یوپی:چوتھے مرحلے میں5بجے تک57.45فیصدی ووٹنگ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-02-2022
یوپی:چوتھے مرحلے میں5بجے تک57.45فیصدی ووٹنگ
یوپی:چوتھے مرحلے میں5بجے تک57.45فیصدی ووٹنگ

 

 

 آواز دی وائس،لکھنؤ

 اترپردیش میں چوتھے مرحلے کے تحت 9اضلاع کی 59سیٹوں پر جاری ووٹنگ میں شام 5 بجے تک57.45فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے موصول اطلاع کے مطابق شام پانچ بجے تک ضلع لکھیم پوری کھیری میں سب سے زیادہ 62.45فیصدی اور اناؤ میں میں سب سے کم 54.12فیصدی ووٹنگ ہوئی ہے۔

دیگر اضلاع میں باندہ میں57.48فیصدی،فتح پور میں56.96فیصدی،،ہردوئی میں 55.40فیصدی،، لکھنؤ میں54.98فیصدی، پیلی بھیت میں 61.42فیصدی ،رائے بریلی میں 58.32فیصدی اور سیتا پور میں58.30فیصدی رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا ہے۔

ضلع باندہ سے موصول اطلاع کے مطابق نرینی اسمبلی حلقے کے دشرتھ پورواگاؤں میں آوارہ مویشیوں کے مسائل سے پریشان ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے والے مقامی افراد پولنگ شروع ہوئے 7گھنٹوں کے بعد حکام کے مسائل کے تدارک کے تیقن کے بعد ووٹنگ کے لئے آمادہ ہوگئے۔

ڈی ایم انوراگ پٹیل نے بتایا کہ گئو شالہ کے سلسلے میں دشرتھ پوروا گاؤں میں مقامی افراد نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیاتھا۔پورا معاملہ گئو شالہ سے وابستہ ہے۔ وہاں ایک غیر مستقبل گئو شالہ ہے جس میں لوگوں کو شکایت کہ ہے مویشی ہمیشہ گئو شالہ سے باہر رہتے ہیں۔

بائیکاٹ کے اطلاع ملنے کے بعد حکام موقع پر پہنچے اور مقامی افراد کو مسائل کے تدارت کا تیقن دیا جس کے بعد وہ ووٹنگ کے لئے راضی ہوگئے۔انہوں نے مقامی مکنیوں سے اپیل کی کہ وہ چھ بجے تک پولنگ اسٹیشن کے اندر آجائیں تاکہ سبھی کے ووٹنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔

لکھیم پور کھیر ی سے موصول اطلاع کے مطابق دھورہرا اسمبلی حلقے میں الیکشن افسر کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔وہ بوتھ نمبر 145پر تعینات تھے۔وہیں سماج ودی پارٹی نے متعدد پولنگ بوتھوں کا نام کے ساتھ ذکر کر کے بوتھ کیپچرنگ اور فرضی ووٹ ڈلوائے جانے کے الزامات کے ساتھ کئی ٹوئٹ کئے۔

اس مرحلے میں 2.13کروڑ ووٹر بشمول 1.14کروڑ مرد اور99لاکھ خواتین 624امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ کررہے ہیں اس میں 91خاتون امیدوار بھی شامل ہیں۔یوگی کابینہ کے چار وزراء بشمول وزیر قانون برجیش پاٹھک، شہری ترقیات کے وزیر آشوتوش ٹنڈن،خوراک و سپلائی وزیر رنویندر پرتاپ سنگھ اور وزیر جیل جئے کمار سنگھ انتخابی میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ بوتھوں پر پرامن طریقے سے ووٹنگ جاری ہے کہیں سے بھی کسی قسم کے ناخشگوار واقعات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ووٹروں میں ووٹنگ کے لئے کا جوش دیکھا جارہی ہے۔شام 6بجے ووٹنگ کا طے شدہ وقت ہے اس کے بعد پولنگ سنٹر کے اندر داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ جو ووٹر اس وقت تک قطار میں لگ جائیں گے انہیں ووٹنگ کا موقع دیا جائےگا۔ کووڈ پروٹوکول کے تحت ووٹروں کو صرف ماسک پہن کر پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر سینیٹائزر اور تھرمل اسکیننگ سمیت دیگر انتظامات بھی کیے ہیں۔ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے کے لئے کئی جگہوں پر آدرش پولنگ بوتھ اور سیلفی پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔

لکھنؤ میں بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) صدر مایاوتی ،وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے علاوہ نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما، وزیر قانون برجیش پاٹھک، بی ای سپی سکریٹری ستیش چندر مشرا، اقلیتی امور کے وزیر محسن رضا، مملکتی وزیر کوشل کشور، وزیر آشوتوش ٹنڈن، مہندر سنگھ، ایم ایل اے پنکج سنگھ نے اپنی حق رائے دیہی کا استعمال کیا۔