کشمیر:پٹن علاقے میں جیش محمد کے دو جنگجو گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
  کشمیر:پٹن علاقے میں جیش محمد کے دو جنگجو گرفتار
کشمیر:پٹن علاقے میں جیش محمد کے دو جنگجو گرفتار

 


آواز دی وائس،سری نگر

جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے سے جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو سرگرم جنگجوؤں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ دو جنگجو ایک گاڑی میں سری نگر کی طرف جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج کی 29 آر آر اور 2 ایس ایس بی کی ایک مشترکہ ٹیم نے قومی شاہراہ پر مختلف مقامات اور دیگر جگہوں پر ناکے لگا دئے۔ ان کا بیان میں کہنا تھا کہ اس دوران پٹن علاقے میں ایک تیز رفتار تویرا گاڑی کو مشکوک حالت میں آتے ہوئے دیکھا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس گاڑی کو جب ایک ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو گاڑی اچانک رک گئی اور گاڑی کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی فوراً گاڑی سے نیچے اتر گئے اورنزدیک ہی واقع ایک باغ کی طرف بھاگ گئے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ان کا تعاقب کرکے ان کو دھر لینے میں کامیابی حاصل کی۔ گرفتار شدگان کی شناخت عاقب محمد میر ولد محمد رمضان میر ساکن بٹہ پورہ سوپور اور دانش احمد ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن چنکن سوپور کے بطور ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا: ’ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار شدگان جیش محمد نامی جنگجو تنظیم کے ہائی برڈ ماڈیول سے وابستہ تھے اور وہ عوامی نمائندوں، اقلیتی فرقے کے لوگوں اور غیر مقامی لوگوں پر حملے کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے‘۔

پولیس بیان میں کہا گیا کہ تویرا گاڑی کو ضبط کیا گیا اور تلاشی کے دوران اس سے چینی ساخت کے دو پستول، ان کے دو میگزین، دس گولیاں اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ ان دو جنگجوؤں کی گرفتاری سے ملٹنسی سے متعلق ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا اور ایک ملی ٹنٹ ماڈیول کو تباہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔