بھی ذہن میں رکھا جا رہا ہے۔ جھانسی میں ڈویژنل جائزہ کے علاوہ وزیر اعلیٰ یوگی پینے کے پانی کی اسکیم کی زمینی حقیقت جاننے کے لیے ترقیاتی بلاک بابینا گئے۔

انہوں نے عہدیداروں کو ترقیاتی منصوبہ جات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی اور انتباہ دیا کہ جو کمپنیاں وقت پر منصوبوں کو مکمل نہیں کرتیں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ انہوں نے لینڈ مافیا کے خلاف سختی اور امن و امان برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔