یوکرین بحران: اعلی سطحی میٹنگ میں حالات پر غور و خوص

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-02-2022
یوکرین بحران: اعلی سطحی میٹنگ میں حالات پر غور و خوص
یوکرین بحران: اعلی سطحی میٹنگ میں حالات پر غور و خوص

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی 

یوکرین کی صورتحال کے پیش نظر نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کمیٹی آف سیکورٹی کی میٹنگ ہوئی۔ ملاقات کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ تمام ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کے معاملے پر بات ہوئی ہے۔ حکومت کی پوری توجہ اپنے لوگوں کو ملک میں لانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یوکرین میں حالات جلد معمول پر آ جائیں۔ وزیر اعظم کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر، وزیر داخلہ امیت شاہ، این ایس اے اجیت ڈوبھال اور وزارت خارجہ اور دفاع کے سینئر افسران موجود تھے۔

 وزیر دفاع سنگھ نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یوکرین کے وزیر خارجہ سے بات کی ہے۔ ہم اپنے تمام طلباء کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی سی ایس میٹنگ میں ہندوستان کا یو این ایس سی میں جانا، جنگ کی تازہ ترین صورتحال، بین الاقوامی پیش رفت، عالمی رہنماؤں کے ردعمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یوکرین سے ہندوستانیوں کو لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ یوکرین میں حملے سے قبل 23 فروری کو ایئر انڈیا کا ایک طیارہ 242 افراد کو لے کر دہلی پہنچا تھا۔ 24 فروری کو روس نے یوکرین پر حملہ کیا جس کے بعد وہاں طیاروں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ ہفتہ کی صبح ایئر انڈیا کا ایک اور طیارہ بوڈاپیسٹ، رومانیہ سے 219 ہندوستانیوں کو لے کر ممبئی کے لیے روانہ ہوا۔ جنگ کے بعد یہ پہلا دستہ ہوگا جو ہندوستان پہنچے گا۔ 

مرکزی حکومت نے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لیے مزید چار طیارے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں، یوکرین میں ہندوستانی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کے لیے ایک نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جب تک ہندوستانی سفارت خانے سے اجازت نہیں مل جاتی لوگ سرحد کی طرف گھر سے باہر نہ نکلیں۔