اَن لاک-4: بہار میں 7 جولائی سے اسکول و کالج کھولنے کی اجازت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-07-2021
اسکول و کالج کھولنے کی اجازت
اسکول و کالج کھولنے کی اجازت

 

 

 پٹنہ: بہار میں کورونا انفیکشن کے معاملے میں آئی کمی کے بعد آج ریاستی حکومت نے ان لاک 4 کا اعلان کرتے ہوئے سات جولائی سے اسکول اور کالج کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آفات مینجمنٹ گروپ ( سی ایم جی) کی میٹنگ کے بعد خود سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کے ان لاک 4 میں دی گئی رعایتوں سے متعلق جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال جائزہ لینے کے بعد سبھی سرکاری، غیر سرکاری دفاتر کو معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اب جنہوں نے ٹیکہ لے لیا ہے وہ لوگ دفاتر میں داخل ہوسکیں گے۔

 نتیش کمار نے کہا کہ یونیورسیٹی، سبھی کالج، تکنیکی ٹریننگ ادارے، سرکاری ٹریننگ ادارے، گیارہویں اور بارہویں تک کے اسکول 50 فیصد طلبا کی حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے بالغ طلباء۔ طالبات، اساتذہ اور ملازمین کے لئے ٹیکہ کاری کا خصوصی نظم ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریسٹورینٹ اور کھانے کی دکانوں کا آپریشن 50 فیصد بیٹھنے کی صلاحیت کے ساتھ ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔