آیوش کی وزارت سے طب یونانی سے وابستہ افراد کا مطالبہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2021
ریاستی وزیر  آیوش دھرم سنگھ سینی کو میمورنڈم دیتے ہوئے ڈاکٹر انور سعید
ریاستی وزیر آیوش دھرم سنگھ سینی کو میمورنڈم دیتے ہوئے ڈاکٹر انور سعید

 

 

فیروز خان، دیوبند

دیوبند،سہارنپور:نیشنل کاونسل آف انڈین سسٹم آف میڈیسین(National council of Indian System of Medicine) کے نفاذ کے بعد طب یونانی کے ڈاکٹروں، دواساز کمپنیوں اور تعلیمی اداروں میں ایک عام سی بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ جب اس قانون کا مسودہ تیار کیا گیا تھا تو اس میں یونانی طب کے لئے الگ سے ایک تین رکنی بورڈ کے قیام کی بات کہی گئی تھی۔ تاہم قانون کے نفاذ کے بعد یونانی طب جیسی مشہور زمانہ طب کو دوسری نسبتاً غیر معروف طب کے ساتھ ضم کر دیا گیا اور اب طب یونانی کی حیثیت ایک ماتحت طب کی سی ہو گئی۔

اسی سلسلے میں سنٹرل کاؤنسل آف انڈین میڈیسین نئی دہلی کے سابق رکن و بورڈ آف انڈین میڈیسن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر انور سعید نے حکومت ہند سے یہ دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے یونانی طب کو اس کا جائز مقام اور حق عطا کریں۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر انور سعید نے ریاستی وزیر آیوش دھرم سنگھ سینی سے ملاقات کر اپنی مانگوں سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا۔

اس میں ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مرکزی حکومت سے نیشنل کاؤنسل آف انڈین سسٹم آف میڈیسن کے قیام کے لئے ضروری تبدیلیاں کرکے ایک علیحدہ بورڈ آف یونانی سسٹم کو قائم کرے۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں و ڈسپنسریوں میں جو جگہ اب تک خالی ہیں انہیں جلد از جلد یونانی گریجویٹ کا تقرر کرتے ہوئے پر جائے، ساتھ ہی یونانی سرجری کو بھی وہی سہولیات و اختیارات دیئے جائیں جو آیورویدک میں سرجری کو حال ہی میں دیئے گئے ہیں چونکہ یونانی و آیوروید میں کوئی خاص فرق نہیں ہے سوائے اس کے کہ آیوروید سنسکرت و ہندی میں پڑھائی جاتی ہے اور یونانی کی تدریسی زبان اردو ہے۔

ڈاکٹر انور سعید سے میمورنڈم لینے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر آیوش ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ طب یونانی کی جتنی اکائیاں چاہے وہ تعلیمی ہوں چاہے دواساز کمپنیاں ہوں۔

انہوں نے ہمیشہ ہر مصیبت کی گھڑی میں سرکار کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔ آیوروید یا ہومیوپیتھی جس طریقے سے ملک میں کام کرتی ہیں یونانی پیتھی بھی اس میں کہیں بھی پیچھے نہیں ہے وہ بھی نیشنل ہیلتھ سسٹم میں آیوروید وغیرہ کی طرح ہی اپنے کام کو بخوبی انجام دیتی ہیں۔

ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی نے کہا کہ طب یونانی سے جڑے افراد کی جو مشکلات ہیں ، وہ انہیں ہرممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں گے اور ان کی باتوں کو حکومت تک پہنچائیں گے۔