یوپی : بی جے پی ممبر اسمبلی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
 یوپی : بی جے پی ممبر اسمبلی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت
یوپی : بی جے پی ممبر اسمبلی کی دل کا دورہ پڑنے سے موت

 

 

لکھیم پور: لکھیم پور کھیری ضلع کے گولا اسمبلی کے ایم ایل اے اروند گری کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ وہ صبح اپنے گھر سے لکھنؤ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ راستے میں جیسے ہی ان کی گاڑی اٹریا پہنچی تو انہیں سینے میں درد محسوس ہوا، ان کے ساتھ موجود لوگوں نے انہیں نجی اسپتال میں داخل کرایا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ایم ایل اے کی اچانک موت سے سبھی صدمے میں ہیں۔ اروند گری گولا اسمبلی سے پانچویں بار الیکشن جیت کر اسمبلی پہنچے تھے۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اروند گری کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کے بے وقت انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے، سی ایم یوگی نے ٹویٹ کیا، 'لکھیم پور کھیری ضلع کے گولا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی ایم ایل اے شری اروند گری جی کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔

 میری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ بھگوان مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور سوگوار کنبہ کے افراد کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے۔ ' سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بی جے پی ایم ایل اے کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔

بی جے پی ایم ایل اے کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’لکھیم پور کھیری کے گولا سے بی جے پی ایم ایل اے شری اروند گری جی کی اچانک موت، انتہائی افسوسناک! سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت۔ بھگوان مرحوم کی آتما کو شانتی دے۔

اروند گری 30 جون 1958 کو پیدا ہوئے۔ 1994 میں، گری نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز سماج وادی پارٹی سے کیا۔ ایک سال بعد وہ 1995 میں گولا میونسپلٹی کے صدر بنے، ایک سال بعد یعنی 1996 میں وہ پہلی بار ایس پی کے ٹکٹ پر 49 ہزار ووٹوں سے جیت کر اسمبلی پہنچے۔ 2000 میں وہ ایک بار پھر بلدیہ کے چیئرمین بنے۔

یاد رہے کہ 2002 میں ایک بار پھر گری ایس پی کے ٹکٹ پر اسمبلی پہنچے۔ 2007 میں ایس پی کے ٹکٹ پر تیسری بار اسمبلی پہنچے، سال 2012 میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر جیت کر اسمبلی پہنچے۔ سال 2017 میں ایک بار پھر گری نے اپنی سیاسی پارٹی بدل کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور پھر اس بار وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر جیت کر اسمبلی پہنچے۔ 2022 میں بھی انہوں نے بی جے پی کے ٹکٹ پر اسمبلی کا سفر کیا۔ گری کی اچانک موت پر پورے ضلع میں سوگ کی لہر ہے۔