یوکرین بحران: مودی نے پوتن سے کہا۔۔۔ ہندوستانی باشندوں کی حفاظت سب سے اہم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-02-2022
یوکرین بحران: مودی نے پوتن سے کہا۔۔۔ ہندوستانی باشندوں کی حفاظت اور واپسی  سب سے اہم
یوکرین بحران: مودی نے پوتن سے کہا۔۔۔ ہندوستانی باشندوں کی حفاظت اور واپسی سب سے اہم

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

یوکرین اور روس کی جنگ کے دوران جمعرات کی شب روس کے صدر ولا دیمیر پوتن نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات کی۔

صدر پوتن نے وزیراعظم مودی کو یوکرین کے حوالے سے حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے اپنے دیرینہ یقین کا اعادہ کیا کہ روس اور نیٹو کے درمیان اختلافات کو ایماندارانہ اور مخلصانہ بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے

وزیر اعظم مودی نے روسی صدر پوتن کو یوکرین میں ہندوستانی شہریوں بالخصوص طلباء کی حفاظت کے بارے میں ہندوستان کے خدشات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ہندوستان ان کے محفوظ اخراج اور ہندوستان واپسی کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔

پی ایم مودی اور صدر پوتن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کے عہدیدار اور سفارتی ٹیمیں اہم دلچسپی کے امور پر باقاعدہ رابطے جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم مودی کی اہم میٹنگ 

روس اور یوکرین کی جنگ نے دنیا کو پریشان کردیا ہے۔ جنگ کے آغاز کے ساتھ ہی وجہ سے وہاں کی فضائی حدود بند ہوگئیں جس کی وجہ سے ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کے لیے گئی ایئر انڈیا کی خصوصی پرواز کو بھی راستے سے ہی واپس لوٹنا پڑا۔ تاہم مرکزی حکومت نے یوکرین میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کے لیے پلان بی پر کام شروع کر دیا ہے۔

اس کے لیے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی ہے۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر، کابینہ سکریٹری اور قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال بھی موجود تھے۔

دوسری جانب یوکرین سے ہندوستانی شہریوں کے سرحد پار کر کے ہنگری، پولینڈ، سلوواک ریپبلک اور رومانیہ پہنچنے کا امکان ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اس امکان کے پیش نظر ان چار ممالک کے ہندوستانی سفارت خانوں سے خصوصی ٹیمیں یوکرین سے متصل سرحدی چوکی پر بھیجی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں وہاں پہنچنے والے ہندوستانیوں کے دستاویزات کو مکمل کرنے میں مدد کریں گی۔