امید فوڈ ہاؤس: جہاں فراہم کیا جاتا ہے ضرورت مندوں کو کم قیمت پر کھانا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-05-2022
امید فوڈ ہاؤس: جہاں فراہم کیا جاتا ہے ضرورت مندوں کو کم قیمت پر کھانا
امید فوڈ ہاؤس: جہاں فراہم کیا جاتا ہے ضرورت مندوں کو کم قیمت پر کھانا

 

 

شاہ تاج خان، پونے

کھانا انسان کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہے، مگر کھانا آسانی سے نہیں مل پاتا ہے، اس کے لیے بہت زیادہ تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔اس کے باوجود بھی بہت سے لوگ دو وقت شکم سیر ہوکر نہیں کھا پاتے ہیں،انہی لوگوں کی ضرورت کو دھیان میں رکھتے ہوئے امید فوڈ ہاوس کی جانب سے غریب لوگوں کو صرف پانچ روپئے میں کھانا فراہم کرنے کا سلسلہ بنایا گیا ہے۔  

یہ خبر کچھ لوگوں کے لیے خوش آئند ہے کہ عید کے پرمسرت موقع پر لوگوں کی ڈیمانڈ کے پیش نظر امید فوڈ ہاؤس میں شیر خرما دستیاب کرایا۔ یہ کوئی عام بات نہیں ہے لیکن بہت خاص ہے۔ اس کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ یہ دعوت فوڈ ہاؤس میں دی گئی جہاں ایک شخص کو پانچ روپے میں روزانہ کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔

امید فوڈ ہاوس کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پرشیرخرما فراہم کیا گیا۔ نیز شیر خرما لینے والے افراد نے فی کس پانچ روپےادا کئے۔

باہر وباکا خوف، گھر میں بھوک کا خوف

امید فاؤنڈیشن کے صدر پرویز فرید کی کوششوں کے نتیجے میں 2020 میں لاک ڈاؤن کے دوران شروع ہونے والے امید فوڈ ہاؤس نے ایک دن کی بھی چھٹی نہیں کی۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بھوک ہڑتال روز لگتی ہے۔

ریاست تھانے کے ممبرا میں امید فوڈ ہاؤس کے قیام کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرویز فرید کہتے ہیں کہ اچانک لاک ڈاؤن نے لوگوں کو بہت پریشانی میں ڈال دیا۔ مسئلہ آیا تو لوگ اپنے اپنے طریقے سے مدد کرنے لگے۔ ہم اپنی ٹیم کے ساتھ راشن کٹس لے کر لوگوں تک پہنچے۔ لیکن ہم نے دیکھا کہ ہم انہیں راشن دیں گے لیکن لوگ دال چاول کیسے پکائیں گے۔ اسے کچا نہیں کھا سکتے۔ ان لوگوں کے پاس کھانا پکانے کے لیے نہ لکڑی تھی اور نہ ہی مٹی کا تیل اور گیس سلنڈر تھے۔

awaz

کھانے کی تیاری کا منظر


پرویز فرید مزید بتاتے ہیں کہ پھر ہم نے کھانا پکا کر لوگوں کو تقسیم کرنا شروع کیا جو مسلسل جاری ہے۔

کوئی بھوکا نہ رہے

امید فوڈ ہاؤس کا کچن سری لنکا کے دیوری پاڑا ممبرا میں ہے۔ جہاں کھانا پکایا جاتا ہے۔ پھر ڈیسر ٹھاکر پاڑا اور سہارا کالونی کے ڈسٹری بیوشن سنٹر میں لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

ان فوڈ ہاؤسز کے ذریعے 500 سے زائد افراد کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ سہولت کچی بستیوں میں رہنے والے مزدوروں اور غریب بے سہارا لوگوں کو دی جاتی ہے۔ جب پرویز فرید سے پوچھا گیا کہ کیا یہاں سے کوئی کھانا لے جا سکتا ہے تو انہوں نے بتایا کہ ہم نے ان تمام لوگوں کا سروے کیا ہے جو کھانا لینے آتے ہیں اور ہمارے پاس ان کے بارے میں مکمل معلومات ہیں۔

awaz

سستا مگر باعزت کھانا سب کے لیے راحت


اگر کوئی پہلی بار کھانا لینے آتا ہے تو ہم کھانا دیتے ہیں تاہم اسےایک فارم بھرنا ہوتا ہے۔ پھر ان کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد کارڈ جاری کیا جاتا ہے۔اس کا روزانہ اندراج بھی ہوتا ہے۔

پانچ روپے فی کس کیوں؟

پرویزفرید سے پوچھا گیا کہ پانچ روپے میں کھانا دینے کی کوئی خاص وجہ؟ انہوں نے بتایا کہ یہاں کی کچی آبادیوں میں رہنے والے محنت مزدوری کرکے اپنا پیٹ بھرتے ہیں۔

awaz

گھر گھر کی پسند


وہ مجبوری کی وجہ سے یہاں آتا ہے۔ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو اور وہ آرام سے کھانا کھائے، اس لیے قیمت مقرر کی گئی تھی، انہیں مفت نہیں دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ روزانہ بغیر کسی جھجک کے یہاں کھانا لینے آتے ہیں۔

بھوکوں کے لیے

کھانا لینے کے لیے لائن میں کھڑی ایک خاتون نے بتایا کہ پانچ روپے میں اتنا کھانا ملتا ہے کہ پیٹ بھر کر کھانا کھاتے ہیں۔ یہاں ہر روز مختلف کھانے ملتے ہیں۔ کبھی کھچڑی، کبھی دال، چاول اور کبھی بریانی بھی ملتی ہے۔

اس بارے میں پرویز فرید نے بتایا کہ بریانی پکتی ہے تو کیا لوگوں سے زیادہ پیسے لیے جاتے ہیں؟ اس نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ کھچڑی ہو یا چکن بریانی، فی کس پانچ روپے دینے پڑتے ہیں، نہ کم نہ زیادہ۔

عید کی سوغات

گزشتہ سال بھی امید فوڈ ہاؤس میں تقریباً 2000 لیٹر شیر خرما تیار کیا گیا تھا۔ اس بار بھی لوگوں کی فرمائش پر ادارہ کی جانب سے شیر خرما فراہم کیا گیا۔

پرویزفرید نےبتایا کہ ہمارے بہت سے ساتھی مدد اور تعاون کے لیے آگے آ رہے ہیں۔ اس لیے یہ کام بغیر رکے جاری رہتا ہے۔ ہر ماہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں جو کہ مختلف لوگوں کے تعاون سے ہی ممکن ہوا ہے۔

awaz